پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم ترین خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]وزیراعظم کی صوبائی حکومتوں کواقتدار کی مقامی سطح تک منتقلی کی ہدایت
[/pullquote]

nawaz-ijlas-asho

وزیراعظم نواز شریف نے صوبائی حکومتوں کو مئی کے آخر تک اقتدارکی مقامی سطح تک منتقلی کی ہدایت کردی۔
گورنر ہاوس لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے مقا می حکومتوں کا مرحلہ مئی تک مکمل کرلیا جائے۔ بجلی،گیس اور انفرا سٹرکچر کے جن منصوبوں پر کام جاری ہے وہ دوہزار اٹھارہ تک مکمل کئے جائیں۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر دوہزار اٹھارہ تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ دہرایا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ میگا پراجیکٹس کے ساتھ عوام کے بنیادی مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔
منفی سیاست کا دور ختم ہوچکا۔ انتشار پھیلانے والوں کو عوام رد کرچکے ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلٰی پنجاب، گورنر پنجاب اور وفاقی و صوبائی وزراء بھی شریک تھے۔

[pullquote]پی ٹی آئی کی لاہورمیں جلسے کی تیاریاں زوروشورسے جاری
[/pullquote]

pti-rally-lahore

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہورمیں جلسے کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں،جلسے میں کارکنان کا لہو گرمانے کیلئے چارو سو کے قریب ساونڈ سسٹمز کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کرپشن کیخلاف عمران خان کے سونامی کا رخ ہے،اس بار لاہور مال روڈ چیرنگ کراس کی جانب،یکم مئی کو ہونے والے جلسے کی تیاریوں میں کارکنان بھی پر جوش دیکھائی دے رہے ہیں،کہیں کوئی پنڈال کو روشن کرنے کیلئے لائیٹیں لگانے میں مگن ہے، تو کوئی پارٹی نغموں سے کارکنان کو گرمانے کیلئے چار سو ساونڈ سسٹم لگانے کا انتظام کر رہا ہے۔
تحریک انصاف کوضلعی انتظامیہ کی جانب سے فیصل چوک پر جلسے کی باضابطہ اجازت تو نہیں مل سکی۔لیکن اس کے باوجود پی ٹی آئی کارکنوں نے مال روڈ کو کپتان کی تصاویر اور پارٹی پرچموں سے سجادیا ہے۔جن کاکہنا ہے کہ جلسہ ہوگا تو یہیں ہوگا۔
مال روڈ پر عوامی قوت کے مظاہرے کیلئے سجنے والے پنڈال سے چیئرمین عمران خان کل جلوہ گر ہوں گے اور اپنے نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

[pullquote]رحمان ملک پیپلزپارٹی کے جلسے میں شرکت کیلئے کوٹلی پہنچ گئے
[/pullquote]

rehman-malik-mutalba1

کوٹلی:سینٹررحمان ملک پیپلزپارٹی کے جلسہ میں شرکت کیلئے کوٹلی پہنچ گئے۔ کہتے ہیں وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دیا جائے۔
سابق وزیرداخلہ رحمان ملک کامیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی پی پی کا کشمیر کے ساتھ تعلق گہرا ہے، بھارت کبھی پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا ،جو ہمیشہ پاکستان کیخلاف لابنگ کرتا آرہا ہے، بھارت کے ظلم و بربریت کو دنیا کی سامنے بے نقاب کیا جائے۔
رحمان ملک نے کہا کہ لگتا ہے امریکا انڈیا لابی کے سامنے گھٹنے ٹیک گیا ہے ،امریکا اگر پاکستان کو ایف 16 طیارے نہ دے تو وہ بھارت نوازی کا ثبوت دے گا ،اس صورت میں دوستی میں گہرا شگاف پڑے گا۔پیپلزپارٹی کا جلسہ ساڑھے بارہ بجے شروع ہونا تھا تاہم ابھی تک بلاول بھٹو پنڈال میں نہیں پہنچے۔

[pullquote]پاناما لیکس نےپوری دنیاکوہلاکررکھ دیا ہے،شاہ محمودقریشی
[/pullquote]

shah-qureshi-as1

سکھر:پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے،آج پوری قوم سوال کررہی ہے کہ پاکستان کی دولت باہر کیسے گئی۔
سکھرمیں ڈسٹرکٹ بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف لڑائی کالے کوٹ والوں کے بغیر نہیں لڑسکتے،اب یہ نہیں ہوگا، جو میرا ہے وہ حاجی، جو تیرا ہے وہ کرپٹ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان بیس سال سے کرپشن کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں،سندھ کے عوام سے وعدہ کرتاہوں عمران خان کوجلد سندھ لاوٴں گاان کا کہنا تھا کہ تھرمیں بچے مررہے ہیں اور حکومت سندھ سورہی ہے۔

[pullquote]مذہبی منافرت کا سبب مذاہب کی تعلیمات نہیں بلکہ نفرت انگیز رویے ہیں۔ مذہبی وہ نما
[/pullquote]

PEF Workshop

ادارہ امن و تعلیم اسلام آباد کے زیر اہتمام اسلام آباد میں تین روزہ ورکشاپ سے گفت گو کر تے ہوئے مذہبی رہ نماؤں نے کہا کہ معاشرے میں اصلاح کے لیے رویوں میں اصلاح کی ضرورت ہے ۔
بین المذاہب ہم آہنگی کی اس تربیتی و مشاورتی ورکشاپ میں چھ اضلاع سے سکھ، ہندو، مسیحی مذاہب کے نمائندوں سمیت اہل حدیث، دیوبندی، بریلوی اور شیعہ مکاتب فکر کے کل 30 نمائندگان شریک ہوئے۔ورکشاپ میں شرکاٗ کو سمعی بصری اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے تربیت دی گئی ۔ شرکاء نے ورکشاپ کے طریقہ کار کو سراہا اور مفید علمی و عملی استعداد کار میں اضافے پر نہایت اطمینان کا اظہار کیا۔
شرکاء نے مختلف مذاہب و مسالک کے درمیان افہام و تفہیم اور سماجی تعامل کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب افہام و تفہیم کے ذریعے پاکستان میں امن اور ہم آہنگی کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔

[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]

[pullquote]بن لادن گروپ کی ملازمین کی چھانٹی
[/pullquote]

KSA-kingdom-of-saudi-arabia-25247645-400-300

سعودی عرب کی معروف بن لادن گروپ آف کمپنیز نے اپنے ملازمین میں کمی کررہی ہے اور اپنے دیگر مختلف پروجیٹس پرمصروف عمل ملازمین کے ساتھ مسجد حرام مکہ مکرمہ اورمسجد نبوی مدینہ منورہ میں خدمات پر معمورخدام میں کمی کا فیصلہ کیا اوراس سلسلے میں 300خدام کو31مارچ سے برخاستگی خط دے دیا گیا ہے , تاحال یہ ملازمین اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ، فارغ کئے گئے ملازمین کا تعلق پاکستان ،بھارت اوربنگلہ دیش ہے ،

[pullquote]ناروے میں ہیلی کاپٹرگرکرتباہ،11افرادہلاک
[/pullquote]

heli-crashe-norway

اوسلو:ناروے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تیرہ افراد میں سے گیارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔
ناروے کے دوسرے بڑے شہر برجن کے مغربی ساحل پر حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر سمندر میں موجود ایک آئل پلیٹ فارم سے مسافروں کو لے کر شہر آرہا تھا۔
برجن اور آئل تنصیبات کے درمیان رابطے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ہیلی کاپٹر استعمال کیا جاتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]تباہ شدہ شامی شہر حلب پر مزید بمباری
[/pullquote]

syria-fight

شامی صدر بشار الاسد کی حامی فوج کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر شمالی شہر حلب کے اُن علاقوں پر حملے کیے ہیں، جہاں باغی قابض ہیں۔ حکومتی طیاروں نے جمعے کے روز حلب کے فردوس نامی علاقے پر حملے کیے۔ جمعے کے روز کی جانے والی بمباری سے باغیوں کے علاقے میں سترہ اور حکومتی کنٹرول کے علاقے پر کی گئی شیلنگ سے تیرہ شہری مارے گئے تھے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شیلنگ اور ہوائی حملوں کی لپیٹ میں آ کر 230 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ حلب پر حملوں کی وجہ سے اقوام متحدہ کی ثالثی میں ستائیس فروری سے شروع ہونے والی جنگ بندی اپنے منطقی انجام کے قریب پہنچ چکی ہے۔

[pullquote]کینیا میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی،7 افراد ہلاک
[/pullquote]

kenya-flood-ah (1)

نیروبی :کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی،6 منزلہ عمارت گرگئی،مختلف حادثات میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
سیلاب اوربارش کے باعث کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں چھ منزلہ عمارت گرگئی، رہائشی عمارت میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق کئی بچوں کو عمارت کے ملبے سے نکال لیا گیا ، جبکہ چار زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا، ریسرچ اور ریسکیو امدادی کاموں میں مصروف ہیں ۔
دوسری جانب بارش اور سیلاب کے باعث چار افراد ہلاک ہوگئے، اب تک مرنے والوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔

[pullquote]عراق میں شیعہ زائرین بم دھماکے کی زد میں: 23 ہلاکتیں
[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد کے نواحی علاقے میں شیعہ زائرین کے ایک قافلے کو کاربم حملے سے نشانہ بنایا گیا۔ تا حال اطلاعات کے مطابق اِس خود کُش حملے سے 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی اور طبی ذرائع کے مطابق اس دہشت گردانہ حملے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شیعہ زائرین شمالی بغداد کے نواح میں امام موسیٰ کاظم کے روضے پر سالانہ برسی میں شرکت کے لیے وہاں جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ امام کے روضے والے علاقے نہروان میں بم کو نصب کیا گیا تھا۔ اسلامک اسٹیٹ نے اِس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]الٹرنیٹیو فار جرمنی پارٹی کی کانگریس کے موقع پر ہنگامے
[/pullquote]

جرمنی کے جنوبی شہر اشٹٹ گارٹ میں آج ہفتے کے دن سے دائیں بازو کی سیاسی جماعت ’الٹرنیٹیو فار ڈوئچ لینڈ‘ کا دو روزہ کنوینشن شروع ہو رہا ہے۔ اِس موقع پر اشٹٹ گارٹ میں قدرے تناؤ پیدا ہے اور بائیں بازو کے مظاہرین نے کنوینشن شرکاء کو روکنے کی کوشش کی تو جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ پولیس نے کم از کم چار سو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اِس پارٹی کے لیڈر فراؤکے پیٹری کا کہنا ہے کہ اسلام جرمنی کے لیے ایک خطرہ ہے اور اِس کی وجہ اِس کے پھیلاؤ کا تبلیغی عمل ہے۔ دوسری جانب جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی مشاورتی کونسل کے چیئر مین ایمن مازیَک کا کہنا ہے کہ اے ایف ڈی تمام مذہبی برادریوں کے لیے خطرہ ہے۔

[pullquote]ایران الیکشن کا دوسرا مرحلہ: اصلاحات پسند فتح مند
[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی کے اتحادیوں اور اعتدال پسند سیاستدانوں نے پارلیمانی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں بھی میدان مار لیا ہے۔ غیرسرکاری اور نامکمل نتائج کے مطابق کم از کم تینتیس حلقوں میں روحانی کے اتحادی سبقت لیے ہوئے ہیں۔ کل جمعہ کے روز اڑسٹھ انتخابی حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے تھے۔ قدامت پسند امیدوار اکیس حلقوں میں جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اکتیس سیٹوں پر اصلاحات پسند کامیاب ہوئے ہیں اور دو پر اعتدال پسند امیدواروں کو کامیابی ملی ہے۔ چودہ آزاد امیدوار پارلیمنٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ایک اور ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق روحانی کے حامی اور اتحادی پینتیس حلقوں میں کامیاب رہے ہیں۔ آج ہفتے کی دوپہر تک سرکاری نتائج کا اعلان متوقع ہے۔

[pullquote]شمالی کوریائی الزام غیر مصدقہ ہے: اقوام متحدہ
[/pullquote]

امریکی قیادت میں اقوام متحدہ کی کمانڈ نے شمالی کوریا کے اُس الزام کو غیر مصدقہ اور بےبنیاد قرار دے دیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ایک محاذ پر اُس کی فوج کے ساتھ چھیڑخانی کی گئی ہے۔ کل جمعے کے روز شمالی کوریا کی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے امریکی فوج کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ کوریائی ملکوں کی سرحد پر واقع گاؤں پٍن مَنجوم میں اُس کی فوج کے ساتھ ’غنڈہ گردی‘ کے مظاہرے سے اجتناب کرے وگرنہ اُسے سبق سکھایا جا سکتا ہے۔ شمالی کوریائی فوج کے مطابق امریکی فوجیوں نے نازیبا اور اشتعال انگیز اشارے کیے تھے۔ اقوام متحدہ کی کمانڈ کے ترجمان کرسٹوفر بُش کے مطابق یہ الزام بے بنیاد ہے۔

[pullquote]جاپانی و چینی تعلقات کی بنیاد تعاون ہونا چاہیے: چینی وزیر خارجہ
[/pullquote]

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں واضح کیا ہے کہ بیجنگ حکومت جاپان کے ساتھ تعلقات کو بہتر تعاون کی بنیاد پر کرنا چاہتی ہے نا کہ مخاصمت کی شرط پر۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جاپان کی چین سے تعلقات بہتر کرنے کی خواہش اُس کے اقدامات پر انحصار کرتی ہے۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جاپانی وزیر خارجہ فُومیو کیشیڈا سے ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اِس وقت دونوں ملکوں کے تعلقات انتہائی نچلی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ اور جاپانی وزیراعظم شینزو آبے کے دور میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں خاصی سردمہری پیدا ہوئی ہے۔

[pullquote]کینیا میں سات منزلہ عمارت کا انہدام، ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری
[/pullquote]

افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں گرنے والی سات منزلہ عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش آج ہفتے کے روز بھی جاری ہے۔ سات منزلہ عمارت کل جمعہ کے روز حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے گر گئی تھی۔ ریڈ کراس نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ عمارت کے گرنے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امدادی ٹیموں نے اب تک پینتالیس افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا ہے۔ کینیا کی ریڈ کراس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی ہلاکتوں کی درست تعداد کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ گرنے والی عمارت نیروبی کے گنجان آباد علاقے حروما میں واقع ہے۔

[pullquote]افغانستان میں اغوا کی گئی آسٹریلوی خاتون کی تلاش جاری
[/pullquote]

آسٹریلیا کی وزیر خارجہ جُولی بشپ نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت کو کوئی معلومات ابھی تک حاصل نہیں ہو سکی ہیں کہ پرتھ شہر کی رہنے والی خاتون کو افغان شہر جلال آباد میں کن لوگوں یا کس گروپ نے اغوا کیا ہے۔ بشپ کے مطابق برطانوی اور افغان حکام کے تعاون سے خاتون کی تلاش جاری ہے۔ افغان صوبے ننگر ہار میں اغوا کی گئی خاتون کا نام کیتھرین جین ولسن بتایا گیا ہے۔ آسٹریلوی وزیر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ ایسے ذرائع سے بھی رابطے پیدا کیے گئے ہیں جو اغواکاروں کا کھوج نکالنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ خاتون کو کل جمعے کے روز نامعلوم نقاب پوش اغوا کر کے ساتھ لے گئے تھے۔

[pullquote]برسلز انٹرنیشنل ایئر پورٹ جزوی طور پر اتوار کو کھول دیا جائے گا
[/pullquote]

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دہشت گردانہ حملے کے بعد کل اتوار کے روز جزوی طور پر کھول دیا جائے گا۔ یہ ہوائی اڈہ بائیس مارچ کو دوہرے بم دھماکوں کے بند کر دیا گیا تھا۔ بارہ روز کی بندش کے بعد اس ہوائی اڈے کا ایک ہال عارضی طور پر کھول دیا گیا تھا اور وہاں 36 کاؤنٹر کام کر رہے ہیں۔ اتوار سے روانگی کے لیے 111 کاؤنٹر کام کرنا شروع کر دیں گے۔ ایئر پورٹ انتظامیہ کے مطابق ہوائی اڈے کو جون تک پوری طرح فعال کیا جا سکے گا۔ کل اتوار سے مسافر ڈیپارچر لاؤنج کے ذریعے اپنی مقررہ پروازوں کی جانب جا سکیں گے۔

[pullquote]چین: ٹرک الٹنے سے چودہ افراد ہلاک
[/pullquote]

چینی حکام کے مطابق پتھروں سے لدا ٹرک الٹ جانے سے کم از کم چودہ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ ٹرک الٹنے سے اِس کے پتھر ایک مرکز پر جا گرے تھے۔ یہ حادثہ جنوبی صوبے گوئی ژُو میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق ٹرک الٹنے کی سب سے بڑی وجہ بریکس کا فیل ہو جانا معلوم ہوتا ہے۔ چین میں یہ حادثہ ایسے موقع پر رونما ہوا ہے جب پہلی مئی کے انٹرنیشنل لیبر ڈے پر سارے چین میں سہ روز ہ تعطیل کی جاتی ہے۔ اس موقع پر لوگ اپنے اپنے آبائی شہروں کی جانب روانہ ہوتے ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک بڑھ جاتا ہے۔

[pullquote]کیلیفورنیا میں دوسرے روز بھی ٹرمپ مخالف مظاہرے جاری
[/pullquote]

امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں سب سے نمایاں ارب پتی سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دوسرے روز بھی ریاست کیلیفورنیا میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹرمپ اِس وقت ری پبلکن پارٹی کے داخلی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے نامزدگی کا حق حاصل کرنے کے انتہائی قریب ہیں۔ کل جمعے کو سان فرانسِسکو شہر کے ایک قریبی مقام پر ڈونلڈ ٹرمپ کی گاڑیوں کے قافلے کو مظاہرین نے کافی دیر تک ایک ہوٹل کے اندر جانے سے روکے رکھا۔ اِس مظاہرے میں کئی شرکاء نے میکسیکو کا جھنڈا بھی اٹھا رکھا تھا۔ جمعرات کے روز بھی ٹرمپ مخالف مظاہروں میں بدنظمی دیکھی گئی تھی اور پولیس نے بیس افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔

[pullquote]کمبوڈیا میں سات برس بعد ریل سروس کی بحالی
[/pullquote]

جنوب مشرقی ایشیائی ملک کمبوڈیا میں سات برس بعد پہلی مسافر ٹرین کو بحال کر دیا گیا ہے۔ اِس ٹرین کے مسافروں میں وزیراعظم ہُون سین اپنے چند سینیئر وزراء کے ساتھ شامل تھے۔ ٹرین دارالحکومت نوم پنہ سے خلیج تھائی لینڈ کے سیاحتی مرکز سہانوک ول تک گئی۔ کمبوڈیا کی رائل ریلوے کے چیف ایگزیکٹو جان گوئری کے مطابق ریل سروس کی بحالی پر 160 ملین ڈالر کی لاگت آئی ہے۔ سن 2002 میں کمبوڈیا کے جنوبی علاقے میں ریل ٹریک کی زبوں حالی کے بعد ٹرین سروس کو معطل کر دیا گیا تھا۔ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام ایشین ترقیاتی بینک اور آسٹریلوی حکومت کی مدد سے مکمل کی گئی ہے۔

[pullquote]آئیوری کوسٹ میں فرانسیسی فوجیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ
[/pullquote]

فرانس کے وزیر دفاع ژاں ایو لیدریاں نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت آئیوری کوسٹ میں اپنے متعین فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہے۔ پہلے سے موجود پانچ سو فوجیوں کی تعداد نو سو کی جا رہی ہے۔ انہوں نے فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان افریقی ملک میں فرانسیسی فوج کے مرکز کے دورے پر کیا۔ فرانسیسی حکومت کے مطابق فوج بڑھانے کا فیصلہ اِس ملک میں بڑھتے دہشت گردانہ خطرے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ رواں برس مارچ میں آئیوری کوسٹ کے بڑے شہر عابی جان کی نواحی ساحلی پٹی پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم انیس افراد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]پاکستانی امپائرعلیم ڈار کے بیٹوں پر دھوکا دہی کا الزام
[/pullquote]

aleem-dar-son

نئی دہلی:پاکستانی امپائر علیم ڈار کے بیٹوں پر دھوکا دہی کا الزام لگ گیا، بھارتی ویب سائٹ کے مطابق علیم ڈار کے بیٹوں علی ڈار اور حسن ڈار نے جائے پیدائش اورنام بدل کرغیر ملکی کرکٹ کلب کی نمائندگی کی۔
کرکٹ کی بھارتی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پاکستانی امپائر علیم ڈار کے بیٹوں نے جھوٹ بول کر کلمرناک کرکٹ کلب جوائن کیا۔ دونوں نے اپنی پیدائش اسکاٹ لینڈ کی ظاہر کی جبکہ عمرمصطفی اور صالح مصطفی کے نام سے خود کو رجسٹرڈ کروایا۔ کلب کی جانب سے 2015کا سیزن بھی کھیلا۔
ویب سائٹ کے مطابق علیم ڈار دونوں بیٹوں کا میچ دیکھنے کیلئے بھی گئے تھے۔ کلمرناک کرکٹ کلب کا کپتان محمد عظیم ڈار بھی علیم ڈار کا بھتیجا ہے ،جو اسکاٹ لینڈ کی انڈر 19 ٹیم کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔ واقعہ کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد کلب کی بطور سزا تنزلی کردی گئی ہے اورکلب کے 49 پوائنٹس کو کم کردیا گیا ہے۔

[pullquote]پاکستان کپ کے فائنل میں کل پنجاب اور خیبرپختونخوامدمقابل
[/pullquote]

kpk-vs-pu-pak-cup

فیصل آباد:پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کل پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں پنجاب نے ایونٹ کے آخری لیگ میچ میں سندھ کی ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سندھ اور پنجاب نے دو دو میچوں میں فتح سمیٹی لیکن بہتر رن اوسط کی بنیاد پرپنجاب کی ٹیم فائنل کھیلنے کی اہل ہوئی۔
خیبر پختون خوا کی ٹیم ایونٹ میں تین فتح کے ساتھ فائنل میں پہنچی۔ کے پی کے نے اپنے آخری میچ میں سندھ کو زیر کیا تھا ۔فا ئنل میں خیبرپختون خواکی قیادت یونس خان کریں گے۔ ابتدائی میچوں میں امپائرنگ پر تنقید کے بعد یونس خان ایونٹ ادھورا چھوڑ کرچلے گئے تھے۔
لیکن پی سی بی کی جانب سے جرمانے اور شوکاز نوٹس کے بعد معذرت کرنے پر انہیں دوبارہ ٹورنامنٹ میں شامل کرلیا گیا۔پچا س پچاس اوور کا ڈے اینڈ نائٹ مقابلہ سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔

[pullquote]شوبز[/pullquote]

[pullquote]روہت شیٹھی اور ایکتا کپور کے درمیان 3 سال بعداختلافات ختم
[/pullquote]

rohit

ممبئی:بولی وڈ انڈسٹری کے دو بڑے نام ایکتا کپور اور روہت شیٹھی نے 3 سال بعد تمام اختلافات بھلا کر ایک بار پھر ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 3 برس قبل ہدایت کار روہت شیٹھی اور نامور پروڈیوسر ایکتا کپور کے درمیان اپنی فلموں کی ریلیز کی تاریخ کو لے کر لڑائی ہو گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق ایکتا کپور اپنی فلم ونس اپون آ ٹائم ممبئی دوبارہ عید پر ریلیز کرنا چاہتی تھیں جبکہ اسی دن روہت بھی اپنی فلم چنائی ایکسپریس ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
دونوں کے درمیان اس بات کو لے کر کافی بحث ہوئی بالآ خر ایکتا کو اپنی فلم ایک ہفتے بعد ریلیز کرنی پڑی جس کا ان کی فلم کے بزنس پر بہت برااثر ہوا۔
اسی بات کو لے کر دونوں کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا جو آج تک قائم تھا ،لیکن اب انہوں نےجھگڑے کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
دونوں نے ممبئی اندھیری میں واقع روہت کے آفس میں ملاقات کی اور اپنے ختلافات کو بھلا کر ایک بار پھر ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق روہت اور ایکتا بہت جلد ساتھ میں ایک پرو جیکٹ پر کام کرنے والے ہیں،لیکن یہ پرو جیکٹ ہےکیا ابھی اس کی تفصیلات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔

[pullquote]اب کبھی پاکستان نہیں جاؤں گا،کبیر خان
[/pullquote]

ممبئی:بجرنگی بھائی جان کے ہدایت کار کبیر خان نے کراچی ائیر پورٹ پر ہوئے ناخوشگوار واقعے کے باعث اب کبھی پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کبیر خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ بھارتی میڈیا میرے ساتھ (کراچی) ائیر پورٹ پر ہونے والےواقعے کو زیادہ کوریج نہ دے اس طرح دونوں طرف صر ف کشیدگی میں اضافہ ہوگا اور کچھ نہیں۔
ان سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ اب وہ دوبارہ ہمسایہ ملک پاکستان جائیں گے؟تو ان کا کہنا تھاکہ میری بیوی منی ماتھور نے مجھے سختی سے منع کیا ہے کہ میں اب کبھی پاکستان نہ جاؤں۔
گزشتہ کچھ دن پہلے فلم ایک تھا ٹائیگر کے ہدایت کار کبیر خان ایک کانفرنس میں شرکت کی غرض سے کراچی (پاکستان) میں موجود تھے،یہاں موجود شوبز ستاروں کی جانب سے ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا اور بہترین مہمان نوازی کی گئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے