اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے قومی اسمبلی کے اراکین کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے جمعے کے روز ایوان زیریں(قومی اسمبلی) کے اجلاس میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اس موقع پر پاناما لیکس پر اپوزیشن جماعتوں کے سوالوں کے جوابات دیں گے۔
تاہم اپوزیشن نے دوسرے روز بھی قومی اسمبلی میں وزیراعظم کی غیر حاضری پر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا اور سیشن سے واک آؤٹ کیا۔
اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کی یقین دہانی کے باوجود کہ وزیراعظم نواز شریف جمعے کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اپنے مؤقف میں نرمی نہیں دکھائی۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ‘نواز شریف جمعے کے دن قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور پاناما لیکش پر اپوزیشن کے سوالوں کا جواب بھی دیں گے’۔