جمعہ : 26 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون نہ کیا تو کشیدگی بڑھے گی، امریکا[/pullquote]

امریکا نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون نہ کیا تو اگلے ماہ جوہری مذاکرات میں کشیدگی بڑھے گی۔ امریکی بیان کے مطابق اس کشیدگی سے سن 2015 کی جوہری ڈیل کے احیاء کے مذاکرات پر حرف آ سکتا ہے۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران متعدد جوہری تنصیبات تک عالمی معائنہ کاروں کی رسائی روکے ہوئے ہے۔ اس ایجنسی کے 35 رکنی بورڈ آف گورنرز کی سہ ماہی ملاقات رواں ہفتے ہو گی، جس میں ایرانی جوہری پروگرام کا مدعا سرفہرست ہو گا۔

[pullquote]روسی جارحیت کا جواب مزید یورپی پابندیوں کی صورت میں ہو گا، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ مشرقی یوکرائن یا بیلاروس اور پولینڈ سرحد پر کشیدگی میں اضافے پر یورپی یونین کو روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ برلن میں پولستانی وزیراعظم ماٹیوس موراویسکی کے ہم راہ ایک پریس کانفرنس میں میرکل کا کہنا تھا کہ بیلاروس کی جانب سے مہاجرین کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر یورپی یونین کو ایک متحد اور مضبوط ردعمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ میرکل نے یوکرائن کے مشرقی حصے کے قریب روسی فوج کی تعیناتی پر شدید تشویش بھی ظاہر کی۔ چانسلر دفتر کے مطابق میرکل نے اسی تناظر میں یوکرائنی صدر سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس، فرانس نے افریقہ کے جنوبی حصے سے آنے والی پروازیں روک دیں[/pullquote]

کورونا وائرس کی ایک نئی تبدیل شدہ قسم کے پھیلاؤ کے تناظر میں فرانس نے براعظم افریقہ کے جنوبی ممالک سے آنے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ فرانسیسی وزیرصحت اولیور ویراں کا کہنا ہے کہ بعض افریقی ممالک میں کورونا وائرس کی ایک نئی قسم کےکیسز سامنے آئے ہیں تاہم ابھی تک یورپ میں اس ویرینیٹ کا کوئی مریض تشخیص نہیں ہوا۔ فرانسیسی وزیرصحت کے مطابق ایسے افراد جو اس پابندی سے قبل افریقہ سے فرانس پہنچے ہیں ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور ان کی طبی نگرانی بھی کی جائے گی۔ کورونا وائرس کی اس نئی قسم کے تناظر میں سنگاپور اور ملائیشیا نے بھی سات افریقی ممالک سے پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔

[pullquote]تیونس کی نیوی نے 500 تارکین وطن کو سمندر سے بچا لیا[/pullquote]

تیونس حکام نے کہا ہے کہ شمالی افریقہ سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تقریباﹰ پانچ سو تارکین وطن کو ایک بحری آپریشن کے ذریعے ریسکیو کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیونس کی بحریہ اور نیشنل گارڈز نے اس آپریشن میں حصہ لیا۔ حکام نے بتایا کہ ریسکیو کیے گئے افراد کا تعلق مختلف عرب، ایشیائی اور افریقی ممالک سے ہے اور ان میں 93 بچے بھی شامل ہیں۔ تارکین وطن کی یہ کشتی لیبیا سے یورپ کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم اسے تیونس کے قریب روک لیا گیا۔

[pullquote]سائبیریا میں کوئلے کی کان میں حادثہ، 52 افراد ہلاک[/pullquote]

سائبیریا میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والے ایک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 52 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی گورنر سیرگئی تسولیف نے تصدیق کی ہے کہ مرنے والوں میں 46 کان کن جب کہ چھ امدادی کارکن شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 38 کان کنوں اور گیارہ ریسکیو اہلکاروں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ جمعرات کے روز اس کان میں دھماکا ہوا تھا۔ اب تک اس دھماکے کی وجوہات واضح نہیں ہیں، تاہم اس حادثے کے بعد امدادی ٹیمیوں نے کان میں پھنسے کان کنوں کی نکالنے کی سرگرمیاں شروع کی تھیں۔ یہ واقعہ مغربی سائبیریا کی ایک کان میں پیش آیا۔

[pullquote]غیرقانونی مہاجرین کی توک تھام کے لیے فرانس کا چینل کے سمندری حصے میں نگرانی بڑھانے کا اعلان[/pullquote]

فرانس نے جمعرات کے روز شمالی سمندری علاقے میں نگرانی بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی حکومت کا یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب بدھ کے روز فرانس سے برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 27 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے پر فرانس اور برطانیہ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی دیکھا گیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اس واقعے کی ذمہ داری فرانس پر عائد کی جب کہ فرانسیسی وزیرداخلہ گیرالڈ درمانی نے واقعے کا محرک برطانیہ کی مہاجرین کے حوالے سے خراب مینیجمنٹ کو قرار دیا۔

[pullquote]انالینا بیئربوک جرمنی کی پہلی خاتون وزیرخارجہ[/pullquote]

گرین پارٹی کی رہنما 40 سالہ انالینا بیئربوک جرمنی کی پہلی خاتون وزیر خارجہ کا منصب سنبھال رہی ہیں۔ بیئربوک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ میرکل دور حکومت میں چین اور روس کے ساتھ اقتصادی عملیت پسندانہ پالیسیوں کے مقابلے میں سخت رویہ اپنایا جائے گا۔ بیئربوک کی قیادت میں گرین پارٹی حالیہ عام انتخابات میں تیسری سب سے بڑی سیاسی قوت رہی تھی۔سابقہ میڈل ونر ٹرمپولینسٹ بیئربوک بین الاقوامی قانون کی بھی ماہر ہیں اور انہوں نے انسانی حقوق کو جرمنی کی سفارت کاری میں مرکزی مقام دینے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]ترکی کم شرح سود کی پالیسی جاری رکھے گا، ترک نائب وزیرخزانہ[/pullquote]

ترکی کے نائب وزیرخزانہ نورِدین نباتی نے کہا ہے کہ انقرہ حکومت کم شرح سود کی پالیسی جاری رکھے گی اور ترک کرنسی لیرا کی قدر میں کمی طویل المدتی نقصان کا باعث نہیں بنی گی۔ جمعرات کی شب اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ترکی کی معیشت کو وسیع نگاہ سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے ترک کرنسی لیرا اپنی کم ترین قدر پر پہنچ گئی تھی۔ منگل کو لیرا امریکی ڈالر کے مقابلے میں تیرا اعشاریہ چار پانچ کے برابر تک دیکھا گیا۔ اسی صورت حال میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے مرکزی بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ 15 فیصد پر لانے کے فیصلے کا دفاع کیا۔ واضح رہے کہ اس وقت ترکی میں افراط زر کی شرح بیس فیصد کے قریب ہے۔

[pullquote]ترک کتابوں میں پیغمبر اسلام کے خاکے، شامیوں نے کتابیں جلا دیں[/pullquote]

شمالی شام میں ترک وزارت تعلیم کی جانب سے تیار اور تقسیم کی گئی کتابوں میں پیغمبر اسلام کے تصویری اظہار پر ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بعض مشتعل افراد نے یہ کتابیں جلا دیں۔ انقرہ کے زیر انتظام شامی علاقوں کے لیے ترک وزارت تعلیم نے نصابی کتب متعارف کروائیں ہیں جب کہ مذکورہ کتاب اسلامیات تھی۔ شامی شہر الباب میں بھی مقامی رہائشیوں نے اس کتاب کو پیغمبر اسلام کی توہین قرار دیتے ہوئے جمعے کے روز احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]میکسیکو میں خواتین کے حقوق کے لیے نکالی جانے والی مارچ پر فائرنگ، تین ہلاک[/pullquote]

میکسیکو میں خواتین پر تشدد کے خلاف نکالی جانے والی ایک مارچ پر فائرنگ کے واقعے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ میکسیکو کے شہر گوائماس میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان میں دو مرد ایک خاتون شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے مرد مقامی میئر کارلا کوردووا کے محافظ تھے۔ واضح رہے کہ میکسیکو کے مختلف شہروں میں خواتین کے خلاف گھریلو تشدد کے خاتمے کے لیے مارچ جاری ہیں اور گوائماس شہر میں منعقدہ یہ ریلی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے