شوہر نے باپ بھائیوں کے ساتھ مل کر بیوی کو فائرنگ کرکے مار ڈالا
کشمور کے نواحی گاؤں لشکر خان میں شوہر نے باپ اور بھائیوں کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کو بے دردی سے قتل کردیا۔
ضلع کشمور کے علاقے بخشاپور میں 10 اکتوبر کو دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس میں ملزم ذاکر سہریانی نے اپنے باپ عاشق سہریانی اور بھائی آصف سمیت دیگر کے ساتھ مل کر اپنی بیوی میمونہ سومرو پر تشدد کیا اورفائرنگ کرکے موت کی نیند سلادیا۔
قتل کے بعد ملزمان موقع سے فرارہوگئے تاہم مقتولہ کے ورثاء نے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے بیٹی کے قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی کشمور امجد شیخ کا کہنا ہے کہ بخشاپور پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایک ملزم سمیر سہریانی کو گرفتار کرلیا جب کہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مقتولہ میمونہ سومرو کی شادی 11 سال قبل ہوئی تھی۔ وہ ایک بچی کی ماں تھی۔
لاہور: محلے میں معمولی جھگڑے پر تین بھائیوں کو قتل کردیا گیا
لاہور: شاہدرہ میں محلے داروں میں معمولی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے تین بھائی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شاہدرہ کے علاقے جہانگیر ٹاؤن میں معمولی بات پر محلے داروں کے مابین جھگڑا ہو گیا جس پر علی رضا نامی شخص نے مشتعل ہو کر فائرنگ کردی۔
پولیس کا بتانا ہےکہ فائرنگ کے نتیجے میں ذیشان، مقصود اور طاہر نامی تین بھائی جاں بحق ہوگئے جب کہ ملزم فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق لاشوں کو ڈیڈ ہاؤس منتقل کرکے ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے اور ملزم کی گرفتاری کےلیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔