دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے خواتین کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے میچ میں پاکستان نے انڈیا کو دو رنز سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان کو جیتنے کے لیے 97 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان نے 16 اوورز کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز سکور کیے تھے۔
16 اوورز کے اختتام پر بارش شروع ہو گئی جس کے باعث کھیل روک دیا گیا۔ بارش مقررہ وقت تک نہ رکنے کے باعث ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت پاکستان دو رنز سے جیت گیا۔
انعم امین کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انعم امین نے چار اوورز میں نو رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز سکور کیے۔
تیسرے اوور کی آخری گیند پر ناہیدہ خان کیچ آؤٹ ہوئیں۔ انھوں نے 15 گیندوں میں 14 رنز سکور کیے۔
بھارت کو دوسری کامیابی نویں اوور میں ملی جب سدرہ امین 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ سدرہ نے 26 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے۔
دسویں اوور کی آخری گیند پر بسمہ معروف پانچ رنز سکور کر کے کیچ آؤٹ ہوئیں۔
15 ویں اوور میں بھارت کو اس وقت کامیابی حاصل ہوئی جب ارم جاوید کا عمدہ کیچ متھالی راج نے گوسوامی کی گیند پر پکڑا۔ ارم 14 گیندوں میں 10 رنز سکور کیے۔
اگلے ہی اوور میں اسمعاویہ اقبال چھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئیں۔ اگلی ہی گیند پر ثنا میر بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئیں۔
اس سے قبل تیسرے اوور میں پاکستان کو پہلی کامیابی ملی۔ ونیتھا انعم امین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئیں۔ ونیتھا صرف دو رنز بنا سکیں۔
چوتھے اوور میں پاکستان کو دوسری وکٹ ملی جب وندھنا ایک رن بنا کر اسمعاویہ اقبال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں۔
ندا ڈار کی گیند پر متھالی16 رنز بنا کر فل ٹاس پر کیچ آؤٹ ہوئیں۔
15 ویں اوور میں پاکستان کو ایک اور کامیابی ملی جب ہرمنپریت 29 گیندوں میں 16 رنز بنا کر سعدیہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئیں۔
پاکستان کو بڑی کامیابی 17 ویں اوور میں حاصل ہوئی جب ویدیا 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ دیدیا عمدہ بیٹنگ کر رہی تھیں۔ انھوں نے 24 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 18 رنز سکور کیے۔ ان کی وکٹ ثنا میر نے لی۔
پاکستان کو ایک اور کامیابی 18 ویں اوور کی آخری گیند پر ملی جب انوجا پٹیل رن آؤٹ ہوئیں۔
اننگز کی آخری گیند پر گوسوامی رن آؤٹ ہوئیں۔
پاکستان کی جانب سے انعم امین اور اسمعاویہ اقبال نے اپنی ٹیم کو ایک عمدہ آغاز فراہم کیا۔ انعم امین نے چار اوورز میں نو رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ اسمعاویہ اقبال نے اپنے چار اوورز میں 13 رنز دیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔
ان کے علاوہ کپتان ثنا میر، ندا ڈار اور سعدیہ یوسف نے بھی بہتر بولنگ کرتے ہوئے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔