پاکستان نے بھارتی حکام سے اپنی ٹیم کی سکیورٹی کی تحریری ضمانت طلب کی ہے
حکومتِ پاکستان نے کرکٹ کے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دے دی ہے۔
پاکستان کی وزاتِ داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ، کولکتہ کی پولیس کے سربراہ اور خصوصاً بھارتی وزیرِ داخلہ کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو کروائی جانے والی یقین دہانیوں کے بعد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا تھا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اب ٹیم پہلی دستیاب پرواز سے بھارت روانہ ہو جائے گی۔
ٹیم کو بھارت بھیجنے کے معاملے پر وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعے کو ہی سعودی عرب میں موجود وزیرِ اعظم پاکستان اور لاہور میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے بھی رابطے کیے تھے۔
اس کے علاوہ دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے ٹیم کی سکیورٹی کے معاملے پر بھارتی سیکریٹری داخلہ سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ ملاقات مثبت رہی ہے اور وہ اپنی سفارشات حکومتِ پاکستان کو بھجوا رہے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سیکریٹری داخلہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیموں کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی ہے اور کہا ہے کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور
بھارت کا میچ ہو۔‘
پاکستان اپنا وام اپ میچ 14مارچ کو سری لنکا اور کوالی فائنگ میچ 16مارچ کو کھیلے گا ،ٹیم کا فیصلہ13مارچ کو ہوگاجبکہ 19مارچ کو پاک بھارت مقابلہ کولکتہ میں ہوگا۔