بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کرکٹ مقابلوں میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنے سفر کا آغاز بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے کر رہی ہے۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جانے والا یہ میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہوگا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش اس میچ سے قبل نو مرتبہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں مدِمقابل آ چکے ہیں جن میں سے سات پاکستان نے اور دو بنگلہ دیش نے جیتے ہیں۔
بنگلہ دیش کی ان دو فتوحات میں سے ایک اسے حال ہی میں اپنی سرزمین پر کھیلے گئے ایشیا کپ کے دوران حاصل ہوئیتھی جب اس نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے ہی باہر کر دیا تھا۔
تاہم بنگلہ دیش کی ٹیم آج تک پاکستان کو ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں کسی میچ میں پچھاڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی اور سنہ 2007، 2010، 2012 اور 2014 میں ہونے والے میچوں میں فتح پاکستان کی ہی ہوئی۔
اس ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان کے مقابلے میں بنگلہ دیش کی فارم زیادہ بہتر دکھائی دے رہی ہے اور گذشتہ چھ ٹی 20 میچوں میں سے جہاں بنگلہ دیش نے پانچ میچ جیتے ہیں وہیں پاکستان صرف دو میں فتح حاصل کر سکا ہے۔
بنگلہ دیشی ٹیم ورلڈ ٹی 20 کا کوالیفائنگ راؤنڈ میں ناقابلِ شکست رہنے کے بعد سپر 10 مرحلے میں پہنچی ہے۔
پاکستانی ٹیم سنہ 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ورلڈ ٹی 20 مقابلے جیت چکی ہے۔
سنہ 2010 اور 2012 میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی لیکن 2014 میں بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں اس کا سفر سیمی فائنل سے قبل ہی تمام ہو گیا تھا ۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے منگل کو پریکٹس سیشن میں شریک نہیں ہوئے تھے تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ اب فٹ ہیں اور آج کا میچ کھیلیں گے۔
بنگلہ دیش کو اپنے اوپنر تمیم اقبال سے اسی کارکردگی کے تسلسل کی امید ہے جس کا مظاہرہ انھوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کیا۔
تمیم نے اس راؤنڈ کے دوران ٹی 20 کرکٹ میں سنچری بنانے والے پہلے بنگلہ دیش بلے باز بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
پاکستان کے کوچ وقار یونس نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہپاکستانی ٹیم مثبت سوچ کے ساتھ بنگلہ دیش کا مقابلہ کرنے میدان میں اترے گی۔
انھوں نے بتایا تھا کہ بولنگ پاکستانی ٹیم کی قوت ہے اور وہ تین فاسٹ بولرز کے ساتھ پہلا میچ کھیلے گی۔
بنگلہ دیش کے بارے میں وقار یونس کا کہنا تھا بنگلہ دیش نے پچھلے کچھ عرصے کے دوران بہت ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو بین الاقوامی کرکٹ اور خود بنگلہ دیش کے لیے خوش آئند بات ہے۔
ورلڈ ٹی 20 سنہ 2016 میں بنگلہ دیش اور پاکستان کو گروپ 2 میں رکھا گیا ہے جس کی بقیہ ٹیمیں بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا ہیں۔
پاکستانی ٹیم اس میچ کے بعد 19 مارچ کو کولکتہ میں روایتی حریف پاکستان کا سامنا کرے گی جبکہ بنگلہ دیش کا دوسرا میچ 22 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف ہے۔