ہفتہ : 20 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران کو جوہری ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اتحادی ملک بحرین میں ایک کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطی میں ایرانی خودکش ڈورن طیاروں کے ’خطرناک استعمال‘ کو بھی روکا جائے گا۔ آسٹن نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین عالمی جوہری ڈیل کو بچانے کے سلسلے میں مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تہران حکومت سنجیدہ ہے توامریکا مذاکرات کا حصہ ضرور بنے گا۔

[pullquote]بھارت میں سیلاب، سترہ افراد ہلاک[/pullquote]

جنوبی بھارت میں گزشتہ کئی روز سے جاری شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے تازہ ترین سیلابی ریلوں کے نتیجے میں کم ازکم سترہ افراد ہلاک جبکہ درجنوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ریاست آندھرا پردیش کے حکام نے ہفتے کو بتایا کہ ان سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر تین بسیں بہہ گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ متعدد افراد کو بچا بھی لیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کلائمٹ چینج کی وجہ سے بالخصوص جنوبی ایشیائی ممالک میں موسموں میں شدت آ رہی ہے اور ان شدید بارشوں اور سیلابوں کی وجہ ماحولیاتی تبدلیاں ہی ہیں۔

[pullquote]چین میں علی بابا سمیت بڑی ای کمپنیوں پر جرمانہ[/pullquote]

چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی نے علی بابا گروپ اور ٹینسنٹ ہولڈنگز سمیت متعدد آن لائن ٹیک کمپنیوں پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے دیگر چھوٹی کمپنیوں کو خریدنے کے بارے میں اطلاعات درج نہیں کرائیں۔ عدم مسابقت قوانین کے تحت چین میں کوئی بڑی کمپنی جب کسی چھوٹی کمپنی کو اپنا حصہ بناتی ہے تو اسے رپورٹ کرنا ہوتا ہے۔ یہ قوانین دراصل کسی کمپنی کی اجارہ داری کا مقابلہ کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ چین کے بہت بڑے ای کامرس ادارے علی بابا گروپ ہولڈنگ لمیٹڈ کے حصص کی قیمتوں میں دس فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی ہے۔ بیجنگ کی طرف سے ریگولیٹری کریک ڈاؤن اور آن لائن تجارت میں بڑھتی ہوئی مقابلہ بازی کے باعث یہ مارکیٹ بھی متاثر ہو رہی ہے۔

[pullquote]لیتھوانیا نے بیلاروس سے متصل اپنی سرحد پر اضافی فوجی تعینات کر دیے[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ملک لیتھوانیا نے بیلاروس سے متصل اپنی سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے اضافی فوجی تعینات کر دیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بیلاروس اور پولینڈ کی سرحد کے نزدیک ایک فوجی اڈہ بھی قائم کر لیا گیا ہے۔ اس کا مقصد بیلاروس سےغیر قانونی مہاجرین کی یورپی یونین آمد کو روکنا ہے۔ یورپی یونین کا الزام ہے کہ منسک حکومت ان مہاجرین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ ادھر بیلاروس کے مطلق العنان صدر لوکاشینکو نے کہا ہے کہ دراصل وہ ان مہاجرین کو یورپی یونین روانہ کر کے ان کی مدد کرنا چاہتے تھے۔

[pullquote]ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، ایرانی پاسدران انقلاب کا دعویٰ[/pullquote]

ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ گلف کے پانیوں میں ایک غیر ملکی بحری جہاز کو اسمگلنگ کے الزامات کے تحت قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ہفتے کے دن بتایا گیا ہے کہ اس بحری جہاز میں ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اس جہاز میں سوار عملے کے گیارہ افراد کو قید کر لیا گیا ہے تاہم ان کی قومیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس جہاز میں موجود کنٹینرز میں سے ڈیڑھ ہزار لیٹر ڈیزل ضبط کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]سوڈان میں فوج مخالف مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد چالیس ہو گئی[/pullquote]

سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد شروع ہونے والے عوامی مظاہروں کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد چالیس ہو گئی ہے۔ طبی حکام نے بتایا ہے کہ کچھ روز قبل فائرنگ کی وجہ سے زخمی ہونے والا ایک ٹین ایجر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مارا گیا۔ گزشتہ ماہ پچیس اکتوبر کو ملکی فوج نے سوڈانی سول حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا، جس کے بعد لوگ اس بغاوت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ اس افریقی ملک کے عوام ملک میں سول حکومت کے لیے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

[pullquote]نیدرلینڈز میں کووڈ لاک ڈاؤن کے مخالفین کا احتجاج پرتشدد[/pullquote]

نیدر لینڈز میں کووڈ لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین تصادم کے نتیجے میں کم از کم دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ روٹر ڈیم میں مشعل بردار مظاہرین نے ایک پولیس وین ک کو نذر آتش کر دیا اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا، جس کے جواب میں پولیس نے ہوائی فائرنگ کی۔ اس تشدد کی وجہ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔یہ مظاہرے ایک ایسے وقت میں شروع ہوئے، جب ڈچ حکومت کی طرف سے عوامی مقامات پر ایسے افراد کے داخلے پر پابندی لگانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، جو مکمل ویکسینیشن کا سرٹیفیکیٹ یا کووڈ انیس سے صحت یابی کا ثبوت فراہم نہیں کر سکیں گے۔

[pullquote]جرمنی میں کووڈ کی چوتھی لہر سے نمٹنے کے سخت اقدامات[/pullquote]

کورونا وائرس کی چوتھی لہر سےنمٹنے کے لیے جرمنی کے تمام سولہ صوبوں نے جزوی لاک ڈاؤن لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ہر صوبہ اپنے ہاں نئے کووڈ کیسز کے اندراج کے مطابق پابندیاں عائد کرنے کا مجاز ہو گا۔ نئے ضابطوں کے مطابق بڑے پیمانے پر اسکولوں یا بزنس سیکٹر کو بند کرنے کیبجائے ثقافتی، اسپورٹس اور دیگر تفریحی مقامات میں داخلے کے لیے مکمل ویکسینیشن کا سرٹیفیکیٹ یا کووڈ انیس سے صحت یابی کا ثبوت فراہم کرنے کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ یہ نئے اقدامات ایسے وقت پر کیے گئے ہیں، جب جرمنی میں کورونا وائرس انفیکشنز میں ایک مرتبہ پھر بہت زیادہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

[pullquote]شوٹنگ کا ملزم رہا، امریکی صدر کی برہمی[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے کائل رٹن ہاؤس نامی اس ٹین ایجر کو بری کیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، جس نے مبینہ طور پر گزشتہ برس شوٹنگ کرکے دو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اٹھارہ سالہ رٹن ہاؤس نے پچیس اگست سن دو ہزار بیس کو ریاست وسکانس میں یہ واردات سر انجام دی تھی ۔ اس پر الزام تھا کہ یہ حملہ نسل پرستی پر مبنی تھا۔ عدالت کی طرف سے بری کیے جانے پر بائیڈن نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے البتہ کہا کہ وہ اس عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ اس فیصلے پر امریکا میں مظاہرے بھی ہوئے۔

[pullquote]بھارت نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دی[/pullquote]

دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنشنل کرکٹ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ رانچی میں کھیلے گئے اس میچ میں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی رنر اپ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 153 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارت نے تین وکٹوں کے نقصان پر اٹھارویں اوور میں ہی یہ ہدف حاصل کر لیا۔ بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان راہول شرما اور نئے کوچ راہول ڈریوڈ کی یہ پہلی کامیابی ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے