جمعرات : 02 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عمرے پر جانے والے افراد اب 10 کے بجائے پورے 30 دن قیام کرسکیں گے[/pullquote]

سعودی عرب نے کورونا وائرس کی وجہ سے پہلی بار مارچ 2020 میں پابندیاں عائد کی تھیں تاہم اب بتدریج تمام پابندیاں ختم کی جارہی ہیں۔گزشتہ دنوں سعودی حکام نے اعلان کیا تھا کہ اب عمرے کیلئے آنے والے افراد کو کوئی قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا تاہم ضروری ہے کہ انہوں نے سعودی عرب میں منظور کیے جانے والے کورونا ویکسین کی کم سے کم دو ڈوز لگوا لیے ہوں۔سعودی عرب نے صرف 4 ویکسینز کے استعمال کی منظوری دی ہے جن میں موڈرنا، فائزر بائیو این ٹیک، جانسن اینڈ جانسن اور آکسفورڈ کی ایسٹرازینیکا۔

[pullquote]دنیا بھر میں ضرورت مند افراد کی تعداد میں قریب 40 ملین کا اضافہ ، اقوام متحدہ[/pullquote]

آئندہ برس دنیا بھر میں تقریباً مزید چالیس ملین افراد کو امداد کی ضرورت ہو گی۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وہ سال 2022 ء میں 274 ملین انسانوں کی ضروریات پوری کرنے کی تیاری کر رہا ہے جبکہ رواں سال 250 کی امداد کی جا چُکی ہے۔ عالمی ادارے کی ذیلی تنظیم اوچھا کی تازہ ترین رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت ہر 29 ویں انسان کو امداد یا تحفظ کی ضرورت ہے۔ اس صورتحال کی وجوہات میں سیاسی عدم استحکام، نقل مکانی کی بڑھتی ہوئی شرح، موسمیاتی تبدیلیاں اور کووڈ انیس کے اثرات وغیرہ شامل ہیں۔ سب سے زیادہ ضرورت مند افراد افغانستان، ایتھوپیا، یمن اور میانمار سے تعلق رکھتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی: وفاقی اور صوبائی حکام کا کورونا کے سخت تر ضوابط پر غور[/pullquote]

جرمن حکام کووڈ انیس کے نئے ویرینٹ سے نمٹنے کی خاطر بنائے گئے سخت تر ضوابط کے بارے میں مذاکرات کر رہے ہیں۔ جلد ہی سبکدوش ہو جانے والی چانسلر انگیلا میرکل اور ان کے جانشین اولاف شُولز کی سربراہی میں تمام یعنی سولہ صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اس ملاقات میں شامل ہوں گے۔ صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ ہینڈرک وؤسٹ پہلے ہی اعلان کر چُکے ہیں کہ دیگر فیصلوں کےعلاوہ جن لوگوں نے ویکسینیشن نہیں لگوائی ان کے لیے سماجی رابطے کی وسیع تر پابندیوں اور عوام کے لیے ویکسینیشن کو لازمی قرار دینے پر ٹھوس فیصلے کیے جائیں گے۔

[pullquote]جرمن فوج کی طرف سے میرکل کے لیے اعزازی الوداعی تقری[/pullquote]

جمعرات کی شام وفاقی جرمن فوج کی طرف سے چانسلر انگیلا میرکل کو الوداع کرنے کے لیے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جرمن فوج میرکل کی 16 سالہ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے جرمن فوج کی اعلیٰ ترین اعزازی تقریب میں ان کو خراج تحسین پیش کرے گی۔ وفاقی وزارت دفاع کے مطابق یہ تقریب کسی سویلین کے لیے اعلیٰ ترین اعزاز کی حیثیت رکھتی ہے۔ وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر اس تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

[pullquote]ترکی کے وزیر خزانہ کی تبدیلی[/pullquote]

ترکی میں کرنسی کے شدید بحران کے درمیان صدر رجب طیب ایردوآن نے اپنا وزیر خزانہ تبدیل کر دیا۔ ہفتوں سے ترکی میں جاری معاشی بحران اور افراط زر کی شرح میں اضافے اور لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی کے بعد گزشتہ نیم شب یہ اعلان کیا گیا۔ صدارتی حکم نامے کے مطابق ایردوآن نے وزیر خزانہ لطفی ایلون کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے اُن کے نائب نور الدین ناتی کو بطور وزیر خزانہ مقرر کر دیا ہے۔ لطفی ایلون نومبر 2020 ء سے ترکی کے وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز تھے اور انہوں نے یہ وزارت صدر رجب طیب ایردوآن کے داماد برات البیرک کے مستعفی ہونے کے بعد سنبھالی تھی۔

[pullquote]مشی گن اسکول میں فائرنگ کرنے والے طالب علم پر دہشت گردی کا شبہ[/pullquote]

امریکی ریاست مشی گن کے ایک اسکول میں ایک خودکار بندوق سے حملہ کرنے والے طالب علم پر دہشت گردی اور چار قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس 15 سالہ نوجوان کے خلاف دائر سات مختلف مقدمات میں قتل کے ارادے سے حملہ کرنے اور بندوق کے استعمال کے قانون کی خلاف ورزی کا الزام بھی شامل ہے۔ کم سن افراد کے لیے بنائے گئے قوانین کے تحت اس طالب علم پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔ اگر الزامات ثابت ہوے گئے تو اسے عمر قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ اس نوجوان نے نیم خودکار ہتھیار سے فائرنگ کر کے اپنے تین ہم جماعتوں کو ہلاک جبکہ آٹھ دیگر افراد کو زخمی کیا تھا۔

[pullquote]یورپی یونین کا ترقی پذیر ممالک کے لیے’’ گلوبل گیٹ وے‘‘ منصوبہ[/pullquote]

یورپی یونین دنیا کی اُبھرتی ہوئی معیشتوں اور ترقی پذیر ممالک کے بنیادی ڈھانچے کے لیے اربوں یورو کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس منصوبے کو ’’ گلوبل گیٹ وے‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جو دراصل چین کے ’’ نیو سلک روڈ منصوبے‘‘ کے مقابلے میں تیار کیا گیا ہے۔ یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فون ڈیئر لائن نے برسلز میں اس کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ پانچ سالوں میں اس منصوبے پر 300 بلین یورو کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ دیگر ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ افریقہ میں ہائڈروجن پاور پلانٹس اور لاطینی امریکا تک رسائی کے لیے ’ سبمیرین کیبل کنکشن‘ کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔

[pullquote]جوہری توانائی سے متعلق معاہدے کی خلاف ورزی[/pullquote]

ایران یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیتوں کو بڑھا رہا ہے۔ یہ اعلان ویانا میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی IAEA نے کیا ہے۔ اس ایجنسی کے معائنہ کاروں نے منگل کو ایران کے علاقے فوردو میں زیر زمین جوہری تنصیب کا دورہ کیا۔ وہاں ایران نے غالباً انتہائی مؤثر سنٹری فیوجز کا استعمال کرتے ہوئے یورینیم کی افزودگی کے لیے اقدامات کیے تھے۔ 2015 ء کے جوہری معاہدے کے تحت ایران کے ایٹمی پروگرام کو سختی سے روک دیا گیا تھا۔ اس معاہدے میں ایران نے دیگر باتوں کے علاوہ فوردو میں مزید سینٹری فیوجز استعمال نہ کرنے کا عہد کیا تھا۔

[pullquote]امریکا میں داخلے کے قوانین میں سختی[/pullquote]

کووڈ انیس کے نئے اور زیادہ تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ اومیکرون اور موسم سرما کی شدت کے پیش نظر امریکا جانے والے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ کے قوانین میں مزید سختی کر رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے کے آغاز سے ہر مسافر کو روانگی سے 24 گھنٹے پہلے کورنا ٹیسٹ کروانا ہوگا اور اس کی منفی رپورٹ دکھانے پر ہی اُسے امریکا سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ یہ نئے ضوابط قومیت اور ویکسینیشن کی صورتحال سے قطع نظر سب پر لاگو ہوں گے۔ امریکا جانے والے مسافروں کو اضافی طور پر مکمل ویکسینیشن کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا۔

[pullquote]آسٹریا کے سابق چانسلر کی سیاست سے کنارہ کشی[/pullquote]

آسٹریا کے سابق چانسلر اور آسٹریین پیپلز پارٹی کے موجودہ سربراہ سباستیان کُرس نے سیاست سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا۔ آسٹریا کے رونامے ’کرونے‘ نے کُرس کے اس بیان کے حوالے سے لکھا ہے کہ سابق چانسلر اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد سے سیاسی طور پر بہت زیادہ فعال نہیں رہے۔ آسٹریا کے وزیر داخلہ کارل نیہامر کے آسٹریین فولکس پارٹی کے نئے سربراہ بن سکتے ہیں۔ دریں اثناء کمرشل بدعنوانی کے پروسیکیوٹر کے دفتر IBIZA کی تحقیقی کمیٹی کے سامنے غلط بیانی، جھوٹی گواہی اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے شبے میں 35 سالہ کرس کے خلاف تفتیش جاری رہے گی۔

[pullquote]بیلاروس کی سرحدوں پر پناہ کے قوانین سے متعلق یورپی کمیشن کی تجاویز[/pullquote]

یورپی یونین بیلا روس سے متصل سرحد پر واقع ممالک پولینڈ، لتھونیا اور لٹویا کو عارضی طور پر تارکین وطن کے تحفظ کے کچھ حقوق کو معطل کر دینے کی اجازت دینا چاہتی ہے۔ برسلز میں یورپی یونین کی طرف سے اس حوالے سے تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ ان کے تحت ان ممالک کو سیاسی پناہ کی درخواستوں کے اندراج اور ان کی چھان بین کے لیے ڈیڈ لائن کو کافی حد تک بڑھا دینے کی اجازت دی جائے گی جبکہ غیر قانونی مہاجرین کی ملک بدری کو بھی سہل بنا دیا جائے گا۔ یہ ضوابط چھ ماہ کے لیے لاگو ہوں گے۔ یورپی یونین میں مائیگریشن کی کمشنر ژلوا یوہانسن نے تاہم اس امر پر زور دیا ہے کہ ان اقدامات سے ’’ بنیادی حقوق ‘‘ متاثر نہیں ہوں گے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس کی تردید کی ہے۔

[pullquote]کورونا ویکسینیشن کو لازمی قرار دینے پر بحث جاری[/pullquote]

یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فون ڈیئر لائن کا کہنا ہے کہ یورپ کی جانب سے کورونا ویکسین کو ہر شہری کے لیے لازمی قرار دینے کے بارے میں سوچنا مناسب ہے لیکن یہ فیصلہ ممالک کو خود کرنا ہوگا۔ آسٹریا کی جانب سے اگلے سال فروری میں تمام شہریوں کے لیے کووڈ ویکسینیشن کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ جرمنی میں بھی اسی قسم کا فیصلہ متوقع ہے۔ یونان میں ساٹھ سال سے بڑی عمر کے افراد کے لیے بھی ویکسینیشن کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق ابھی یہ جاننے میں کچھ وقت لگے گا کہ آیا اومیکرون بہت سخت بیماری کا باعث بنتا ہے اور یہ کہ موجودہ ویکسین اس کے خلاف کتنی مؤثر ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے