بدھ : 15 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote] ایران اور افغانستان کے مابین فضائی رابطے بحال[/pullquote]

ایران اور افغانستان کے مابین فضائی رابطے بحال ہو گئے ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن العالم کے مطابق ایرانی مہان ہوائی جہاز بدھ کے روز مسافروں کو لے کر کابل پہنچا ہے۔ مشہد سے اڑنے والے اس ہوائی جہاز پر انیس مسافر سوار تھے۔ طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد ایران نے کابل کے لیے پروازوں کا سلسلہ منقطع کر دیا تھا۔ حال ہی میں پاکستان اور قطر کے ہوائی جہاز بھی کابل ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔

[pullquote]برطانیہ میں افراط زر کی شرح نو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی[/pullquote]

یورپی ملک برطانیہ میں افراط زر کی شرح گزشتہ نو برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اگست کے مہینے میں کنزیومر پرائسز انڈیکس (سی پی آئی) میں 3.2 فیصد کا اضافہ ہوا، جو کہ مارچ دو ہزار بارہ کے بعد بلند ترین اضافہ ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق افراط زر میں اضافے کی ایک وجہ کورونا وبا بنی ہے جبکہ آئندہ مہینوں میں بھی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ عارضی ہو سکتا ہے کیوں کہ حکومت معیشت کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات متعارف کروا رہی ہے۔

[pullquote]چینی سفیر کو برطانوی پارلیمان میں داخل ہونے سے روک دیا گیا[/pullquote]

برطانیہ میں تعینات چینی سفیر کو ملکی پارلیمان میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ چینی سفیر کی بدھ کے روز برطانوی پارلیمان میں ایک ملاقات طے تھی۔ ہاؤس آف کامنز کے اسپیکر لنڈسے ہوائل کا کہنا تھا کہ چینی سفیر زینگ زیگوانگ کا پارلیمان میں داخل ہونا ’مناسب‘ نہیں کیوں کہ چین نے سات برطانوی اراکین پارلیمان پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ان ساتوں اراکین پارلیمان نے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے حوالے سے بیجنگ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote]افغانستان سے مہاجرین کی بڑی لہر اٹھ سکتی ہے، یورپی یونین[/pullquote]

یورپی یونین کے سربراہ برائے خارجہ امور جوزیپ بوریل کے مطابق افغانستان سے لوگ بڑی تعداد میں نقل مکانی کر سکتے ہیں۔ یورپی پارلیمان سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد حالات مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں اور بہت زیادہ لوگ ملک سے نکل جانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق اس بحران زدہ ملک میں خوراک کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جبکہ مالیاتی نظام تیزی سے گراوٹ کا شکار ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق افغانستان کے 93 فیصد گھرانوں میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ بنیادی ضروریات کے شعبے تباہی کے دہانے پر ہیں۔ اندازوں کے مطابق افغانستان میں تقریباﹰ پینتیس لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]مغربی مالی امداد کی منصفانہ تقسیم کریں گے، طالبان کی یقین دہانی[/pullquote]

طالبان نے جنیوا میں افغان ڈونر کانفرنس میں وعدہ کردہ سینکڑوں ملین کی مالی امداد منصفانہ طریقے سے ضرورت مندوں تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ڈونر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد جاری رکھیں۔ ڈونر کانفرنس میں جرمنی اور فرانس نے ایک ایک سو ملین یورو فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اسی طرح امریکا نے ساٹھ ملین ڈالر کی مدد دینے کی حامی بھری ہے۔ واشنگٹن نے افغانستان میں امریکی فوجی کارروائی کے 20 سالوں میں دو کھرب سے زائد ڈالر خرچ کیے تھے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے میزائل تجربات جاری[/pullquote]

کروز میزائلوں کے تجربات کے چند ہی روز بعد شمالی کوریا نے دو بیلیسٹک میزائل تجربات کیے ہیں۔ جنوبی کوریائی حکام کے مطابق یہ دونوں میزائل جاپان کی سمت میں فائر کیے گئے۔ تاہم ابھی تک ان میزائلوں کی قسم اور ان کی پرواز کی رینج کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق شمالی کوریا کو بیلیسٹک میزائل تجربات کرنے کی اجازت نہیں ہے کیوں کہ ان میزائلوں کے ذریعے ایٹمی ہتھیار لے جائے جا سکتے ہیں۔ تاہم کروز میزائلوں کے تجربات پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔ اسی وجہ سے شمالی کوریا کروز میزائل ٹیکنالوجی میں ترقی کرتا جا رہا ہے۔

[pullquote]عالمی زرعی امداد زیادہ تر ماحولیاتی اور سماجی طور پر نقصان دہ ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایک تحقیق کے مطابق 87 فیصد عالمی زرعی سبسڈی مسابقت، ماحول اور چھوٹے کاروباروں کو نقصان پہنچاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے زرعی امداد کی تقسیم کے نئے طریقہ کار کا مطالبہ کیا ہے۔ عالمی سطح پر سالانہ تقریبا 457 ارب یورو کی سبسڈی فراہم کی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے 400 ارب یورو کو بہتر طریقے سے استعمال کیا جانا چاہیے۔ ایف اے او کے ڈائریکٹر جنرل کو ڈونگیو نے اس مطالعے کو ایک ویک اپ کال قرار دیا ہے۔

[pullquote]ہیٹی کے صدر کا قتل، تفتیش کاروں کا شُبہ ملکی وزیراعظم پر[/pullquote]

ہیٹی کے صدر جوونیل موئز کے قتل کے تقریباﹰ دو ماہ بعد تفتیش کاروں نے وزیراعظم ایریل ہینری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات پبلک پراسیکیوٹر کے ذمہ دار جج کو لکھے گئے ایک خط سے سامنے آئی ہے۔ تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ ملکی وزیراعظم پر کون سے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ کہا جا رہا ہے کہ اکہتر سالہ وزیراعظم نے ملکی صدر پر حملے کی رات مبینہ طور پر قتل میں ملوث ایک شخص کو کال کی تھی۔ ہیٹی کے صدر کو نامعلوم افراد نے ان کے گھر میں گھس کر قتل کر دیا تھا۔

[pullquote]جرمنی: ایران میں ممنوعہ برآمدات کے الزام میں ایک تاجر گرفتار[/pullquote]

جرمن پولیس نے ایران میں ممنوعہ برآمدات کے شبے میں ایک ایرانی نژاد جرمن تاجر کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس تاجر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام کے لیے لیبارٹری کا سامان فراہم کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایران میں جو ممنوعہ سامان برآمد کیا گیا ہے، اس کی مالیت ایک اعشاریہ ایک ملین یورو سے زائد بنتی ہے۔ علاوہ ازیں اس کیس میں ملوث دو دیگر افراد کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے لیکن ان دو ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے