جمعہ : 20 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان : طالبان نے ڈی ڈبلیو کے ايک صحافی کے رشتہ دار کو قتل کر دیا[/pullquote]

طالبان جنگجوؤں نے افغانستان میں ڈی ڈبلیو کے ایک صحافی کے ایک رشتہ دار کو قتل کر دیا ہے۔ طالبان نے انہیں ڈھونڈنے کے لیے گھر گھر تلاشی لی۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں صحافی کا ایک اور قریبی رشتہ دار شدید زخمی ہوا ہے۔ ڈی ڈبلیو کے ڈائریکٹر جنرل پیٹر لمبرگ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے افغانستان میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو لاحق خطرات کا پتا چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان ایک منظم انداز سے صحافیوں کو تلاش کرنے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور ایسے میں کابل سمیت افغانستان بھر سے ان صحافیوں کو ریسکیو کرنے کے لیے زیادہ وقت دستیاب نہیں ہے۔ ڈی ڈبلیو اور دیگر جرمن میڈیا اداروں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ریکسیو کارروائی میں تیزی لائے۔

[pullquote]ایتھوپیا میں انسانی صورتحال ’جہنم‘ جیسی ہو چکی ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے ایتھوپیا کے علاقے تیگرے میں گزشتہ نو ماہ سے جاری مسلح تنازعے کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال کو ’جہنم‘ قرار دیا ہے۔ آبادی کے اعتبار سے افریقہ کے دوسرے بڑے ملک ایتھوپیا میں تیگرے کے خطے میں حکومتی فورسز باغیوں کے خلاف لڑ رہی ہیں، تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے فوج پر انسانی حقوق کی پامالیوں کے اعتبار سے شدید نوعیت کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ عالمی تنظیموں کے مطابق متاثرہ خطے میں خوراک کا بحران بھی پیدا ہو چکے ہے اور لاکھوں افراد فوری امداد کے منتظر ہیں۔

[pullquote]ادلب میں شامی حکومتی شیلنگ کے نتیجے میں آٹھ بچے ہلاک، مانیٹر گروپ[/pullquote]

شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شامی صوبے ادلب میں باغیوں کے زیرقبضہ علاقے پر گزشتہ دو روز میں ہونے والی حکومتی شیلنگ کے نتیجے میں آٹھ بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔ آبزرویٹری کے مطابق ادلب کے شمال مغربی کنسافرا کے گاؤں پر توپ خانے کے ذریعے شیلنگ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچوں میں سے چار کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ اس سے قبل قریبی گاؤں بلشون میں بھی حکومتی فورسز کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی تھی۔

[pullquote]جرمن چانسلر میرکل کی روسی صدر پوٹن سے ملاقات، افغانستان کا موضوع سرفہرست[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کر رہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ اس ملاقات میں افغانستان پر طالبان جنگجوؤں کے قبضے کا موضوع اہم ہو گا تاہم آج جمعے کے روز ہی صدر پوٹن کے ناقد رہنما الیسکی ناولنی پر زہر حملے کو ایک برس بھی مکمل ہو رہا ہے۔ 20 اگست 2020 کو الیکسی ناولنی پر زہریلے کیمیائی مادے نوواچوک سے کیے گئے حملے کا الزام ماسکو حکومت پر عائد کیا گیا تھا۔ جرمنی میں علاج کے بعد 17 جنوری کو ناولنی دوبارہ روس پہنچے تھے اور تب سے وہ زیرحراست ہیں۔ ماسکو حکومت تاہم ان الزامات کو مسترد کرتی آئی ہے۔

[pullquote]بلغاریہ میں حکومت سازی کی کوششیں ناکام، ممکنہ طور پر دوبارہ انتخابات[/pullquote]

بلغاریہ میں قدامت پسند جماعت GERB حکومت سازی کی کوششوں میں ناکام ہو گئی ہے اور اب وہاں ممکنہ طور پر دوبارہ انتخابات ہوں گے۔ گزشتہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کوئی بھی جماعت اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائی تھی اور تب سے ایک اتحادی حکومت کے قیام کی کوششیں جاری ہیں۔ قدامت پسند جماعت سے قبل آئی ٹی این جماعت نے بھی حکومت قائم کرنے کی کوشش کی، تاہم یہ کوششیں کامیاب نہ ہوئیں۔ بلغاریہ کی 240 رکنی پارلیمان میں آئی ٹی این جماعت کو سب سے زیادہ 63 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔

[pullquote]سیلاب کی وجہ سے اموات، ذمہ داروں سے جواب لیا جائے گا: لی کیچیانگ[/pullquote]

چینی وزیراعظم لی کیچیانگ نے کہا ہے کہ حالیہ سیلابوں میں حکام کی جانب سے کی جانے والی غلطیوں پر جواب طلبی ہو گی۔ یہ بات اہم ہے کہ حالیہ سیلابوں میں ہینان صوبے میں تین سو سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ صرف اس صوبے کے دارالحکومت زیہنگ زو شہر میں دو سو بانوے افراد بارشوں کی وجہ سے ہلاک ہو گئے تھے۔ شدید بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے شہر کی ایک سب وے شدید متاثر ہوئی تھی جہاں سینکڑوں افراد ایک ٹرین میں پھنس گئے تھے اور سیلابی پانی اس ٹرین میں داخل ہو گیا تھا۔ چین میں 1998 کے بعد یہ شدید ترين سیلابی صورت حال تھی۔

[pullquote]افغان مہاجرین کا ایتھنز میں طالبان کے خلاف مظاہرہ[/pullquote]

یونانی دارالحکومت ایتھنز میں سینکڑوں افغان مہاجرین نے افغانستان پر طالبان کے قبضے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ان مہاجرین کا کہنا ہے کہ ان کے رشتہ داروں کی سلامتی خطرے میں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایتھنز میں یونانی پارلیمان کے سامنے پانچ سو افغان مہاجرین جمع ہوئے جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔ یہ افراد ’ہمیں افغانستان میں شدت پسند نہیں چاہیے‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر ان مظاہرین نے افغانستان کا قومی پرچم اٹھا رکھا تھا۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق یونان میں چالیس ہزار افغان تارکین وطن موجود ہیں۔

[pullquote]اتوار سے اب تک 18 ہزار افراد کو کابل ایئر پورٹ سے ریسکیو کیا جا چکا، نیٹو[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد سے اب تک 18 ہزار افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ نیٹو کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں کہا کہ اب بھی بہت بڑی تعداد میں لوگ ایئر پورٹ پر موجود ہیں اور افغانستان سے نکلنے کی کوششوں میں ہیں۔ دوسری جانب طالبان کا کہنا ہے کہ متعدد ممالک اور تنظیموں کی جانب سے شہریوں اور ملازمین کے انخلا کے لیے ان سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ طالبان نے غیر متوقع طور پر اتوار کے روز افغان دارالحکومت کابل پر قبضہ کر لیا تھا جب کہ صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہو گئے تھے۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ملین کا ہندسہ عبور کر گئی[/pullquote]

تھائی لینڈ میں جمعے کے روز کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ملین کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں سے ستانوے فیصد کیسز پچھلے پانچ ماہ میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز ملک میں قریب 20 ہزار افراد میں اس وائرس کی تشخص ہوئی جب کہ 240 افراد ہلاک ہوئے۔ کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے اب تک تھائی لینڈ میں کووِڈ انیس کے نتیجے میں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں آٹھ ہزار آٹھ سو چھبیس ہیں۔ تھائی لینڈ میں گو کہ وبا کو قابو میں رکھنے کے لیے اقدامات نہایت عمدہ رہے ہیں، تاہم ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ نے صورت حال کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔

[pullquote]شام میں ایران نواز جنگجوؤں کے خلاف اسرائیلی فضائی حملے[/pullquote]

اسرائیلی طیاروں نے مغربی شام میں ایران نواز جگنجوؤں کی چوکیوں اور ہتھیاروں کے گودام کو نشانہ بنایا ہے۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ حملے لبنانی سرحد کے قریب حزب اللہ کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔ شامی میڈیا نے بھی ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دمشق اور حمص کے نواحی علاقوں میں اسرائیلی طیاروں نے حملے کیے۔ تاہم دمشق حکومت کا کہنا ہے کہ ان طیاروں کی جانب سے داغے گئے زیادہ تر میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے گئے۔

[pullquote]سعودی عرب کی جانب سے یورپی یونین کے خلاف عالمی تجارتی تنظیم میں شکایت[/pullquote]

سعودی عرب نے یورپی یونین کی جانب سے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز کے نفاذ پر ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں شکایت داخل کروائی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یورپی یونین نے پلاسٹک کی بوتلوں اور سینتھیٹک فائبر بنانے کے لیے استعمال ہونے والے ایک کیمیائی مادے کی درآمد پر اضافی محصولات کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ سعودی موقف کے مطابق اضافی محصولات کے نفاذ کا فیصلہ ناجائز ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین کا موقف ہے کہ سعودی عرب اور امریکا سے درآمد کیے جانے والے اس کیمیائی مادے مونو ایتھلین گلیکول کی قیمت غیرمنصفانہ حد تک کم ہے اور اس سے یورپی بلاک کے پروڈیوسرز کو نقصان ہو رہا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے