پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم ترین خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]وزیراعظم کا دورہ: ہزارہ یونیورسٹی 2 دن کیلئے بند
[/pullquote]

nawaz

اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں واقع ہزارہ ہونیورسٹی کو وزیراعظم نواز شریف کے دورے کے پیش نظر 2 دن کے لیے بند کردیا گیا۔
ڈپٹی رجسٹرار اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ‘تمام متعلقہ افراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورے کے پیش نظر ہزارہ یونیورسٹی 27 اور 28 اپریل 2016 کو بند رہے گی۔’
نوٹیفکیشن میں بوائز ہاسٹل کے طلبہ کو 27 اپریل (بروز بدھ) کو شام 4 بجے تک ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت، جبکہ گرلز ہاسٹل میں رہائش پزیر طالبات سے کہا گیا ہے کہ وہ 27 اپریل کی شام سے لے کر 28 اپریل (بروز جمعرات) کی شام تک ہاسٹل تک ہی محدود رہیں۔
مزید کہا گیا کہ یونیورسٹی کے تمام دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب یونیورسٹی کی حدود میں چیکنگ کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف جمعرات 28 اپریل کو ہزارہ یونیورسٹی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے، وزیراعظم کا یہ دورہ ان کی عوامی جلسوں سے خطاب کی حکمت عملی کا ہی ایک حصہ ہے جس کے تحت 2 روز قبل انھوں نے ضلع راولپنڈی کے علاقے کوتلی ستیاں میں بھی ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا تھا۔

[pullquote]نوازشریف سیاسی مخالفین کو بلیک میل کر رہے ہیں،عمران خان
[/pullquote]

imran

عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف پاناما لیکس پر پوزیشن واضح کرنے کی بجائے سیاسی مخالفین کو بلیک میل کر رہے ہیں، جہا نگرترین کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوازشریف پاناما لیکس اور آف شور کمپنیوں پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کے بجائے سیاسی مخالفین کو بلیک میل کرنے کیلئے حکومتی مشینری استعمال کر رہے ہیں،مسلم لیگ ن حکومت میں ہے،کسی کے خلاف شواہد ہیں تو تحقیقات کی جائے نہ کہ مخالفین کو بلیک میل کرے۔
عمرا ن خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی مخصوص اسٹریٹیجی ہے کہ اگرغلطیاں عیاں ہوجائیں تومخالفیں کے خلاف پروپیگنڈا شروع کردیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیرترین نے قرضے معاف نہ کروانے کے دستاویزی ثبوت فراہم کردیئے ہیں اوروہ بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

[pullquote]کاشف ڈیوڈ کا لیگی رہنما سمیت 30 قتل کا اعتراف
[/pullquote]

MQM Kashif target Killer

کراچی: گزشتہ روز رینجرز کی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلر کاشف عرف ڈیوڈ نے ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس اہلکاروں اور اہم سیاسی رہنماؤں سمیت 30 سے زائد افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا۔
رینجرز ترجمان کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق کاشف عرف ڈیوڈ نے دوران تفتیش حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما زوہیر اکرم ندیم اور بہاری قومی مومنٹ کے رہنما آفتاب ملک کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔
ترجمان کے مطابق کاشف ڈیوڈ 1995 سے بدنام ٹارگٹ کلر اجمل پہاڑی کی ٹیم کا حصہ تھا اور 2005 سے متحدہ قومی مومنٹ (ایم کی ایم) کی رابطہ کمیٹی اور تنظیمی کمیٹی کے کہنے پر ٹارگٹ کلنگ ٹیم چلا رہا تھا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق کاشف ڈیوڈ سے تفتیش جاری ہے۔

[pullquote]لال مسجد کے نائب خطیب سمیت 55 افراد گرفتار
[/pullquote]

Lal-Masjid-Islamaabd

اسلام آباد: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران لال مسجد کے نائب خطیب عامر صدیق اور 54 دیگر افراد کو گرفتار کر لیا۔
تاہم بعدازاں مذکورہ خطیب کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق لال مسجد کے نائب خطیب عامر صدیق کو اُس وقت حراست میں لیا گیا جب بارہ کہو پولیس اسٹیشن کے قریب ایک مدرسے کی تلاشی کے دوران ان کے پاس سے 3 کلاشنکوفیں برآمد ہوئیں، پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ عامر صدیق کی زیرِ سرپرستی چلنے والا یہ مدرسہ ایک نجی اسکول کی جگہ پر قائم کیا گیا تھا۔
جب عامر صدیق اسلحے کے لائسنس دکھانے میں ناکام رہے تو انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں تھوڑی دیر بعد کچھ مقامی افراد اسلحے کا لائسنس لے کر پیش ہوئے، جس کے بعد مذکورہ خطیب کو رہا کردیا گیا جبکہ لائسنس کو پولیس نے تصدیق کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔
جب ‘لال مسجد شہداء فاونڈیشن’ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے گرفتاری کی تصدیق کی اور بتایا کہ عامر صدیق کی گرفتاری کی وجہ ان کی ملکیت سے 3 کلاشنکوفوں کا برآمد ہونا تھا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپریشن پورے بارہ کہو میں کیا گیا جس میں عامر صدیق کا گھر بھی شامل تھا۔

[pullquote]ملک کےحکمران پاناما لیکس میں ملوث ہیں،شاہ محمود قریشی
[/pullquote]
shah-qureshi-as

میرپورخاص:شاہ محمود قریشی کہتے ہیں ملک کے حکمران پاناما لیکس میں ملوث ہیں،ان کرپشن زدہ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی ،کر پشن کیخلاف مہم گلی گلی پھیلائیں گے۔
میرپور خاص میں تحریک انصاف کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے ایک مرتبہ پھر ن لیگ کی حکومت کو کرپشن زدہ حکومت قرار دیا، کہا کرپشن کیخلاف سندھ کے لوگوں کو دعوت دینے آئے ہیں، ملک کے حکمران پاناما لیکس میں ملوث ہیں، جس کیخلاف ہم نے آواز اٹھائی،اس آواز کو گلی گلی پہنچائیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ ذہنی غلامی میں جکڑے ہوئے ہیں انہیں آزاد کرانا ہے،حکومت نے ہماری ریلی کو روکنے کی کوشش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ گھر لٹتا دیکھ کر بھی لوگ خاموش تماشائی بنے رہتے ہیں، میں عوام کے ساتھ ہوں اور آخری دم تک ان کیلئے آواز اٹھاتا رہوں گا۔

[pullquote]بول کے ورکرز کو تنخواہیں دی جائیں اور بول کو بحال کیا جائے. کشمیری قیادت
[/pullquote]

BOL AJK

مظفر آباد( )آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں،سماجی تنظیموں،وکلا کی ایوسی ایشنز،صحافتی تنظیموں،پریس کلب کے عہدیداران اور ممتاز مذہبی شخصیات نے بول ٹی وی کی بندش کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئےاس کی فوری بحالی اور ایگزیکٹ اور بول نیٹ ورک کے تیس ہزار ملازمین کے روزگار کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
حکمرانوں نے بول ٹی وی لانے کے جرم میں ایگزیکٹ کے خلاف بے رحمانہ کاروائی کر کے آزادی اظہار رائے کو پائمال کیا ہے۔
بول ٹی وی سے اظہار یکجہتی کی دستخطی مہم ’تحریک آزادی ‘کشمیر کے بیس کیمپ پہنچ گئی،سینٹرل پریس کلب مظفر آباد میں افتتاحی تقریب کا انعقاد،سیاسی،سماجی،صحافتی، وکلاء،طلبائسمیت سول سوسائٹی کے دیگر مکاتب کی شرکت.
بول ٹی وی کی فوری بحالی کا مطالبہ،بول ٹی وی سے اظہار یکجہتی کی دستخطی مہم آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد پہنچ گئی،سینٹرل پریس کلب مظفر آباد میں اظہار یکجہتی کے لیے دستخطی مہم کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس کے مہمانان خصوصی ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی محترمہ شاہین کوثر ڈار اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر مفتی کفایت نقوی تھے.

[pullquote]صحبت پور میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، 3 افرادجاں بحق
[/pullquote]

pesh-blas-has

صحبت پور :صحبت پور میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ پشاور میں پولیس اہلکار کو قتل کردیا گیا ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع صحبت پور کے علاقے بلگزار میں ٹریکٹر ٹرالی بارودی سرنگ سے جا ٹکرائی،جس کے نتیجے میں زور دھماکا ہوااور ٹرالی میں سوار تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
ادھر پشاور میں تھانہ یکہ توت کی حدود پنج کھٹہ چوک میں پولیس اہلکار قیصر باچا معمول کی ڈیوٹی پر تعینات تھا ، اس دوران نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نیفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا ۔

[pullquote]سماجی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے موضوع پردو روزہ ورکشاپ کا انعقاد
[/pullquote]

PIPS

کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معروف علمی اور سماجی شخصیات نے کہا کہ پاکستان میں اکثریت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اقلیت پر اپنی مذہبی فکر مسلط کرے.
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز کے زیر اہتمام سندھ اور بلوچستان کی جامعات کے اساتذہ کے لئے سماجی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے موضوع پر دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا.
ورکشاپ سے معروف اسکالر ڈاکٹر عبد الحمید نئیر ، ڈاکٹر جعفر احمد ، پروفیسر ڈاکٹر قبلہ آیاز ، خورشید ندیم اور عامر رانا نے خطاب کیا.
مقررین نے کہا کہ معاشرے میں سماجی ہم آہنگی وقت کا تقاضا ہے اور اس کے قیام کے لئے اساتذہ اور علماء کو مل کر جدو جہد کرنا ہو گی.
مقررین نے کہا کہ دہشت گردی نے ملکی فضا کو آلودہ کر دیا ہے.اب ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مذاہب سے وابستہ لوگ بہتر سماج کی پرورش کے لئے سماجی ہم آہنگی کے قیام کے لئے باہمی مکالمہ شروع کریں.

[pullquote]عالمی خبریں
[/pullquote]

‘اسامہ تک امریکی رسائی میں پاکستان نے مدد کی’

osama

واشنگٹن: امریکا کے مشہور تحقیقاتی صحافی سیمور ہرش نے ایک بار پھر کہا ہے کہ سابق القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن تک پہنچنے میں پاکستان نے امریکا کی مدد کی تھی۔
پولٹزر پرائز جیتنے والے سیمور ہرش نے یہ دعویٰ پہلی بار ایک سال قبل اپنے ایک مضمون میں کیا تھا، جس نے امریکا کو ہلا کر رکھ دیا اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیا گیا، جبکہ امریکا کے بڑے میڈیا اداروں نے بھی اسے غلط بیانی پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
لیکن سیمور ہرش نے رواں ہفتے شائع ہونے والی اپنی نئی کتاب ’دی کلنگ آف اسامہ بن لادن‘ (اسامہ بن لادن کی ہلاکت) میں ایک بار پھر اپنے اس دعوے کو دہراتے ہوئے زور دیا ہے ان کی بات ٹھیک تھی۔
انٹرویو دیتے ہوئے سیمور ہرش نے کہا کہ گزشتہ سال جب انہوں نے اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد کے ایک کمپاؤنڈ میں موجودگی اور ہلاکت کے حوالے سے نئے شواہد دیکھے تو ان کے دعوے کو مزید تقویت ملی۔

[pullquote]شام میں فضائیہ کی بمباری سے 30 افراد ہلاک
[/pullquote]

syria00000000

حلب:شام کے شہر حلب میں فضائیہ کی بمباری سے تیس افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر مقامات پر باغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان لڑائی میں بھی متعدد افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شام کے شہر حلب میں فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں ایک بچے سمیت تیس افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
شام میں کام کرنے والی امدادی ٹیموں کے مطابق شامی طیاروں نے حلب میں چالیس سے زائد فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں تیس افراد مارے گئے جب کہ چالیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوگئے۔
دوسری جانب حلب میں باغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے جس دوران پرتشدد کارروائیوں میں مزید افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

[pullquote]انگلینڈکےینگ ڈاکٹرزکی پہلی بارتمام اسپتالوں میں ملک گیر ہڑتال
[/pullquote]

لندن:انگلینڈ کے ینگ ڈاکٹرز نے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ناکامی کے بعد پہلی بار تمام اسپتالوں میں ہڑتال کردی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں ینگ ڈاکٹرز نے ملک گیر ہڑتال کردی،ڈاکٹروں نے ایمرجنسی اور او پی ڈی دونوں کا بائیکاٹ کردیا،ڈاکٹروں کے نمائندوں اور صحت کے وزیر کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد ڈاکٹرز نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا۔
حکومتی نمائندوں اور ڈاکٹرز کے درمیان کام کے اوقات اور تنخواہوں کے حوالے سے مذاکرات ناکام ہوگئے، ڈاکٹروں نے حکومت کے ساتھ نئے کانٹریکٹ کو بھی مسترد کردیا،انھوں نے لندن میں سینٹ تھامس اسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے روئے کے خلاف نعرے بازی کی۔
ڈاکٹرز کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر حکومتی شرائط نہ ماننے کے حوالے سے مطالبات درج تھے۔

[pullquote]اسرائیلی پولیس نے دو فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا
[/pullquote]

اسرائیلی پولیس نے مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے کے درمیان ایک چیک پوائنٹ پر دو فسلطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ خاتون پولیس ترجمان لیوبا سامری کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ایک خاتون اور ایک مرد فلسطینی ہے اور یہ کہ خاتون نے ایک پولیس اہلکار پر چاقو پھینکا جس کے بعد فائرنگ کی گئی۔ چیک پوائنٹ کے قریب کام کرنے والے ایک عینی شاہد اعلیٰ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ پولیس اہلکار اس جوڑے پر چلائے اور انہیں واپس جانے کا کہا، مگر لگتا تھا جیسے انہیں معلوم نہیں ہو رہا کہ وہ کیا کریں۔ اعلیٰ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے پہلے خاتون کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جس کے بعد پریشان ہو جانے والے اس کے ساتھی مرد نے واپس جانے کی کوشش کی مگر اسے بھی ہلاک کر دیا گیا۔

[pullquote]مشرقی یوکرائن میں ایک حاملہ خاتون سمیت چار افراد ہلاک
[/pullquote]

یوکرائن کے بحران کے شکار مشرقی حصے میں چار سویلین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکومتی باغی حکام کے مطابق ایک حاملہ خاتون سمیت یہ چاروں افراد اس وقت ہلاک ہوئے جب ان کی کاریں حکومتی فورسز کی طرف سے فائر کیے گئے مارٹر گولوں کی زد میں آئیں۔ یہ ہلاکتیں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے کے گاؤں اولونیوکا Olenivka میں ہوئیں۔ جس جگہ ان افراد کی گاڑیاں شیلنگ کا نشانہ بنیں وہ اس حد بندی لائن سے محض 300 میٹر دور ہے جو روس نواز باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان قائم ہے۔ یوکرائنی فوج کی جانب سے اس پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

[pullquote]ہیلری کلنٹن کنیکٹیکٹ پرائمری بھی جیت گئیں
[/pullquote]

امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے چار مزید ریاستوں میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے داخلی انتخابات میں کلنٹن نے اپنے حریف برنی سینڈرز کے خلاف کنیکٹیکٹ کے علاوہ، ڈیلاویئر، میری لینڈ اور پینسلوینیا میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سینڈرز نے روڈ آئی لینڈ میں کامیابی حاصل کی۔ ری پبلکن پارٹی کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز پانچوں شمال مشرقی ریاستوں میں ہونے والے نامزدگی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ امریکا میں صدارتی انتخابات رواں برس نومبر میں ہونا ہیں۔

[pullquote]ترکی میں موجود امریکی شہریوں کو دہشت گردی کے خطرے کا انتباہ
[/pullquote]

امریکا کی طرف سے ترکی میں موجود اپنے شہریوں کو ’قابل اعتبار‘ دہشت گردی کے خطرے سے متنبہ کیا گیا ہے۔ ترکی میں رواں برس اب تک چار خودکش حملے ہو چکے ہیں۔ ان میں سے دو حملوں کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش پر عائد کی جاتی ہے جبکہ دو حملوں کی ذمہ داری کرد علیحدگی پسندوں نے قبول کی تھی۔ انقرہ میں موجود امریکی سفارت خانے کی طرف سے ایک ’ایمرجنسی پیغام‘ میں اپنے شہریوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ امریکی حکومت کو اس بات کی قابل یقین اطلاعات ملی ہیں کہ دہشت گرد گروپ ترکی بھر میں سیاحت کے حوالے سے مقبول مقامات پر دہشت گردانہ حملوں کے لیے موقع کی تلاش میں ہیں۔

[pullquote]مجوزہ آئین سیکولرازم کی گارنٹی دے گا، ترک وزیراعظم
[/pullquote]

ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد آؤلو نے کہا ہے کہ نئے آئین کا مسودہ ملک میں سیکولرازم کی ضمانت دے گا۔ ترک پارلیمان کے اسپیکر اسماعیل کامران کی طرف سے رواں ہفتے کہا گیا تھا کہ مسلم اکثریتی ملک ترکی کو ایک مذہبی آئین کی ضرورت ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد ترکی میں سیکولرازم کے حق میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ ترک وزیراعظم نے اپنی حکمران جماعت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکولرازم نئے آئین کا حصہ ہو گا جس میں ہر شہری کو اپنے مذہب اور ایمان پر عمل کرنے کی آزادی کی ضمانت ہو گی اور جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ریاست تمام گروپوں سے یکساں فاصلے پر ہو۔

[pullquote]جرمنی کے ’فارن انٹیلجنس‘ چیف کو قبل از وقت فارغ کر دیا جائے گا، رپورٹس
[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی انٹیلیجنس ادارے BND میں غیر ملکی انٹیلیجنس کے سربراہ کو اپنے عہدے سے طے شدہ مدت سے دو برس قبل ہی ہٹا دیا جائے گا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے یہ بات جرمن حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب داعش کی طرف سے جرمنی میں دہشت گردی کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہے کہ 63 سالہ گیرہارڈ شنڈلر کی ریٹائرمنٹ سے دو برس قبل برخواستگی کی وجہ کیا ہے۔ تاہم گزشتہ برس یہ معلومات منظر عام پر آنے کے بعد شنڈلر پر کافی دباؤ تھا کہ انہوں نے امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے کی ہدایت پر یورپی پارٹنرز کی جاسوسی کی تھی۔

[pullquote]ریک مچار نے جنوبی سوڈان کے نائب صدر کے طور پر حلف اٹھا لیا
[/pullquote]

جنوبی سوڈان کے باغیوں کے سربراہ ریک مچار نے ملکی نائب صدر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ دو برس قبل صدر سلوا کیر کے ساتھ اقتدار کی جنگ میں الجھنے کے بعد وہ دارالحکومت چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ بین الاقوامی ثالثی میں صدر سلواکیر کے ساتھ ہونے والے ایک امن معاہدے کے بعد ریک مچار گزشتہ روز ہی جوبا پہنچے تھے۔ حلف اٹھانے کے بعد باغیوں کے سربراہ نے انہیں نائب صدر مقرر کرنے پر سلواکیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ یہ پیشرفت جنوبی سوڈان میں یونٹی حکومت کے قیام کے سلسلے میں ہے۔

[pullquote]پاپوا نیو گِنی نے تارکین وطن کا آسٹریلوی کیمپ بند کر دیا
[/pullquote]

پاپوا نیو گِنی کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں قائم اُن تارکین وطن کا کیمپ بند کر دیا گیا ہے جو آسٹریلیا میں سیاسی پناہ کے متلاشی تھے۔ گزشتہ روز ایک آسٹریلوی عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ پاپوا نیو گِنی کے جزیرے پر کینبرا حکومت کی طرف سے قائم کردہ تارکین وطن کے لیے وہ حراستی مرکز غیر قانونی ہے جہاں آسٹریلیا میں پناہ حاصل کرنے والوں کو رکھا جاتا ہے۔ ادھر آسٹریلیا کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حراستی مرکز میں موجود 800 کے قریب تارکین وطن کے حوالے سے پاپوا نیو گِنی کی حکومت کی طرف سے رہنمائی کا انتظار کر رہا ہے۔

[pullquote]جنیوا میں شامی امن مذاکرات 10 مئی سے بحال ہوں گے، ماسکو
[/pullquote]

ماسکو حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جنیوا میں ہونے والے شامی امن مذاکرات 10 مئی سے بحال ہو جائیں گے۔ روسی نیوز ایجنسی RIA کے مطابق ملکی نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے یہ بات اقوام متحدہ کی طرف سے شام کے لیے نمائندہ خصوصی کے حوالے سے بتائی ہے۔ شامی حکومت کی طرف سے گزشتہ روز بتایا گیا تھا کہ اس نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفان ڈے مِستورا کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں جو ’کافی مفید اور کارآمد‘ رہے۔

[pullquote]حلب میں بمباری پر بان کی مون کی تشویش
[/pullquote]

شامی شہر حلب میں گزشتہ روز ہونے والی بمباری کے نتیجے میں 25 شہریوں کی ہلاکت کے بعد شام میں جاری جنگی بندی مزید خطرات کا شکار ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ان جھڑپوں پر ’شدید تحفظات‘ کا اظہارکرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ دو ماہ سے جاری جنگ بندی پر عملدرآمد کریں۔ ویانا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بان کی مون کا کہنا تھا کہ لڑائی کا سلسلہ رُکا رہنا چاہیے ورنہ شام میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا کام شدید متاثر ہو گا۔

[pullquote]بھارت میں بائیو فیول کے ایک پلانٹ میں آتش زدگی
[/pullquote]

بھارت جنوبی حصے میں بائیو فیول تیار کرنے والے ایک پلانٹ میں آگ لگنے کے بعد بائیو ڈیزل ٹینکوں میں دھماکے ہوئے ہیں۔ بھارتی نیوی کے ایک افسر راجیش شیٹھی کے مطابق بحریہ کے اہلکار بھی اس آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ شیٹھی کے مطابق آگ قابو میں ہے مگر اسے مکمل طور پر بجھانے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ایک ساحلی شہر میں قائم اس پلانٹ پر کام کرنے والے ڈیڑھ سو کے قریب ورکرز وہاں سے نکلنے میں کامیاب رہے۔ حکام کے مطابق کسی کے زخمی ہونے کی بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

[pullquote]فرانسیسی موٹر وے پر حادثہ، دو جرمن ہلاک
[/pullquote]

فرانس کے وسطی حصے میں موٹر وے پر ہونے والے ایک ٹریفک حادثے میں دو جرمن شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ مونٹ بیوگنی کے قریب پیش آیا۔ اسی مقام کے قریب گزشتہ ماہ ہونے والے ایک ٹریفک حادثے میں 12 پرتگالی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ بہت زیادہ حادثات کی وجہ سے مقامی افراد اس سڑک کو ’روڈ آف ڈیتھ‘ کا نام دیتے ہیں۔ آج بدھ کے روز پیش آنے والے حادثے میں جرمن شہریوں کی کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک 23 سالہ اور ایک 28 سالہ جرمن موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ زخمی ہونے والے ٹرک ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]کاپی رائٹس کی خلاف ورزی، بھارت اور چین سمیت 11 ممالک امریکا کی ’واچ لسٹ‘ پر
[/pullquote]

امریکا نے موسیقی، فلموں اور دیگر مصنوعات کی کاپی رائٹس کے حوالے سے 11 ممالک کو ’ترجیحی واچ لسٹ‘ پر رکھا ہے۔ ان ممالک میں بھارت اور چین بھی شامل ہیں۔ اس فہرست پر لائے جانے کے بعد ان ممالک کو یہ بات یقینی بنانی ہو گی کہ وہاں کاپی رائٹس کی خلاف ورزیاں نہ ہوں۔ بصورت دیگر انہیں پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ دیگر ممالک میں الجزائر، ارجنٹینا، چلی، انڈونیشیا، کویت، تھائی لینڈ، یوکرائن اور وینزویلا بھی شامل ہیں۔

کھیلوں کی خبریں+ شوبز
[pullquote]

[pullquote]سلمان کے اولمپکس سفیر بننے پر کھلاڑی ناخوش
[/pullquote]

salman khan

ممبئی: سابق ہندوستانی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ اور بولی وڈ کے سابق اداکار اور سلمان خان کے والد سلیم خان کے درمیان اُس وقت لفظی جنگ شروع ہوگئی، جب سلمان خان کو رواں سال اگست میں ہونے والے ریو اولپمکس میں ہندوستان کی جانب سے خیر سگالی سفیر مقرر کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔
سلمان خان کے بطور خیر سگالی سفیر انتخاب کو ہندوستان کے کئی کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جن میں ملکھا سنگھ اور 2012 کے لندن اولمپکس میں ریسلنگ کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے یوگیشور دت بھی شامل ہیں، جن کا کہنا تھا کہ اداکار کے بجائے کسی کھلاڑی کو خیر سگالی سفیر بنانا چاہیے تھا۔
بس پھر کیا تھا، سلیم خان اپنے بیٹے سلمان خان کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اتر آئے اور ملکھا سنگھ کی سوانح حیات پر بننے والی فلم ‘بھاگ ملکھا بھاگ’ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملکھا جی یہ وہی فلم ہے، جس نے آپ کو ہندوستانیوں کے شعور میں زندہ رکھا ہوا ہے۔
2013 کی مشہور فلم ‘بھاگ ملکھا بھاگ’ میں ملکھا سنگھ کا کردار فرحان اختر نے نبھایا تھا۔
والد کا فرض نبھاتے ہوئے سلیم خان نے، سلمان خان کی کھیل کے میدان میں کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا اور بتایا کہ وہ سائیکلنگ کے ماہر اور ویٹ لفٹر ہیں۔

[pullquote]ایٹلیٹکو میڈرڈ، بایرن میونخ سے بدلہ لینے کیلئے پرعزم
[/pullquote]

572094190377b

میڈرڈ: یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں آج ایٹلیٹکو میڈرڈ کی ٹیم کا مقابلہ بایرن میونخ سے ہو گا جہاں وہ جرمن ٹیم سے 42 سال قبل ہونے والی شکست کا بدلہ لینے کی کوشش کرے گی۔
1974 میں یورپیئن کپ کہلائے جانے والے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بایرن نے ایٹلیٹکو کو شکست دے کر لگاتار تیسرے سال فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور کردیا تھا۔
ہیسل میں کھیلے گئے اس میچ میں ایٹلیٹکو کے لوئس ایراگونز نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی تاہم میچ کے آخری لمحات میں دفاعی کھلاڑی ہینس جیارج نے گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا لہٰذا اس وقت کے قوانین کے مطابق دوبارہ میچ کھیلا گیا جس میں بایرن نے 4-0 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔
چار دہائیوں بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ چیمپئنز لیگ کے فائنل میں اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ریال میڈرڈ کے خلاف میچ میں انہیں 1-0 کی برتری حاصل تھی لیکن میچ کے 93ویں منٹ میں سرجیو راموس نے ہیڈر پر گول کر کے مقابلہ برابر کردیا اور پھر ایکسٹرا ٹائم میں ریال میڈرڈ نے مزید تین گول داغ کر میچ میں 4-1 سے کامیابی اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔
تاہم اس سال ایٹلیٹکو کے پاس ناصرف بایرن میونخ سے 42 سال پرانی شکست کا بدلہ لینے بلکہ پہلی مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنے کا بھی نادر موقع ہے جہاں وہ اس سے قبل ایونٹ کی فیورٹ اور دفاعی چیمپیئن بارسلونا کی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں شکست دے کر پہلے ہی ایونٹ سے باہر کر چکے ہیں۔

[pullquote]فلم ‘مالک’ پر پابندی ختم[/pullquote]

maalik-trailer

کراچی: سندھ بورڈ آف فلم سینسرز (ایس بی ایف سی) نے فلم ‘مالک’ پر پابندی عائد کرنے کے کچھ گھنٹوں بعد اسے ختم کردیا۔
صوبائی سینسر بورڈ نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے صوبے میں فلم پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔
تین ہفتہ قبل فلم کو صوبے میں دکھانے کی اجازت ملی تھی اور اسے پاکستان میں ریلیز کیا گیا تھا ۔
ڈان ڈاٹ کام کو موصول ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی فلم میں اس حصے کے باعث لگائی گئی تھی جس میں ایک وزیراعلیٰ کو حلف لیتے ہوئے دکھایا گیا۔
تاہم بعد میں جیو نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سینسر بورڈ نے نوٹیفیکیشن کو واپس لے لیا ہے۔
ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے فلم کے ڈائریکٹر عاشر عظیم نے فلم پر لگنے والی پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب میڈیا رپورٹ کررہا ہے کہ پابندی ہٹالی گئی ہے۔

[pullquote]سوناکشی سنہا بنیں گی پاکستانی صحافی
[/pullquote]

sonakshi1000000000000

ممبئی:بولی وڈ کی معروف اداکارہ سو ناکشی سنہا ایک فلم میں پاکستانی صحافی کا کردار ادا کرنے جا رہی ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائمز کے مطابق سوناکشی پاکستانی لکھاری صبا امتیاز کے مشہور ناول ( Karachi You Are Killing Me )پر بنائے جانے والی فلم “نور” میں صحافی بنیں گی۔فلم کے ہدایت کار سنیل سپی ہیں،یہ ان کی پہلی فلم ہوگی۔ناول کی کہانی کراچی میں موجود خاتون صحافی عائشہ کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔سنیل کو اس ناول پر فلم بنانے کا خیال 2014 میں آیا تھا ،اور اب انہوں نے اس پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوناکشی ان دنوں ہدایت کار ابھینے کی فلم “فورس -2 ” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے