پیر : 08 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میرکل کے دور کی دو بڑے چیلنج، کورونا اور مہاجرت کا بحران[/pullquote]

انگیلا میرکل نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے افغانستان، موسمیاتی تبدیلیوں، مہاجرت کی پالیسی اور کورونا وبائی مرض کے موضوعات پر بات چیت کی۔ ڈوئچے ویلے نیوز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ماکس ہوفمان کو انٹرویو میں انہوں نے اپنے 16 سالہ دور اقتدار کے اہم امور پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ افغانستان میں ایک مختلف ‘انجام‘ کی خواہش مند تھیں، جو ممکن نہ ہو سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرت کا بحران اور کووڈ انیس کی عالمی وبا ان کے دور کے سب سے بڑے چیلنجز ثابت ہوئے۔

[pullquote]لیبیا میں سیاسی بحران، حل کی کوششیں جاری[/pullquote]

لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید دیبہ کا کہنا ہے کہ نئی تشکیل شدہ صدارتی کونسل کو وزیر خارجہ نجلا المنقوش کو معطل کرنے کا حق نہیں ہے۔ اس سے قبل وزیر خارجہ پر’’ انتظامی امور کی خلاف ورزیوں‘‘ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ یہ بیان کونسل کے سربراہ محمد المنفی کے اس اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے وزیر خارجہ نجلا المنقوش کو کونسل سے 14 روز کے لیے معطل کرنے اور ان کے سفر پر پابندی عائد کرنے کی بات کی تھی۔ آئندہ جمعے کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں لیبیا کے موضوع پر ایک بڑی کانفرنس ہونے والی ہے جس میں شرکت کے لیے نجلا پیرس جانے والی تھیں۔

[pullquote]مشرقی یروشلم میں امریکی قونصل خانہ دوبارہ کھولنے کی اسرائیل کی مخالفت[/pullquote]

فلسطین کا کہنا ہے کہ مشرقی یروشلم میں امریکا کے دوبارہ قونصل خانہ کھولنے کے فیصلے پر اسرائیل کو ویٹو کرنے کا حق نہیں ہے۔ فلسطینی اتھارٹی نے سات نومبر اتوار کے روز وعدے کے تحت مقبوضہ مشرقی یروشلم میں فلسطینیوں کے لیے امریکی سفارتی مشن دوبارہ کھولنے کو مسترد کرنے کے اسرائیلی فیصلے پر سخت تنقید کی۔ امریکی قونصل خانہ دوبارہ کھولنے کا مقصد شہر میں فلسطینیوں کے لیے واشنگٹن کے اہم سفارتی مشن کو بحال کرنا ہے۔ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مقبوضہ مشرقی یروشلم کے امریکی قونصل خانے کو بند کر دیا تھا، جو برسوں سے فلسطینیوں کے لیے ایک طرح سے سفارت خانے کے طور پر کام کرتا رہا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسے دوبارہ کھولنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اسرائیل نے اسے مسترد کر دیا ہے۔

[pullquote]ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی خاطر غریب ممالک کی مدد کا عہد[/pullquote]

برطانیہ نے عہد کیا ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے غریب ممالک کو دو سو نوے ملین پاؤنڈ کی امداد فراہم کرے گا۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب عالمی ماحولیاتی کانفرنس دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے۔ اس ہفتے بھی عالمی رہنما گلاسگو میں اس دنیا کو ماحولیاتی تباہیوں سے بچانے کی خاطر کسی ڈیل تک پہنچنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ کوشش ہے کہ عالمی درجہ حررات کو ایک اعشاریہ پانچ سیںٹی گریڈ تک محدود رکھنے کی خاطر ایک جامع اور مفصل ڈیل طے پا جائے، جس میں بالخصوص غریب ممالک کو بدلتے ہوئے موسموں سے مطابقت پیدا کرنے کی خاطر مالی اور تکنیکی مدد فراہم کرنا ایک بڑا ہدف ہو گا۔

[pullquote]جنوبی فرانس میں چاقو حملہ، پولیس افسر زخمی[/pullquote]

جنوبی فرانس کے شہر کن میں ایک پولیس افسر پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے پیر کے دن بتایا کہ حملے کے بعد پولیس افسر کے ساتھیوں نے حملہ آور کو ’نیوٹرلائزڈ‘ کر دیا یعنی حملہ آور غالباً ہلاک کر دیا گیا ہے ۔ یہ عسکری اصطلاح حملہ آور کو ہلاک یا غیر مسلح کرنے کے حوالے سے استعمال کی جاتی ہے۔ اس واقعے کے حوالے سے تاحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ گزشتہ مئی میں مغربی فرانس میں بھی ایک ایسا ہی چاقو حملہ کیا گیا تھا، جس میں ایک پولیس افسر زخمی ہو گیا تھا۔

[pullquote]اپوزیشن کا بائیکاٹ، شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کی جیت یقینی[/pullquote]

بنگلہ دیش کے بلدیاتی انتخابات میں مرکزی اپوزیشن پارٹی کی طرف سے بائیکاٹ کے بعد حکمران عوامی لیگ پارٹی کی جیت یقینی ہو گئی ہے۔ اپوزیشن رہمنا خالدہ ضیا کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ قومی الیکشن میں فراڈ اور دھاندلیوں کی وجہ سے ان کی سیاسی جماعت بلدیاتی الیکشن کا حصہ نہیں بنے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی سیاسی جماعت کے پاس موقع ہے کہ وہ ان انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے سن دو ہزار تیئس میں ہونے والے قومی انتخابات میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا لے۔ بنگلہ دیشن میں مقامی الیکشن جمعرات کو ہو رہے ہیں۔

[pullquote]عالمی درجہ حرارت میں اضافہ، غریب ممالک بری طرح متاثر ہوں گے[/pullquote]

عالمی درجہ حرارت میں مسلسل اضافے سے بالخصوص غریب ممالک بری طرح متاثر ہوں گے۔ گلاسگو میں جاری عالمی ماحولیاتی سمٹ کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق اگر عالمی درجہ حرارت میں دو اعشاریہ نو فیصد تک اضافہ ہو گیا تو سن دو ہزار پچاس تک غریب ترین پینسٹھ ممالک کی قومی مجموعی پیداوار بیس فیصد تک گر جائے گی۔ کرسچین ایڈ نامی ادارے کی اس رپورٹ کے مطابق اگر عالمی درجہ حرارت ایک اعشاریہ پانچ فیصد تک محدود کر بھی دیا گیا تو یہ ممالک اس صدی کے آخر تک بری طرح متاثر ہوں گے۔ پیر کے دن اس کانفرنس میں غریب ممالک کی مدد پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ: افغانستان میں قحط زدہ انسانوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی فوڈ ایجنسی نے عالمی سطح پر فوڈ سکیورٹی کی صورتحال سے خبردار کیا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق تینتالیس ممالک میں کم ازکم پینتالیس ملین افراد قحط کے دہانے پر آ چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ صرف افغانستان میں خشک سالی کی وجہ سے تین ملین افراد خوراک سے محروم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس صورتحال کی وجہ مسلح تنازعات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے علاوہ کووڈ انیس کی عالمی وبا بھی ہے۔ عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی ایکشن کی ضرورت ہے۔ متاثرہ ممالک میں ایتھوپیا، ہیٹی، صومالیہ، انگولا، کینیا اور برونڈی بھی شامل ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں ایک ہفتے کے دورانیے میں کووڈ انیس کے ریکارڈ کیسز[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ سات دنوں کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ جرمنی میں متعدی وبائی امراض کے تحقیقی ادارے رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے پیر کے دن بتایا کہ جرمنی میں اس وبا کے پھوٹنے کے بعد کسی ایک ہفتے میں پہلی مرتبہ اتنے زیادہ کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ اس صورتحال میں جرمنی میں کووڈ انیس کی چوتھی لہر کی شدت کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ تاہم زیادہ ترشہریوں کی ویکسینیشن ہو چُکی ہے جس کی وجہ سے شدید علالت یا ہلاکت کا خطرہ واضح طور پر کم ہو گیا ہے۔ صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے حکام اس بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں کہ آیا کورونا وبا کی چوتھی لہر کے پیش نظر پابندیوں کو از سر نو عائد کر دیا جائے۔

[pullquote]امریکا نے متعدد ممالک سے کورونا سفری پاپندیاں اٹھا لیں[/pullquote]

امریکا نے کورونا کی وجہ سے متعدد ممالک پر عائد کردہ سفری پابندیوں کو اٹھا لیا ہے۔ ان نئے قواعد کا اطلاق پیر سے ہو گا اور یوں یورپ کے متعدد ممالک کے علاوہ کینیڈا اور میکسیکو سے امریکا کے لیے سفری راستوں کو کھول دیا جائے گا۔ تاہم امریکا داخلے سے قبل لوگوں کو مکمل ویکسین کا سرٹیفدکیٹ یا اس عالمی وبا سے مکمل صحت یابی کا ثبوت فراہم کرنا ہو گا۔ امریکی حکومت نے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب گزشتہ کچھ ہفتوں سے ملک میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں واضح حد تک کمی نوٹ کی گئی ہے۔ ایئر لائنز یورپ اور دیگر خطوں سے امریکا جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد کی توقع کر رہی ہیں۔

[pullquote]جانتا ہوں کہ حملہ کس نے کیا، عراقی وزیر اعظم[/pullquote]

عراقی وزیر اعظم پر قاتلانہ حملے کی ناکام کوشش کے بعد مشرق وسطیٰ کے اس ملک میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اتوار کے دن ڈرون کے ذریعے ان پر حملہ کیا گیا، جس میں وہ معمولی زخمی بھی ہو گئے۔ بعد ازاں مصطفیٰ الکاظمی نے اپنے نشریاتی خطاب میں کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ حملہ کس نے کیا ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے، جب اکتوبر میں ہوئے پارلیمانی الیکشن کے بعد ملک میں ایک سیاسی بحران کی صورتحال ہے۔ الیکشن میں شکست خوردہ ایران نواز ایک شیعہ سیاسی اتحاد کے حامی بغداد میں دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دھمکایا ہے کہ اگر ووٹوں کی گنتی دوبارہ نہ ہوئی تو ملک میں تشدد پھیل سکتا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے