پریس کلبز کے لیے ایک اہم تجویز

پیر کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سالانہ انتخابات ہورہے ہیں۔میدان میں اترنے والے تمام امیدواروں نے حسب روایت اور حسب سابق بہت بلند بانگ دعوے کیے ہیں، ہم یہ کردیں ،ہم وہ کردیں گے۔صرف تارے توڑنے کا وعدہ ہی رہ گیا ہے۔بھائی صاحب! ہر سال یہ مذاق چلنے کا نہیں۔ہمارے منتخب لیڈر ہوں یا غیر منتخب صحافتی جغادری ،یہ تمام عامل صحافیوں کی کیا مدد کرتے ہیں،یہ کسی سے کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔البتہ جب معاملہ اپنا پیاروں اور یاروں کا ہو تو پھر کچھ نہ کچھ ہوجاتا ہے۔

میرے پیارے صحافتی برادری کے قائدین کرام !

آپ کسی کو سبز باغ دکھائیں،یا سرخ ۔میڈیا ٹاؤن کے معاملات کو بہتر بنانے کا لولی پاپ دیں یا باقی صحافیوں کو پلاٹ دلانے کا دل فریب وعدہ، مجھے اس سے غرض نہیں۔

میرا آپ سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کو ملنے والی سالانہ لاکھوں، کروڑوں کی گرانٹ کو اللّے تللوں پر اڑانے کے بجائے کسی سودمند منصوبے پر لگائیں،اس سے کوئی اچھی سرمایہ کاری کریں اور یہ اچھی سرمایہ کاری این پی سی میں جدید سہولتوں سے آراستہ لائبریری کا قیام ہے۔

پانچ سے دس لاکھ روپے میں ایک بہت اچھی لائبریری بنائی جاسکتی ہے۔اتنی رقم میں دس لاکھ کے لگ بھگ چھوٹی بڑی کتابیں آسکتی ہیں۔

انٹرنیٹ پر تمام صحافیوں کو ابلاغ عامہ ،صحافت کے تمام تحقیقی مجلوں،جرائد ورسائل اور غیرملکی اخبارات تک رسائی ہونی چاہیے۔

مطالعے کے شائق صحافی انٹرنیٹ سے ان جرائد کے علاوہ اپنے مطلوبہ مواد اور کتب کو بلامعاوضہ ڈاؤن لوڈ کرسکیں۔تاکہ ان میں مطالعے کا رجحان فروغ پائے۔وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران وقتِ ضرورت اس لائبریری سے رجوع کرسکیں۔وہ جذبات فروشی کے بجائے عملیت پسندی کی جانب آئیں اور اپنے ناظرین اور قارئین کو کسی بھی ایشو کی بہتر تصویر پیش کرسکیں۔

اگر کوئی کہتا ہے کہ مذکورہ رقم میں یہ لائبریری نہیں بن سکتی ہے تو اس کو میرا چیلنج ہے،لائیں میں آپ کو بنا کر دکھاتا ہوں۔بس کام کرنے کا سلیقہ آنا چاہیے۔ایسے ہی رقوم اینٹھنے کے عادی صاحبان اس معاملے سے دور ہی رہیں تو بہتر ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے