لائن مین کا قاتل فوجی افسر ملٹری پولیس کے حوالے

اسلام آباد میں پولیس نے آئیسکو کے اہلکار کو قتل کرنے والے فوجی افسر کو عدالتی حکم پر ملٹری پولیس کے تحویل میں دے دیا ہے۔

پاکستانی فوج کے میجر راجہ زاہد نے بدھ کو ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی فیز ٹو کے علاقے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کاپوریشن کے اہلکار محبوب احمد کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

انھیں جمعرات کو اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تو عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم چونکہ فوجی اہلکار ہے اس لیے اس کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔

انھوں نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزم کو ملٹری پولیس کے حوالے کر دیا جائے جبکہ میجر زاہد کے ساتھی ملزم منہاج کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا۔

بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق سہالہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو تو ملٹری پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم اعلیٰ حکام کی جانب سے اس مقدمے کو فوجی عدالی میں بھیجنے سے متعلق کوئی احکامات تاحال موصول نہیں ہوئے ہیں۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ تاحال دونوں ملزمان سے آلۂ قتل برآمد نہیں کیا جا سکا ہے اور میجر زاہد کے ساتھی کو عدالتی تعطیلات کے خاتمے کے بعد پیر کو پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ لائن مین کی ہلاکت کی وجہ تین ماہ کے بل کی عدم ادائیگی کی وجہ سے میجر راجہ زاہد کے مکان کی بجلی منقطع کرنے کی کوشش بنی تھی۔

میجر زاہد نے محبوب احمد کو قتل کرنے کے بعد منہاج کی مدد سے ان کی لاش گوجر خان کے علاقے میں ایک ویران جگہ پر دفنا دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے