جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک بار پھر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر دیا ہے۔ عرفان محسود نے ناروے کے اتھلیٹ سیور ڈائسن کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
عرفان محسود نے 100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ انگلیوں کے بل صرف ایک منٹ میں 39 پُش اپس کرکے یہ کارنامہ سر انجام دیا، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ ناروے کے سیور ڈائسن کے پاس تھا، جس نے ایک منٹ میں 27 پُش اپس کیے تھے۔
عرفان محسود اب تک 156 عالمی ریکارڈز قائم کر چکے ہیں اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ صرف پُش اپس کی کیٹیگری میں وہ 70 عالمی ریکارڈز کے ساتھ دنیا کے سب سے نمایاں اتھلیٹ بن چکے ہیں۔
عرفان نے مختلف وزن کیٹیگریز میں بے شمار ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں جن میں 100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 41 ریکارڈز، 80، 60، اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ بھی درجنوں ریکارڈز شامل ہیں۔
ان کی مہارت صرف پُش اپس تک محدود نہیں بلکہ انہوں نے سکواٹس، جمپنگ جیکس، سٹیپ اپس، نی سٹرائکس، ایلبو سٹرائکس، سائڈ جمپس، ہائی جمپس اور سٹار جمپس جیسے کئی فزیکل فٹنس کیٹیگریز میں بھی عالمی ریکارڈز قائم کیے ہیں۔
عرفان محسود اب تک 20 ممالک کے ریکارڈز توڑ چکے ہیں، جن میں امریکہ، برطانیہ، انڈیا، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ، فلپائن، اسپین، اٹلی، لبنان، مصر، عراق، شام اور پاکستان شامل ہیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ عرفان محسود کے 20 شاگرد بھی گینیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈرز بن چکے ہیں، جو ان کے تربیتی نظام اور جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یاد رہے کہ عرفان محسود کی خدمات اور کارکردگی کے اعتراف میں 2023 میں انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔
یہ کامیابی نہ صرف جنوبی وزیرستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، اور عرفان محسود نوجوانوں کے لیے ایک زندہ مثال بن چکے ہیں۔