امریکی ریاست کنساس میں فائرنگ 4 افراد ہلاک و متعدد زخمی


امریکی ریاست کنساس میں پولیس کے مطابق ایک کارخانے میں فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور سمیت چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہیسٹن نامی شہر میں پیش آیا جب ایک مسلح شخص نے گھاس کاٹنے کی مشینیں بنانے والے کارخانے میں داخل ہو کر گولیاں چلائیں۔

پولیس کے مطابق حملہ آور اسی کارخانے میں ملازم تھا اور اسے اس واقعے کے دوران اسے بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

شمالی امریکہ کے لیے بی بی سی کے نامہ نگار جیمز کک کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور سمیت چار افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے ہیں۔

حملہ آور کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور جب ایکسل انڈسٹریز کے کارخانے میں داخل ہوا تو اس کے پاس ایک سے زیادہ ہتھیار تھے اور اس نے وہاں اپنے ساتھ کام کرنے والے افراد پر بےدریغ گولیاں چلائیں۔

کارخانے میں کام کرنے والے مارٹن ایسپینوزا نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’اس نے میری آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مجھے دیکھا اور ٹریگر دبایا۔‘

مارٹن کے مطابق ان کی خوش قسمتی تھی کہ اس وقت تک حملہ آور کی بندوق میں گولیاں ختم ہو چکی تھیں اور اس سے پہلے کہ حملہ آور دوسری بندوق اٹھاتا مارٹن بھاگنے میں کامیاب رہے۔

اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور پھر ایک اہلکار نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

حکام کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات کرنے والی ٹیمیں کارخانے کے اندر متعدد ’کرائم سینز‘ کا معائنہ کر رہی ہیں۔

یہ ایک ہفتے کے دوران امریکہ میں اس قسم کی فائرنگ سے ہلاکتوں کا دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل 22 فروری کو امریکی ریاست مشی گن میں کالامازو میں ایک شخص کی فائرنگ سے چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے