آج ملک میں کیا ہوتا رہا

[pullquote]را کے ایجنٹ کو تربت، پنجگور سرحدی علاقے سے گرفتا ر کیا گیا،تفتیش شروع [/pullquote]

Indian Spy

اسلام آباد……را کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کو تربت اور پنجگور کےسرحدی علاقے سے گرفتا ر کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق را کے ایجنٹ کل بھوشن یاد یو کو مکران ڈویژن میں تربت اور پنجگور کےسرحدی علاقے سے گر فتا ر کیا گیا، اس نے دوران تفتیش انکشاف کیاکہ اس کےبلوچستان کے علیحد گی پسند گروپوں سےتعلقات تھے، کراچی میں بھی شرپسندوں سے اس کا رابطہ تھا۔

یادیو علیحدگی پسند گروپوں کو مخصوص ٹاسک دیا کرتا تھا جن کا مقصد حالات کو انتشار کی جانب لے جانا تھا، وہ تخریبی کارروائیوں کے لیے مقام کا تعین کرنے میں بھی ملوث تھا۔

[pullquote]ویڈیو دیکھئے [/pullquote]

بلوچستان سے گرفتارہونے والے "را” کے ایجنٹ کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، "را” کےایجنٹ کےپاسپورٹ پرایرانی ویزا لگاہواہے، اسے ایرانی پورٹ چاہ بہارمیں تعینات کیاگیاتھا ، وہ ایران کےراستےبلوچستان آیاتھا۔

پاسپورٹ کے مطابق "را” کے افسرکی تاریخ پیدائش 16 اپریل 1970 ہے، "را” کےایجنٹ کل بھوشن یادیوکےباپ کانام سدھیریادیو ہے، وہ بلوچستان اورکراچی کوعلیحدہ کرنےکی سازش میں شامل تھا۔

کل بھوشن یادیو 2013سے "را” کےلیے کام کررہا تھا، اس کا انڈین نیوی نمبر 41558 زیڈ ہے، اس نے حسین مبارک پٹیل کے نام سے پاسپورٹ بنوایا تھا، بیوی اور 2 دوبچے کل بھوشن کے ساتھ رہتے تھے ، وہ ایران کےراستےبلوچستان آتا تھا، اس کا پاسپورٹ نمبرایل 9630722 ہے۔

[pullquote]گزشتہ روز بلوچستان سے ’’ را ‘‘ کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری پر پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالے کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا[/pullquote]

نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ دیا ۔ احتجاجی مراسلہ میں’’ را ‘‘کی پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے پر احتجاج کیا گیا ۔ بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں’’ را ‘‘کی سرگرمیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا سیکرٹری خارجہ نے گوتم بمبانوالے سے جواب طلب کیا کہ کل بھوشن یادیو جو بھارتی نیوی کا افسر اور را کا ایجنٹ ہے وہ بلوچستان میں کیا کر رہا تھا جبکہ’’ را ‘‘کی سی پیک ، بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں افراتفری پھیلانے کی سرگرمیوں پر جواب طلب کیا گیا ہے
اعزاز چوہدری نے بلوچستان سے را کے افسر کی گرفتاری کی مذمت کی اور بھارتی ہائی کمشنر کو احتجاج بھی ریکارڈ کروایا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز خان بگٹی نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے افسر کی بلوچستان سے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ گرفتار را افسر کو مزید تفتیش کے لیے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے

[pullquote]ایف سی سی ایوارڈ کے تحت گندم کی خریداری کی جائے، خورشید شاہ[/pullquote]

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ایف سی سی ایوارڈ کے تحت گندم کی خریداری کی جائے جبکہ وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رواں سال بلوچستان‘ سندھ اور پنجاب سے دس لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی جائے گی

جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ملک میں گندم کی خریداری کا عمل شروع ہے۔ پاسکو پورے ملک سے گندم خریدرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے کے تحت گندم کی خریداری کی جائے۔ اس کے جواب میں قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن نے کہا کہ گزشتہ سال سندھ سے 80 ہزار ٹن ریکارڈ گندم خریدی گئی۔ اس سال بھی خریداری یقینی بنائی جائے گی

وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن نے کہا کہ رواں سال بلوچستان‘ سندھ اور پنجاب سے دس لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی جائے گی۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پنجاب کے مقابلے میں دیگر صوبوں سے کم گندم خریدی جارہی ہے۔ وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن نے کہا کہ گندم کی خریداری باقاعدہ ایک فارمولے کے تحت کی جاتی ہے۔ اللہ کی مہربانی سے گندم کی فصل اچھی ہے۔ کسی حکومت نے سندھ سے 40 ہزار ٹن سے زائد گندم نہیں خریدی ہم نے ریکارڈ 80 ہزار ٹن گندم خریدی ہے۔ ہماری رہنمائی کی جائے ہم اس پر عمل کریں گے
سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت باقاعدہ انہیں تحریری طور پر بتائے گی کہ ان تحصیلوں سے گندم خریدی جائے۔ اجلاس کے دور ان وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ نے تجویز پیش کی کہ گندم کی خریداری کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کو بھیجا جائے‘ اس سے پنجاب کے کاشتکاروں کے لئے بھی آسانی رہے گی، اس معاملے پر قومی پالیسی بننی چاہیے اور ہر صوبہ کو اپنی ضرورت کے مطابق گندم خرید لینی چاہیے

وفاقی وزیر سکندرحیات بوسن نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد زراعت صوبائی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فصلوں کی لاگت بڑھنے سے مسائل درپیش ہیں، سابق حکومت نے گندم کی قیمت بھی بڑھائی اور ساتھ جنرل سیلز ٹیکس بھی لگا دیا۔ صوبے مل کر پالیسی بنائیں اور پیداواری لاگت کم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ زرعی شعبہ کی حالت اچھی نہیں ہے۔ ارکان اپنی اپنی صوبائی حکومتوں کو قومی پالیسی کی تشکیل کے لئے آمادہ کریں

[pullquote]ہری پور:غیرت کے نام پر 19 سالہ لڑکی قتل[/pullquote]

ہری ہور میں ایک شخص نے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کو قتل جبکہ بیوی کو زخمی کردیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد خرم راشد کے مطابق ہری پور کے رہائشی ایک شخص نے اپنی 19 سالہ بیٹی کو پسند کی شادی کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

خرم راشد کے مطابق مذکورہ لڑکی نے اپنے والد اور خاندان کی مرضی کے خلاف ایک سال قبل پسند سے شادی کی تھی، تاہم جب وہ اپنے والدین سے ملنے ان کے گھر آئی تو اس کے والد نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا جبکہ اس کی والدہ زخمی ہوگئیں۔

پولیس نے مذکورہ شخص کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 302 اور 304 کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔

ملزم کو بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے اسے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پاکستان میں ‘غیرت’ کے نام پر سات سال میں تین ہزار قتل ہوئے۔

ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال عزت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ایسا اکثر خاندان کے افراد کی جانب سے ہوتا ہے۔

[pullquote]کوئی لندن،کوئی جنیوامیں بیٹھ کراستعمال ہورہاہے، عامرریاض[/pullquote]

کوئٹہ……کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض کا کہنا ہے کہ کل ہم سب نےدیکھاکہ دشمن کاحاضرسروس ملازم بلوچستان سےپکڑاگیا، "را” ایجنٹ کےبلوچ علیحدگی پسندوں سےرابطے تھے، "را” کےایجنٹ نےرابطوں کااعتراف کیا، کوئی لندن،کوئی جینیوامیں بیٹھ کراستعمال ہورہاہے۔

کوئٹہ میں بلوچستان اسپورٹس فیسٹیول کے یوم شہداکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نےکہاکہ بلوچستان میں ترقی کی بات ہو تو دشمن بےقرار ہوجاتاہے، انہوں نے کہاکہ کوئی لندن، کوئی جنیوا میں بیٹھ کر استعمال ہورہاہے، بلوچستان کےاندر لوگ دشمن کےبہکاوے میں آجاتے ہیں، صوبے کےلوگ دشمن کےبہکاوے میں نہ آئیں اور عوام بیرونی سازشوں کو سمجھیں، جبکہ بھٹکتےہوئے لوگوں کےلئےپیغام ہےکہ وہ سدھر جائیں۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہاکہ ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کو خطرہ ہے، یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں ہے، 10سال میں 60ہزارلوگوں نےجانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم شہداء کی تقریب میں شرکت میرے لئےعزت کا مقام ہے، شہداء کےلواحقین کےساتھ موجود ہونابھی میرے لئے اعزازہے، یوم شہدا کی تقریب میں صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی اور دیگر حکام سمیت مختلف واقعات میں شہیداہلکاروں و دیگر افراد کےلواحقین بھی شریک تھے۔

[pullquote]پی آئی اے کا کرائے کی تفصیل نہ دینے پر حج پالیسی تاخیر کا شکار [/pullquote]

اسلام آباد ……پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی جانب سے حج کرایوں کی تفصیلات فراہم نہ کیے جانے کے باعث حج پالیسی تاخیر کا شکارہوگئی ہے،وزارت مذہبی امور کے حکام نے سیاسی دباو پر ہارڈ شپ کوٹہ بحال کرنے پر غور شروع کر دیا۔

سرکاری حج پرکتنی رقم خرچ ہوگی ؟؟ وزارت مذہبی امور ریٹ طے کرنےمیں ایک بارپھرناکام ہوگیا،جسے اس معاملے میں پی آئی اے کے جواب کا انتظار ہے۔تین ہفتے گزر گئے پی آئی اے انتظامیہ کرایوں کےنرخ فراہم نہ کرپائی ۔

ادھرذرائع نے جیونیوز کوبتایاہے کہ وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج کوٹہ 10 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رواں سال سرکاری کوٹے پر60 فیصد جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 40 فیصد عازمین حج حجاز مقدس جا سکیں گے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سیاسی دباو کے باعث وزارت کے حکام ختم کیے جانے والے 5 فیصد ہارڈ شپ کوٹے کو دوبارہ بحال کرنے پر غور کررہے ہیں، جس کے تحت ارکان پارلیمنٹ اور حکومتی شخصیات کو حج پر بھجوا جاسکے گا ۔

پی آئی اے سے ریٹس ملنے کے بعد منگل کو حج پالیسی کو حتمی شکل دیے جانے کاامکان ہے ۔

[pullquote]لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب کا کرباٹھ میں ہائی اسکول کا اچانک دورہ [/pullquote]

لاہور…….وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،طبی سہولتوں کیلئے اربوں روپے کے وسائل ضائع نہیں ہونے دیں گے، طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور کے نواحی علاقے کرباٹھ میں گورنمنٹ ہائی اسکول کابغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے تعلیمی سہولتو ں کا جائزہ لیا،کلاس رومز، سائنس لیب اور آئی ٹی لیب کابھی معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے خود اسکولوں کے غیر اعلانیہ دورے کررہے ہیں، وزیراعلیٰ نے بچوں سے سوالات کئے اور درست جوابات پر انہیں شاباش دی۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بغیر پروٹوکول گورنمنٹ ٹیچنگ اسپتال شاہدرہ کا اچانک دورہ کیا، وارڈزاورآپریشن تھیٹرز میں صفائی کے انتظامات،طبی آلات اور مشینری کا معائنہ کیا لیکن نہ وہاں حالات تسلی بخش تھے نہ ہی عملے کے جوابات۔

بعض مریضوں کی جانب سے مفت ادویات نہ ملنے کی شکایت پر وزیراعلیٰ برہم ہوگئے ۔وزیراعلیٰ نے مقررہ وقت پراسپتال حاضر نہ ہونے پر ایم ایس کی سرزنش کی۔

[pullquote]امریکا زراعت ،لائیواسٹاک اور توانائی میں پاکستان کی معاونت کرتا رہےگا[/pullquote]

لاہور …… امریکی قونصل جنرل لاہور ہارکن زیچرے نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی زراعت، لائیواسٹاک اور توانائی کے شعبوں میں معاونت کرتا رہے گا ۔

پاکستان میں گائیوں کی درآمد پر عالمی پابندیاں ختم ہو نے پرامریکی نسل کی گائیوں کی پہلی کھیپ وزیر آباد کے فارم ہاؤس لائی گئی،اس موقع پر امریکی قونصل جنرل لاہورہارکن زیچرےبھی وہاں پہنچے ،وہ زمینداروں اور کاشت کاروں میں گھل مل گئےاور تصویریں اترواتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں لائیواسٹاک او رزراعت کی ترقی میں کردار ادا کرتارہے گا ۔

زمینداروں اور کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ دودھ اور گوشت کی مانگ کو مدنظر رکھ کر پالیسیاں بنا نا ہو ں گی ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ گائے کی قیمت دو ڈھائی ہزار ڈالر ہونے کے باعث چھوٹا کسان نہیں خرید سکتا ،حکومت سبسڈی دے۔

زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک سے اعلیٰ نسل کی گائے آنے سے پیداوار بڑھنے کے ساتھ عوام کو معیاری دودھ اور گوشت میسر آئے گا۔

[pullquote]عامرلیاقت حسین کوتحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ[/pullquote]

کراچی……مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے ٹی ٹی پی کی جانب سے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین پر ممکنہ قاتلانہ حملے کی دھمکی کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عامر لیاقت حسین کو تحفظ فراہم کر کے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔

مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ صرف اطلاع پر اکتفا کرنے کی بجائے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو تحفظ دے کر اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ڈاکٹر عامرلیاقت حسین بغیر کسی لالچ اور غرض کے ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے کے کوششیں کر رہے ہیں، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انھیں ہر قسم کا تحفظ دینے کے لیے جلد از جلد لائحہ عمل تیار کریں۔

علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو پیغام دیا کہ راہ حق کے مسافروں کو ہر قسم کی پریشانیوں اور آفات کا سا منا رہتا ہے، اس لیے اپنے موقف سے ہرگز پیچھے نہ ہٹیں۔ ڈاکٹر شیخ ولی خان المظفر نے کہا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے الیکٹرانک میڈیا کو اسلام کا حقیقی پیغام پہنچانے کے لیے استعمال کیا، انھیں دھمکیاں قابل مذمت ہیں۔

علامہ شبیر میثمی نے بھی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈکٹر عامر لیاقت حسین ملک وملت اور اسلام کے دشمنوں کے خلاف کھل کر نبرد آزما ہیں، ایسی ہمت بہت کم لوگوں میں ہوتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے