جمعہ : 05 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ايران میں پچيس کلو ساٹھ فيصد تک افزودگی يورينيم ذخیرہ[/pullquote]

ايران نے پچيس کلو ساٹھ فيصد تک افزودہ يورينيم ذخيرہ کر ليا ہے۔ ايرانی اٹامک انرجی آرگنائزيشن کے ترجمان بہروز کمال وندی نے سرکاری ٹيلی وژن پر آج جمعے کو اس بارے ميں بيان ديا۔ ان کے بقول اب تک جوہری ہتھياروں کے حامل ملکوں کے علاوہ کوئی بھی ملک اتنی مقدار ميں افزودہ يورينيم ذخيرہ کرنے ميں ناکام رہا ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ انتيس نومبر کو ايران اور عالمی طاقتوں کے مابين ويانا ميں مذاکرات ہونے ہيں۔ ان مذاکرات ميں سن 2015 ميں طے کردہ معاہدے کی بحالی کی کوشش کی جانی ہے۔ مبصرين کی رائے ميں ايران کا يہ قدم ڈيل کے امکانات کو منفی طور پر متاثر کر سکتا ہے۔

[pullquote]پوزيشن اور تنخواہ، جرمنی ميں عورتيں مردوں سے آگے نکلنے لگيں[/pullquote]

جرمنی ميں بزنس کنسلٹنٹس اور آڈيٹرز کے گروپ ای وائی نے حال ہی ميں ايک سروے کرايا، جس ميں يہ بات سامنے آئی کہ بازار حصص ميں لسٹڈ کمپنيوں کے ايگزيکيٹو بوڈرز ميں شامل خواتين کی تنخواہيں بڑھنے ميں معاملے ميں مردوں سے آگے نکل رہی ہيں۔ DAX ميں شامل کمپنيوں کے ايگزيکيٹو بوڈرز کی خواتين ارکان کی تنخواہوں ميں گزشتہ برس اوسطاً 8.2 فيصد اضافہ ريکارڈ کيا گيا۔ يہ تقريباً 2.31 ملين يورو بنتا ہے۔ دوسری جانب ايگزيکيٹو بوڈرز کے مرد ارکان کی تنخواہوں ميں سن 2020 ميں اوسطاً 1.6 فيصد اضافہ ريکارڈ کيا گيا، جس کی ماليت لگ بھگ 1.76 ملين يورو بنتی ہے۔ مردوں اور عورتوں کی آمدنی ميں اضافے کی شرح يا فرق اکتيس فيصد بنتی ہے۔ اس صورتحال ميں بہتری کی ايک کليدی وجہ کمپنيوں کی جانب سے سينئر پوزيشنوں کے ليے خواتين کو ترجيح دينے کی پاليسی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں نئے کورونا کیسز کی یومیہ تعداد کا ایک اور ریکارڈ[/pullquote]

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جرمنی میں کورونا وائرس انفیکشن کے 37 ہزار 120 نئے کیسز رجسٹر کیے گئے۔ اسی دوران اس وبائی مرض سے م‍زید 154 مریضوں کا انتقال بھی ہو گیا۔ یہ عالمی وبا اب تک جرمنی میں مجموعی طور پر 4.7 ملین سے زائد انسانوں کو متاثر کر چکی ہے جبکہ یہاں ہلاکتوں کی کل تعداد بھی اب 96 ہزار 346 ہو گئی ہے۔ جرمنی کو اس وقت کورونا وائرس کی وبا کی چوتھی لہر کا سامنا ہے۔ اس لہر کے دوران یومیہ بنیادوں پر اتنے زیادہ نئے انفیکشنز دیکھنے میں آ رہے ہیں، جتنے گزشتہ لہروں کے دوران دیکھنے میں نہیں آئے تھے۔ اب تک صرف 67 فیصد جرمن باشندوں کی مکمل ویکسینیشن ہوئی ہے اور بہت سے شہری کورونا ویکسین لگوانے میں تاحال ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

[pullquote]صحافيوں کی مدد کے ليے امريکا کا ’گلوبل ڈيفيميشن ڈيفنس فنڈ‘ قائم کرنے کا اعلان[/pullquote]

امريکا نے دنيا بھر ميں ايسے صحافيوں کی مدد کرنے کا اعلان کيا ہے، جنہيں سچ بولنے اور کسی نا انصافی پر سے پردہ اٹھانے کی وجہ سے قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔ ’يو ايس ايڈ‘ کی سربراہ سمانتھا پاور نے جمعرات کے روز اطلاع دی کہ صدر جو بائيڈن کی انتظاميہ ’گلوبل ڈيفيميشن ڈيفنس فنڈ‘ قائم کر رہی ہے، جس کے تحت متاثرہ صحافيوں کی قانونی و مالی معاونت کی جائے گی۔ امريکا کی جانب سے يہ قدم جمہوريت اور جمہوری اقدار کو فروغ دينے کے ليے اُٹھایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اس کے ناقدين وکی ليکس کے بانی جولين اسانج کی طرف اشارہ کرتے ہيں، جنہيں امريکی راز فاش کرنے کی وجہ سے وسيع تر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

[pullquote]بھارت میں دو برس کے دوران صحافیوں پر 256 حملے، رپورٹ[/pullquote]

امریکا کی ایک غیر سرکاری تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت میں گزشتہ دو برسوں کے دوران صحافیوں پر تشدد کے 256 واقعات پیش آئے۔ پولیس پروجیکٹ نے اپنی اس تحقیق میں مئی سن 2019 سے لے کر رواں برس اگست تک کے واقعات کا جائزہ ليا۔ رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر میں 51، متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران 26، نئی دہلی میں فروری 2020 میں ہونے والے فسادات کے دوران 19 اور کووڈ کے کیسز کی کوریج کے دوران صحافیوں پر تشدد کے 46 واقعات پیش آئے۔ کسان تحریک کے دوران صحافیوں کے خلاف تشدد کے اب تک 10واقعات پیش آچکے ہیں۔ جبکہ 104واقعات ملک بھر میں دیگر موضوعات کی کوریج کرتے ہوئے پیش آئے۔ سن 2021 کے ورلڈ پریس فریڈم انڈکس میں بھارت کو 180ملکوں کی فہرست میں 142واں مقام حاصل ہے۔

[pullquote]بوئنگ کے شيئر ہولڈرز اور ڈائريکٹرز کے مابين عدالت سے باہر سمجھوتہ[/pullquote]

امريکی طيارہ ساز کمپنی بوئنگ کے شيئر ہولڈرز اور کمپنی کے موجودہ و سابق ڈائريکٹرز کے مابين عدالت سے باہر ايک سمجھوتہ طے پا گيا ہے، جس کی ماليت 225 ملين ڈالر ہے۔ شيئر ہولڈرز نے بورڈ کے ارکان اور قيادت پر الزام لگايا تھا کہ وہ 737 MAX ماڈل کے آلات کے صحيح کام کرنے کے حوالے سے جانچ پڑتال کرنے ميں ناکام رہے۔ ہرجانے کی رقم انشورينس کمپنی ادا کرے گی۔ بوئنگ 737 MAX طرز کے جہاز دو حاثات کا شکار ہو گئے تھے، ايک اکتوبر سن 2018 ميں اور دوسرا مارچ سن 2019 ميں۔ دونوں واقعات ميں 346 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ تفتيش کاروں نے بعد ازاں پتا چلايا تھا کہ دونوں حادثات کی وجہ جہاز کے کريش پريونشن سسٹم ميں نقص تھا۔

[pullquote]امریکا کا سعودی عرب کو کروڑوں ڈالرز کے ہتھیار فروخت کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

امریکی محکمہ دفاع پينٹاگون نے چار نومبر جمعرات کے روز اعلان کیا کہ سعودی عرب کو تقریباً 65 کروڑ امریکی ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کے ایک سودے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس سودے کے تحت امریکا سعودی عرب کو فضا سے فضا میں مار کرنے والے 280 جدید میزائل فراہم کرے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اس سودے کو اس لیے منظور کیا ہے تاکہ موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے میں ریاض کی مدد کی جا سکے۔ بعض امریکی حلقوں نے سعودی عرب کے ساتھ میزائیلوں کے اس سودے پر اعتراض کیا ہے تاہم امریکی وزارت خارجہ نے اپنی متعدد ٹویٹس میں اس کا یہ کہہ کر دفاع کیا کہ یہ ہتھیار زمینی حملے کے لیے نہیں ہیں اور میزائل صرف فضائی دفاع کے لیے ہیں۔

[pullquote]نئی دہلی ميں ديوالی کے بعد اسموگ[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی آج جمعے کی صبح شديد اسموگ کی لپيٹ ميں تھا۔ گزشتہ رات ديوالی کے موقع پر پٹاخوں کی وجہ سے آلودگی پھيلی اور آج صبح ہوا ميں نقصان دہ PM 2.5 پارٹيکلز کی تعداد اوسطاً چار سو سے بھی زائد تھی۔ يہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مقرر کردہ حد سے پندرہ گنا زيادہ تھی۔ ملکی اعلی ترين عدالت نے دہلی ميں پٹاخوں کی فروخت پر پابندی لگا رکھی تھی اور حکام نے عوام سے اپيل کی تھی کہ وہ اس بار ديوالی بم پٹاخوں کے بغير منائيں۔ تاہم اس پر موثر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنيا کے سب سے آلودہ تيس شہروں ميں سے بائيس بھارت ميں ہيں۔

[pullquote]اڑتيس سال قبل لاپتہ ہونے والے جرمن شہری کی باقيات مل گئيں[/pullquote]

امريکی حکام کا ماننا ہے کہ انہوں نے قريب چار دہائيوں قبل لاپتہ ہونے والے جرمن شہری کی باقيات ڈھونڈ نکالی ہيں۔ روڈی موڈر ’روکی ماؤنٹين نيشنل پارک‘ ميں فروری سن 1983 ميں لاپتہ ہو گئے تھے۔ اس وقت ان کی عمر ستائيس برس تھی اور وہ اسکینگ کرنے کے ليے وہاں گئے تھے۔ ان کی بازيابی کے ليے کئی سرچ آپريشن کيے گئے مگر شديد برف باری کے موسم ميں انہیں کچھ نہ ملا۔ پچھلے سال اگست ميں قريب اڑتيس برس بعد ايک ہائکر کو چند انسانی ہڈياں مليں، جن کے تفصيلی معائنے کے بعد پتا چلا کہ وہ موڈر کی ہيں۔

[pullquote]آسٹريليا اور افغانستان کا اولين ٹيسٹ ميچ ملتوی[/pullquote]

آسٹريليا نے افغانستان کے ساتھ اپنا اولين ٹيسٹ ميچ ملتوی کر ديا ہے۔آسٹريليا کی کرکٹ اتھارٹی نے يہ قدم احتجاجاً اٹھايا ہے۔ انہيں طالبان کی جانب سے خواتين کے کرکٹ کھيلنے پر پابندی پر سخت اعتراضات ہيں اور ٹيسٹ ميچ اس وقت تک ملتوی کيا گيا ہے، جب تک طالبان عورتوں کو کھيلنے کی اجازت نہيں ديتے۔ کئی سينئر آسٹريلوی کھلاڑيوں نے کرکٹ بورڈ سے کہا تھا کہ اگر پابندی برقرار رہتی ہے، تو وہ ٹيسٹ ميچ ميں شرکت نہيں کرنا چاہيں گے۔ يہ ٹيسٹ ميچ ہوبارٹ ميں اسی ماہ کھيلا جانا تھا۔ بين الاقوامی براردی نے طالبان کو خبردار کيا ہے کہ اگر عورتوں کے حقوق کا تحفظ اور کھيلوں وغيرہ ميں ان کی شرکت يقينی نہ بنائی گئی، تو انہيں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے