[pullquote]پاکستان
[/pullquote]
[pullquote]کچھ لوگ ہمیں ترقی کے سفر سے ہٹانا چاہتے ہیں،وزیراعظم
[/pullquote]
اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ حکومت پرناجائزتنقید کرکے ہمیں ترقی کے سفرسے ہٹانا چاہتے ہیں ۔ا ن کے مذموم مقاصد ناکام ہوں گے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے عوام کی تقدیربدل دے گا۔
وزیراعظم نوازشریف سے مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی بابرنوازخان، سید ثقلین بخاری ،ملک سلطان محمود نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اراکین قومی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں، عوامی مسائل اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
اراکین نے بتایا کہ عوام حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور کارکردگی سے مطمئن ہیں اوروزیراعظم کی عوام دوست پالیسیوں پراعتماد کا اظہارکرتے ہیں۔ اس موقع پروزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا اصل مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے کوئی کسراٹھا نہیں رکھیں گے۔
وزیرا عظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے عوام کی تقدیربدل دے گا اورملک معاشی انقلاب کا زینہ بنے گا۔ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ حکومت پرناجائزتنقید کررہے ہیں۔ ہمیں ہمارے اصل مقصدترقی کے سفرسے ہٹانا چاہتے ہیں ۔ بے جا تنقید کرنے والے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان میں ترقی اورخوشحالی کا سفرجاری رہے گا۔
[pullquote]کراچی:تحریک انصاف کی کرپشن مکاؤ مہم شروع
[/pullquote]
کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کراچی سے’کرپشن مکاؤ ملک بچاؤ‘ مہم شروع کر دی۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی مہم آغاز کے لیے کراچی پہنچے تو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے استقبال کیا۔
2 روز قبل اسلام آباد میں تحریک انصاف کے 20ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کراچی سے انسداد کرپشن مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
[pullquote]خاتون سے بدسلوکی ،عمران خان نے خاتون کے خط پہ کمیٹی بنادی
[/pullquote]
پی ٹی آئی کےیوم تاسیس پرہو نےوالےجلسےمیں خواتین سےنارواسلوک کیخلاف عمران خان نےکمیٹی تشکیل دےدی ۔کمیٹی پی ٹی آئی کی خا تون ایڈوائزر عظمی کا ردار کے خط کے بعد بنا ئی گئی ہے
پی ٹی آئی کی خاتون ایڈوائزر عظمٰی کاردار پھٹ پڑیں ۔۔۔ ناروا سلوک پر عمران خان کو مذمتی خط لکھ دیا ۔۔ خط کے متن کے مطابق جلسے میں بدسلوکی کرنےو الے ن لیگ کے نہیں ہمارے اپنے کارکن تھے کسی اور پر ذمہ داری نہیں ڈالی جاسکتی ، پارٹی انتظامیہ خود ذمہ دار ہے،
خط میں لکھا گیا ھے کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں خواتین سے بدسلوکی کا یہ پہلا واقع نہیں ہے ، جلسے کا انتظام بہتر بنانے کی بجائے ساری لیڈر شپ تصاویر بنوانے میں مصروف تھی ۔کمیٹی میں نفیسہ خٹک،نعیم الحق،یونس علی اورطلعت نقوی شامل ہیں ، کمیٹی سات روز میں تحقیقات کرکے رپورٹ عمران خان کوپیش کرے گی۔
[pullquote]پانامہ لیکس تحقیقات کمیشن کی ٹی اوآرز میں تبدیلی نہیں ہو گی ، وزیر قانون
[/pullquote]
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر قانون زاھد حامد کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کو یہ نہیں کہہ سکتے کہ کس کا احتساب کریں کس کا نہیں،
انکا کہنا تھا کہ اپوزیشن تنقید برائے تنقید سے کام لے رہی ہے، جبکہ اپوزیشن نے ٹی او آرز کے حوالے سے کوئی تجاویز نہیں دی حکومت نے شفاف تحقیقات کے لءٰے کمیشن بنایا اور خود کو احتساب کے لءیے پیش کیا
[pullquote]جمہوریت سے انحراف خطرناک ثابت ہوگا،رضاربانی
[/pullquote]
سینیٹ کے چیئرمین میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ اگر جمہوریت سے انحراف کیا گیاتویہ خطرناک ثابت ہوگا،مصنوعی طورپردریاکارخ نہ بدلا جائے
[pullquote]معروف کشمیری حریت پسند رہنما امان اللہ خان آج راولپنڈی میںانتقال کر گئے
[/pullquote]
تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما امان اللہ خان 84برس کی عمر میں آج راولپنڈی میں انتقال کر گئے ۔
امان اللہ خان طویل عرصے سے علیل تھے اور راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔
امان اللہ خان آخر دم تک جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ کی حیثیت سے جد وجہد کرتے رہے .
[pullquote]بجلی کی قیمت میں 2.83 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری
[/pullquote]
اسلام آباد:نیپرانے بجلی کی قیمت میں دوروپے تراسی پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی،کے الیکٹرک اور ماہانہ تین سویونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین پر قیمتوں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت کے بعد کی،نیپرا اتھارٹی کو بتایا گیا کہ مارچ کے دوران گیس سے تینتیس فیصد ، فرنس آئل سے تیس فیصد اور ہائیڈل سے اٹھائیس فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک اور تین سو یونٹ تک ماہانہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا ،صار فین کو بجلی کی قمیت میں کمی کا ریلیف آئندہ ماہ کے بلوں میں دیا جائے گا۔
[pullquote]شوہر نے دوستوں کے ساتھ ملکر جنسی زیادتی کی
[/pullquote]
مظفرآباد: آزاد کشمیر میں ایک خاتون نے اپنے خاوند اور اس کے دوستوں پر گینگ ریپ کا الزام لگایا ہے۔
پولیس کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد سے 18 کلومیٹر دور تھانہ گڑھی دوپٹہ کے گاؤں کائی منجہ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے الزام لگایا کہ ان کے خاوند اور ان کے دوستوں نے منصوبہ بندی کرکے انہیں گھر بلایا اور گینگ ریپ کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ وہ گھریلوں تنازع کے باعث کچھ عرصہ قبل اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھیں جہاں تین روز قبل ان کا خاوند انہیں منانے کیلئے آئے اور یقین دہانیوں کے بعد اپنے چچا کی گارنٹی پر اہلیہ کو واپس گھر لے گئے۔
ایس ایچ او گڑھی دوپٹہ بابر رفیق نے بتایا کہ متاثرہ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ جب وہ اپنے خاوند کے ساتھ گھر پہنچیں تو مبینہ طور پر پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت وہاں موجود 6 افراد نے خاتون کا گینگ ریپ کیا۔
بابر رفیق کا کہنا تھا کہ گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کے شوہر کی تلاش جاری ہے جبکہ ملزم کے دو ساتھوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
[pullquote]لاہور سے لیڈی ٹریفک وارڈن اغوا
[/pullquote]
لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزشتہ رات لیڈی ٹریفک وارڈن کو اغوا کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق باغبان پورہ کی رہائشی لیڈی ٹریفک وارڈن افراء سعید پیر کی شب کینٹ سیکٹر میں ڈیوٹی پوری کرکے واپس آرہی تھیں کہ شمالی چھاونی کے علاقہ سے انہیں اغوا کرلیا گیا۔
پولیس نے اغوا کے شبے میں چھ افراد کو نامزد کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
انسپکٹر انچارج غلام ثقلین کے مطابق شمالی کنٹونمنٹ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ خاتون کے دیور کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون کے شوہر کا انتقال ہوچکا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس علی نواز کے مطابق خاتون کے گھر میں جائیداد کا تنازع چل رہا تو تھا ممکنہ طور پر اغوا کی وجہ ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب افراء کے ورثا نے شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون وارڈن کے سسرالی اغوا میں ملوث ہوسکتے ہیں۔
[pullquote]زہریلی مٹھائی، ہلاک شدگان کی تعداد چھبیس ہو گئی
[/pullquote]
پاکستانی صوبے پنجاب میں زہریلی مٹھائی کھانے کے باعث ہلاک شدگان کی تعداد چھبیس ہو گئی ہے۔ کیڑے مار ادویات سے آلودہ اس مٹھائی کی وجہ سے درجنوں دیگر افراد شدید بیمار بھی ہوئے ہیں۔ لیہ کی پولیس نے بتایا ہے کہ دوکان کی ملازم نے غلطی سے ذائقے کی خاطر بنائے گئے شیرے کے بجائے مٹھائی پر کیڑے مار ادویات کا چھڑکاؤ کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق دوکان کے دو مالکان اور ایک ملازم سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔
[pullquote]عالمی خبریں
[/pullquote]
[pullquote]’تخریبی سرگرمیاں تعلقات کی بحالی کی راہ میں رکاوٹ‘
[/pullquote]
پاکستان نے کراچی اور بلوچستان میں انڈین خفیہ ایجنسی را کی مبینہ مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی تخریبی سرگرمیاں تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں کو متاثر کرتی ہیں۔
یہ بات پاکستان کے دفترِ خارجہ کی جانب سے منگل کو پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری اور ان کے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر کے درمیان دہلی میں بات چیت کے بعد جاری کیے گئے بیان میں کہی گئی ہے۔
دونوں سفارت کاروں کے درمیان یہ باہمی مذاکرات بھارتی وزرات خارجہ کے صدر دفتر ساؤتھ بلا ک میں ہوئے۔
دفترِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سیکریٹری خارجہ نے بلوچستان سے گرفتار ہونے والے انڈین جاسوس کلبھوشن کے بارے میں پاکستان کی تشویش سے بھارتی حکام کو آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکرات کا جلد از جلد بحال ہونے چاہیے۔
[pullquote]چرنوبل حادثے کے تیس برس مکمل، خصوصی یادگاری تقریبات
[/pullquote]
یوکرائن میں چرنوبل جوہری حادثے کے تیس برس مکمل ہونے پر آج خصوصی یادگاری تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ چرنوبل کے ایٹمی ری ایکٹر میں چھبیس اپریل 1986ء کو رونما ہونے والا حادثہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا بدترین واقعہ گردانا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد مارے گئے تھے۔ اس وقت کے سوویت حکام نے اس حادثے کی تباہ کاریوں کو چھپانے کی بھرپور کوشش کی تھی۔ دو سو ٹن یورنیم اب بھی اس ری ایکٹر میں موجود ہے، جس کی بہتر اسٹوریج کے لیے عالمی ماہرین اب بھی کوشاں ہیں۔
[pullquote]مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، شیخ حسینہ واجد
[/pullquote]
بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کی حکومت تشدد کے تازہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔ گزشتہ روزچند نامعلوم افراد نے ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے سلہار منان اور ان کے ایک دوست کو چاقوؤں سے وار کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ حسینہ واجد نے اس تازہ تشدد کے لیے اپوزیشن پارٹی اور ان کے اتحادی جنگجوؤں کو قصور وار ٹھہرایا ہے۔ امریکا نے ڈھاکا میں ہوئے ان حملوں کو ’بہیمانہ واردات‘ قرار دیا ہے۔
[pullquote]آسٹریلیا کے لیے آبدوزیں، فرانس نے کنٹریکٹ حاصل کر لیا
[/pullquote]
آسٹریلیا کے لیے بارہ آبدوزیں تیار کرنے کا کنٹریکٹ فرانس نے حاصل کر لیا ہے۔ پچاس بلین ڈالر مالیت کے اس کنٹریکٹ کو حاصل کرنے کے لیے جرمنی اور جاپان بھی کوشش میں تھے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم نے آج بتایا کہ رائل آسٹریلین نیوی کے لیے ان آبدوزوں کی تیاری کے لیے فرانس کو منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ آبدوزیں ایڈیلیڈ میں تیار کی جائیں گی، جس کی وجہ سے آسٹریلیا میں روزگار کے اٹھائیس ہزار نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
[pullquote]مصر میں ’ہم جنس پرستی کے مرتکب‘ بارہ افراد کو سزا
[/pullquote]
مصر کی ایک عدالت نے گیارہ افراد کو ہم جنس پرستی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ملکی قانون کے مطابق انہیں سزائیں سنا دی ہیں۔ اے ایف پی نے عدالتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ انہیں تین تا بارہ برس کی سزائے قید سنائی گئی ہے۔ ان افراد کو قاہرہ میں گزشتہ برس ستمبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔
[pullquote]فلپائن میں جنگجوؤں نے کینیڈین شہری کا سر قلم کر دیا
[/pullquote]
فلپائن میں مسلم انتہا پسندوں کی طرف سے کینیڈین شہری جان ریسڈل کا سر قلم کر دیا گیا۔ اس پیشرفت سے ان جہادیوں کی قید میں موجود دیگر بیس یرغمالیوں کی سکیورٹی سے متعلق تحفظات میں میزید اضافہ ہو گیا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹریڈو نے کہا ہے کہ فلپائن کے جنوبی جنگلاتی علاقے جولو میں ریسڈل کا کٹا ہوا سر مل گیا ہے۔ انہوں نے جنگجوؤں کی اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہیمانہ قتل تھا۔ اغوا کاروں نے رِیسڈل ، ایک دیگر کینیڈین باشندے اور ایک ناروے کے شہری کو سات ماہ قبل اغوا کیا تھا۔ ان مسلم انتہا پسندوں نے مغویوں کی رہائی کے لیے فی کس اکیس ملین ڈالر تاوان کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
[pullquote]اوباما کا دورہ جرمنی مکمل
[/pullquote]
امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے دورہ جرمنی کے دوران زور دیا کہ یورپی ممالک کو متحد رہنا چاہیے۔ گزشتہ روز انہوں نے یورپی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ یورپ اپنے دفاع کے لیے کافی کوشش نہیں کر رہا۔ اوباما نے کہا کہ نیٹو کو عالمی سکیورٹی کے لیے زیادہ اقدامات کرنا چاہییں۔ اس موقع پر انہوں نے شام میں مزید ڈھائی سو فوجی روانہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ علاوہ ازیں اوباما نے کہا کہ مجوزہ ٹرانس اٹلانٹک ٹریڈ معاہدے یورپ اور امریکا کو مزید قریب لا سکتے ہیں۔
[pullquote]نئی دہلی کے میوزیم میں آتشزدگی، نادر اشیا کو نقصان
[/pullquote]
بھارتی دارالحکومت میں واقع نیچرل ہسٹری میوزیم میں آتشزدگی کے نتیجے میں کئی نادر اشیاء کو نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ نئی دہلی کے مرکزی علاقے میں واقع اس میوزیم کی چھٹی منزل پر گزشتہ رات آگ لگی، جس نے تیزی سے پھیلتے ہوئے دیگر حصے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر فائٹرز نے پانچ گھنٹے کی کوشش کے بعد اس آگ پر قابو پایا۔ وزیر ماحولیات نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
[pullquote]مصر میں حکومت مخالف مظاہرے، آنسو گیس کا استعمال
[/pullquote]
مصر میں صدر السیسی کے خلاف نکالے جانے والے مظاہروں کو کچلنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے طاقت کا استعمال کیا ہے۔ گزشتہ روز قاہرہ میں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل برسائے جبکہ درجنوں افراد کو گرفتار بھی کر لیا۔ قبل ازیں السیسی نے عوام سے کہا تھا کہ ان مظاہروں کے دوران ملک اور اداروں کی حفاظت کی کوشش کی جائے۔ گزشتہ ماہ کے آغاز پر بھی السیسی کی پالیسیوں کے خلاف ایک بڑے مظاہرے کا اہتمام کیا گیا تھا۔
[pullquote]چین مین غیر ملکی این جی اووز کے خلاف نیا مجوزہ قانون
[/pullquote]
چین میں فعال غیر ملکی غیر سرکاری اداروں کو کڑی حکومتی نگرانی میں لانے کے لیے ایک قانون کو منظور کیا جا رہا ہے۔ اس مجوزہ قانون کے تحت چین میں غیر ملکی این جی اووز اور ملازمین کو براہ راست پولیس کے ماتحت لایا جا رہا ہے۔ اس مجوزہ قانون کو امریکا سمیت متعدد مغربی ممالک نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
[pullquote]جرمنی آنے والے مہاجرین کی تعداد میں کمی
[/pullquote]
تین شمالی افریقی ممالک سے جرمنی آنے والے تارکین وطن کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال کے دوران الجزائر، مراکش اور تیونس سے جرمنی کا رخ کرنے مہاجرین کی تعداد میں کمی کی وجہ برلن کی طرف سے ان ممالک کو ’محفوظ ممالک‘ کا درجہ دینا بتائی گئی ہے۔ محفوظ ممالک کی فہرست میں شامل ممالک سے جرمنی آنے والے تارکین وطن کو آسانی کے ساتھ واپس روانہ کیا جا سکتا ہے۔
[pullquote]یمن میں قیام امن کی کوششیں، سلامتی کونسل کی مداخلت
[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن امن مذاکرات میں شریک تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں جاری شورش کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہو جائیں۔ کویت میں جاری ان مذاکرات میں یمنی تنازعے کے تمام فریقین اقوام متحدہ کی ثالثی میں قیام امن کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ سلامتی کونسل نے فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اعتماد سازی کے لیے مرکزی محاذوں پر تعینات بھاری ہتھیاروں کو واپس لے جائیں۔
[pullquote]آرمینیا میں بس دھماکا، دو افراد ہلاک
[/pullquote]
آرمینیا میں ایک بس میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم دو افراد مارے گئے ہیں۔ اس سابق سوویت جمہوریہ کے حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت میں رونما ہونے والے اس حادثے میں چھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ابھی تک اس دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
[pullquote]برونڈی میں تازہ تشدد، فوجی جنرل ہلاک
[/pullquote]
برونڈی میں بھڑکنے والے تازہ تشدد میں ایک فوجی جنرل کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب عالمی فوجداری عدالت کے استغاثہ نے کہا کہ اس وسطی افریقی ملک میں مبینہ زیادتیوں کی ابتدائی چھان بین شروع کی جا رہی ہے۔ برونڈی میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں سینکڑوں اہم شخصیات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
[pullquote]جرمن بھر کے ہوائی اڈوں پر ہڑتال
[/pullquote]
جرمنی کے تمام ہوائی اڈوں پر بدھ کے دن عام ہڑتال کی جا رہی ہے۔ ایوی ایشن حکام نے بتایا ہے کہ اس ایک روزہ ہڑتال کی وجہ سے ملک بھر میں ہزاروں مسافروں کو مشکلات پیش آئیں گی۔ میونخ حکام کے مطابق تمام بین البراعظمی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ ڈومیسٹک اور یورپی پروازیں بھی شدید متاثر ہوں گی۔ جرمن ٹریڈ یونین ویردی کی طرف سے کی جانے والی اس ہڑتال کا مقصد حکومت کو تنخواہوں میں اضافے پر مجبور کرنا بتایا گیا ہے۔
[pullquote]کھیلوں کی خبریں
[/pullquote]
[pullquote]یونس کو پی سی بی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری
[/pullquote]
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یونس خان کو معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پاکستان کپ میں شرکت سے روک دیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یونس خان نے پاکستان کپ میں امپائرنگ پر اعتراض کیا لیکن میچ ریفری کی جانب سے نوٹس جاری کرنے پر اس کو وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے احتجاجی طور پر ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔
فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ میں یونس خان خیبر پختونخوا ٹیم کی قیادت کررہے تھے جہاں اپنے پہلے میچ میں حریف ٹیم اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق کو آؤٹ قرار نہیں دینے پر ناقص امپائرنگ کی نشاندہی کی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پنجاب کے خلاف دو رنز سے کامیابی کے باوجود اعتراض کیا تھا۔
میچ ریفری نے امپائرکی شکایت پر یونس خان کو نوٹس جاری کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے جبکہ میچ ریفری نے انھیں میچ فیس کا 50 فی صد جرمانہ کردیا جس کے بعد وہ احتجاجاً ٹورنامنٹ چھوڑ کر کراچی واپس آگئے تھے۔
[pullquote]آئی سی سی پربگ تھری کی اجارہ داری ختم کرنے کیلئے تیاریاں مکمل
[/pullquote]
دبئی:آئی سی سی پربگ تھری کی اجارہ داری ختم کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں، آزادانہ حیثیت میں کام کرنے والے جمہوری چیئرمین کا انتخاب مئی میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹیوبورڈ کا اجلاس دبئی میں ہوا، جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے، گورننگ باڈی کوبگ تھری کے چنگل سے نکالنے کیلئے اقدامات شروع کردئیے گئے، فل کونسل آئندہ چند ہفتوں کے دوران آئین میں ترامیم کی منظوری دے گی۔
جس کے بعد آزادانہ چیئرمین کا انتخاب مئی میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا، عہدے کیلئے نامزدگی کا حق آئی سی سی ڈائریکٹرزکوہوگا۔ اجلاس میں آئرلینڈ اورافغانستان کیلئے پانچ پانچ لاکھ ڈالرزون ڈیفنڈ کی منظوری دی گئی، حکومت کی مداخلت کے باعث نیپال کرکٹ ایسوسی ایشن کی رکنیت معطل کردی گئی۔
بورڈ میٹنگ میں ویسٹ انڈین کرکٹرزکی سرزنش کی گئی، ارکان کا کہنا تھا کہ ورلڈ چیمپیئن ویسٹ انڈین ٹیم کے کھلاڑیوں نے میڈیا کے سامنے جس طرح کی باتیں کیں وہ ناقابل قبول ہیں۔
[pullquote]شوبز[/pullquote]
[pullquote]شاہ رخ کے بیٹے کو ابھی ڈیبیو نہیں کروا رہا، کرن
[/pullquote]
ممبئی: بولی وڈ ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کرن جوہر نے واضح کیا ہے کہ وہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو اپنی فلم ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر’ کے سیکوئل میں ڈیبیو نہیں کروا رہے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق جب کرن سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ آریان خان کو ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2’ میں لانچ کر رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ ‘آریان کو اگلے 5 سال تک اپنی تعلیم مکمل کرنی ہے، جس کے بعد وہ فیصلہ کرے گا کہ وہ فلموں میں کام کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔’
کرن نے مزید کہا کہ ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2’ کی کاسٹ اور کریو کے اعلان تک سب کو انتظار کرنا چاہیے۔
جب کرن سے شاہ رخ کے چھوٹے بیٹے ابرام کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا وہ اگلے ماہ 3 سال کا ہوجائے گا، لہذا میں اسے 20 سال بعد اپنی فلم میں کاسٹ کروں گا، لیکن اس سے پہلے آریان کو فلموں میں متعارف کراؤں گا۔
حال ہی میں شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ ان کا بیٹا آریان پہلے اپنی گریجویشن مکمل کرے گا اور پھراگر وہ چاہے تو بولی وڈ میں کیریئر کا آغاز کرسکتا ہے۔