متحدہ قومی موومنٹ ،ایم کیو کے سینئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے اہم ملزم خالد شمیم کے نئے ویڈیو بیان سے سرکاری اور سیاسی حلقوں میں بے چینی پاکستان کے ایک اہم نیوز چینل پر چلائی جانے والی ویڈیو نے سرکاری اور سیاسی حلقوں میں بے چینی اور اضطراب پیدا کردیا ہے ۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قیدایم کیو ایم کے سینیئر رہنماعمران فاروق کے قتل کے ملزم خالد شمیم نے مذکورہ ویڈیو میں الزام لگایا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں ملوث تھے۔ تفصیلات کے مطابق ویڈیو میں خالد شمیم کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، ‘جب عمران فاروق کی میت پاکستان لائی گئی تو الطاف حسین نے مصطفی کمال کو فون کیا اور کہا کہ کام ہوگیا ہے’۔
دکھائی گئی ویڈیو میں خالد شمیم کی صحت کافی بہتر نظر آرہی ہے لیکن ان کے الفاظ کچھ غیر واضح ہیں، خالدشمیم کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے مصطفی کمال کو بھی دھمکی دی کیونکہ وہ ان کی جانب سے خطرہ محسوس کرتے تھے۔مذکورہ ویڈیو، جوشاہ زیب خانزادہ کے پروگرام کے دوران نشر کی گئی، مبینہ طور پر ایم کیو ایم سے منسلک، کسی زیرِ حراست شخص کی پہلی ویڈیو نہیں ہے، جو میڈیا پر منظرعام پر آئی۔اس سے قبل ایم کیو ایم کے کارکن اور سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کی اعترافی ویڈیو بھی ان کی پھانسی سے محض چند گھنٹے قبل میڈیا پر منظر عام پر آئی تھی۔ ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا، جنھیں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (کے ای اسی سی)، موجودہ کے-الیکٹرک کے سابق ایم ڈی شاہد حامد کے قتل پر پھانسی کی سزا دی گئی تھی، نے ویڈیو میں یہ الزام لگایا تھا کہ الطاف حسین نے سابق وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ بابر خان غوری کے ذریعے قتل کے احکامات دیئے تھے۔
خالد شمیم کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد گذشتہ روز وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے لیک ہونے والی ویڈیو کی انکوائری کے احکامات جاری کیے جس کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ وزیر داخلہ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کریں کہ آیا ویڈیو بنانے میں جیل انتظامیہ کا کوئی کردار ہے اور کیا یہ ویڈیو واقعی اصلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے ایک سینیئر عہدیدار نے جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر جیل حکام کے بیانات ریکارڈ کیے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ نے میڈیا کو بتایاکہ انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے اور جیل سپرنٹنڈنٹ سعید اللہ گوندل بھی اپنا بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جب قیدی کی اپنے اہلخانہ سے ملاقات کروائی جاتی ہے تو کسی کو بھی بیرک کے اندر ویڈہو ریکارڈ کرنے کی اجازت نہیں ہوتی چاہے کیسے بھی حالات کیوں نہ ہوں۔
انھوں نے بتایا کہ خالد شمیم کو اڈیالہ جیل کی ہائی سیکیورٹی بیرک میں رکھا گیا گیاہے، جہاں اس کی جلدی بیماری کا علاج کروایا جارہا ہے۔ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ خالد کو جیل کے شیڈول کے مظابق اس کی فیملی سے باقاعدگی سے ملاقات کی اجازت دی جاتی تھی۔وزارت داخلہ نے اس معاملے کی رپورٹ آئندہ چند دنوں میں طلب کرلی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے اپنے بیان میں دعوی کیا کہ ویڈیو جیل میں ریکارڈ نہیں کی گئی کیونکہ ویڈیو کے پس منظر سے ایسا معلوم نہیں ہوتا کہ ریکارڈنگ کے دوران خالد جیل کے اندر ہی موجود تھا۔
اس سے قبل رواں برس جنوری میں وزرادت داخلہ نے ٹرائل کے دوران میڈیا سے بات کرنے پر خالد شمیم کی سیکیورٹی کے انچارج پولیس افسر کو معطل کردیا تھا۔، متحڈہ قومی موومنٹ کی جانب سے ویڈیو میں لگائے گئے الزامات پرشدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئررہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے چیف جسٹس پاکستان سے اس ویڈیو بیان کی ریکارڈنگ اور اس کے نشر کیے جانے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ویڈیو بیان کے ذریعے ملک کے عدالتی نظام اور قانون کا مذاق اڑایا گیا ہے۔جبکہ عزیز آباد میں اپنے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار کا کہنا تھا کہ خالد شمیم کا ویڈیو بیان ایم کیو ایم کے میڈیا ٹرائل کا ہی ایک حصہ ہے۔
بشکریہ ایشا ٹوڈے