اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کی یاد میں قائم یادگار فتح کا افتتاح کردیا۔
افتتاح کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیربھی موجود تھے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیردفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔
تقریب میں مسلح افواج کے ساتھ سول آرمڈ فورسز، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے دستے شریک ہوئے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی پولیس کے دستے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
سروسزچیفس، وفاقی وزرا اور غیرملکی سفارت کار بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
یادگارفتح پر قومی پرچم بھی لہرایا گیا، صدرمملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے قومی پرچم لہرایا۔
پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے، وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہبازشریف نے یادگارفتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ یادگار فتح کے سائے میں پوری قوم کو جشن آزادی مبارک ہو، قائد اعظم نے قوم کو غلامی کے اندھیروں سے نجات دلا کر آزادی دلائی، معرکہ حق کی کامیابی پر پوری قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یادگار فتح افواج پاکستان کی برتری کی علامت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج دلوں میں جذبات کا سمندر ٹھاٹے مار رہا ہے، فیلڈ مارشل و افواج پاکستان کو معرکہ حق کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند ہوا، دشمن کو عبرتناک شکست کاسامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اعلان کرتا ہوں پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائےگا، ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکاہے، چاہتے ہیں دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیے بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے، مکہ دفاعی معاہدہ مشرق وسطیٰ میں امن کی علامت ہے، فلسطینی عوام کے حقوق کےلیے اپنی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیریوں کے لیے ہمارا مؤقف دو ٹوک ہے، قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔قوم متحد ہو تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے، پاکستان کے ہم سب وارث ہیں، اختلافات دشمنی میں تبدیل نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حکومت کو مشورہ ہےکہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی سے روکیں۔صدرٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بروقت جنگ بندی کروائی، امید ہے مستقبل میں امریکا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔صدر ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں، پاک بھارت جنگ بندی سے لاکھوں جانیں بچائیں۔
یادگارفتح معرکہ حق میں کامیابی، شہدا اورغازیوں کی لازوال داستان ہے:صدرمملکت
صدرمملکت آصف علی زرداری نے یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، یادگار فتح معرکہ حق میں کامیابی، شہدا اور غازیوں کی لازوال داستان ہے۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ امن عمل میں دنیا کے ساتھ ہیں، امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے، کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا۔ایران امریکا جنگ بندی میں فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے اہم کردار ادا کیا، عالمی برادری کے ساتھ مل کر دنیا کے امن اور خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، غزہ میں نسل کشی کسی صورت قابل قبول نہیں، گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے والد نے بھی کشمیر کے جہاد میں حصہ لیا۔