معروف برطانوی گلوکارہ اڈیل نے لندن میں بِرٹ ایوارڈز کی تقریب میں بہترین البم اور بہترین گلوکارہ سمیت چار ایوارڈز جیت لیے ہیں۔
لندن کے O2 ایرینا میں بدھ کی شب موسیقی کے شعبے میں برطانیہ کے سب سے بڑے ایوراڈز کی تقریب میں اڈیل کے کروڑوں کی تعداد میں بکنے والے البم ’25‘ کو بہترین برطانوی البم کا ایوارڈ دیا گیا۔
انھیں اپنے نغمے ’ہیلو‘ کے لیے بہترین گانے کے علاوہ گلوبل سکسیس ایوارڈ ملا جبکہ ساتھ ہی ساتھ انھیں بہترین برطانوی گلوکارہ بھی قرار دیا گیا۔
تقریب کے سب سے باوقار ایوارڈ یعنی بہترین البم کے لیے اڈیل کا مقابلہ کولڈ پلے ، فلارنس اینڈ دی مشین ، جیمز بے اور جیمی ایکس ایکس سے تھا۔
25 اڈیل کی تیسری البم ہے اور دنیا بھر میں اس کی ڈیڑھ کروڑ کاپیاں فروخت ہوئی ہیں۔
اڈیل کے کروڑوں کی تعداد میں بکنے والے البم ’25‘ کو بہترین برطانوی البم کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اڈیل کا کہنا تھا کہ ’ یہ البم بنانا آسان نہیں تھا ‘۔ انھوں نے اس ایوارڈ کو اپنے شریکِ زندگی سائمن کونیسکی کے نام کیا۔
برٹ ایوارڈز میں کولڈ پلے کو برطانیہ کا بہترین میوزک بینڈ قرار دیا گیا جبکہ جیمز بے نے بہترین مرد گلوکار کا ایوارڈ جیتا۔
تقریب میں کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کو بہترین بین الاقوامی گلوکار جبکہ آسٹریلیا کے بینڈ ٹیم امپالا کو بہترین بین الاقوامی گروپ قرار دیا گیا۔
رواں سال بِرٹ ایوارڈز کی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرے کرنے والوں میں جسٹن بیبر، کولڈ پلے، جیمز بے، لٹل مِکس، دی ویکنڈ ایند جس گلین شامل ہیں۔