بلوچستان میں مدارس کی رجسٹریشن کا فیصلہ

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے کے تمام مدارس کو محکمہ تعلیم کے ذریعے رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

مدارس کی رجسٹریشن کے طریقہ کار اور سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم اور قانون سازی کیلئے صوبائی حکومت نے ایک اعلیٰ سطح کی 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

محکمہ تعلیم کے ایک عہدیدار نے ڈان نیوز کو بتایا کہ کمیٹی کے اراکین میں بلوچستان کے سیکریٹری محمکہ تعلیم ، صوبائی سیکریٹری داخلہ و قبائلی امور، سیکریٹری محکمہ صنعت اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے سیکریٹری شامل ہیں۔

بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے تمام مدارس کے مقام، نام، اساتذہ اور طالب علموں کی معلومات جمع کرنے کیلئے ایک فارم پہلے سے تیار کرلیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے عہدیدار نے بتایا کہ’اس طرح ہمیں ان مدارس میں موجود اساتذہ اور طالب علموں کی اصل تعداد معلوم ہوجائے گی’۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت صوبائی محکمہ صنعت سے تقریبا 3000 مدارس رجسٹر ہیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں رجسٹر اور غیر رجسٹر مدارس کی تعداد اب بھی 10,000 کے قریب ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے ان مدارس کی رجسٹریشن کا کام محکمہ صنعت سے محکمہ تعلیم کو منتقل ہوجائے گا۔

صوبائی سیکریٹری تعلیم صبور کاکڑ نے ڈان نیوز کو بتایا کہ بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے پہلے سے ہی کوئٹہ اور صوبے کے دیگر حصوں میں موجود نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔

‘اسکولوں کی رجسٹریشن کے بعد مدارس کی رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے