کراچی کے تفریحی مقامات زوال کا شکار
کراچی میں واقع خوبصورت تفریحی مقامات خاص طور پر پارکس ویران ہوتے جارہے ہیں ، لیکن حکام بالا اس طرف توجہ دینے سے بالکل قاصر نظر آتے ہیں ، سابق ناظم شہر جناب مصطفی کمال کے دور نظامت میں شہر کراچی میں کئی خوبصورت پارکس بنائے گئے تھے ، بابائے قوم قائد اعظم کے مزار کے احاطے میں بھی بہت خوبصورت پارک تعمیر کیئے گئے تھے ، اسی طرح مختلف علاقوں میں بھی چھوٹے چھوٹے خوبصورت پارک تعمیر کیئے گئے جس سے نہ صرف لوگوں کو تفریحی سہولیات میسر تھیں بلکہ بچوں کو کھیل کود اور جسمانی ورزش کا بہترین ذریعہ بھی میسر تھا ، لیکن مصطفی کمال کیا گئے کراچی کے یہ تمام پارک ویران ہوگئے ، اداروں کی عدم توجہی کی وجہ سے نا صرف یہ پارک اجڑ گئے بلکہ کئی جگہوں پر ان پارکوں کی جگہ منشیات استمال کرنے والوں کی آماجگاہ نے جگہ لے لی ، جس کی جیتی جاگتی مثال ابن قاسم پارک ، جھیل پارک ، خواتین پارک اور بیچ پارک ہیں جہاں پہلے حد نظر سبزہ نظر آتا تھا اب مٹی دھول اڑتی نظر آتی ہے ۔
اس شہر کی روشنیاں بحال کرنے کے دعوے روز ہی کسی نہ کسی جانب سے سنائی دیتے ہیں لیکن عملی طور پر کچھ ہوتا نظر نہیں آرہا اس بات پر کوئی دوسری رائے نہیں کہ شہر کراچی میں کافی حد تک اب امن ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ لوگ بھی سیر و تفریح کے لیئے اس وقت ہی گھروں سے نکلتے ہیں جب پر امن ماحول میسر ہوتا ہے لیکن بدقسمتی ہے اس شہر میں رہنے والوں کے لیئے کہ اس شہر کے تفریحی مقامات تیزی سے زوال پذیر ہیں ۔
محلوں میں تعمیر کیئے جانے والے پارکوں کو اپنی مدد آپ کے تحت بچایا جاسکتا تھا ظاہر ہے ہر کام صرف حکومت نے ہی نہیں کرنا لیکن اس کے لیئے بھی وسائل کی ضرورت ہے اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام نے ان پارکوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جس کی وجہ سے یہ
تفریحی مقامات تیزی سے تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ۔
میں ارباب اختیار کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے اپیل کرتا ہوں خدرا اس شہر میں زوال پذیر پارکوں کی طرف فی الفور توجہ دیں تاکہ لوگوں کو تفریحی سہولیات میسر آسکیں ۔