ہفتہ ، 11 جون 2016 پاکستان اور دنیا بھر سے قومی و عالمی خبروں پر مشتمل آن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]سندھ کا 869 ارب روپے کا بجٹ پیش
[/pullquote]

Mazar-e-Quaid-Azam-HD-Wallpaper

کراچی: نئے مالی سال 17-2016 کے لیے سندھ کا 869 ارب روپے حجم کا بجٹ پیش کردیا گیا۔اسپکیر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے بجٹ پیش کیا۔رواں سال ترقیاتی بجٹ کے استعمال پر حکومت کی کارگردگی مایوس کن رہی اور 162 ارب روپے میں سے صرف 86 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ کئی ترقیاتی منصوبے مکمل نہ ہوسکے۔

[pullquote]ماروی سرمدکی درخواست پرسینیٹرحمداللہ پرمقدمہ
[/pullquote]

575bfeef8b267

اسلام آباد: سول سوسائٹی کی کارکن ماوری سرمد کی درخواست پر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سینیٹر حمد اللہ کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے تھانے مقدمہ درج کر لیا گیا۔جمعیت علماء اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر حافظ حمد اللہ نے مبینہ طور پر سماجی کارکن ماروی سرمد سے بدکلامی کی تھی جبکہ ماروی سرمد نے دعویٰ کیا تھا کہ ان پر جسمانی طور پر بھی تشدد کی کوشش کی گئی تھی۔

[pullquote]چترال میں سیلاب، پھلوں کے باغات تباہ
[/pullquote]

150722130121_chitral_flood_640x360_epa_nocredit

سیلاب کے بعد 40 گھرانے اپنے مال مویشیوں سمیت کھوتان لشٹ کے مقام پر منتقل ہوچکے ہیں پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع چترال میں حکام کا کہنا ہے کہ مستوج سب ڈویژن کے علاقے بریپ میں سیلاب آنے کے باعث مقامی آبادی اپنے مکانات چھوڑ کر نسبتاً محفوظ مقام پر منتقل ہو گئی ہے۔علاقے کے مقامی رہائشی سید کریم شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ گاؤں کے اوپر موجود گلشیئر پگھلنے سے پانی کی سطح میںغیر معمولی اضافہ ہوا اور سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی، سیلاب کے باعث پانچ مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے بجلی کے کھمبے بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں جبکہ بروغل جانے والی سڑک بھی دریا برد ہوگئی ہے۔

[pullquote]عالمی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]شامی دارالحکومت میں دو خود کش حملے، کم از کم 20 ہلاک
[/pullquote]

شامی دارالحکومت میں ہونے والے دو بم دھماکوں کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ان دونوں خود کش بم حملوں میں کم از کم 20 افراد مارے گئے ہیں جبکہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں تیرہ شہری اور سات حکومتی فوجی ہیں۔ ان میں ایک حملہ آور بارود سے لدی کار میں سوار تھا اور دوسرا حملہ آور چلتے ہوئے اپنے ٹارگٹ تک پہنچا۔ دمشق شہر کے اسی علاقے میں شیعوں کا ایک انتہائی متبرک مقام سیدہ زینب کا مزار واقع ہے۔

[pullquote]افغانستان: پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملہ، پانچ پولیس اہلکار ہلاک
[/pullquote]

مشرقی افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں پولیس کے ہیڈکوارٹرز پر مسلح حملہ آوروں نے دھاوا بول کر کم از کم پانچ پولیس افسروں کو ہلاک کر دیا۔ پاکستانی سرحد کے قریب واقع پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ صبح سویرے کیا گیا اور بعد میں شدید فائرنگ تبادلہ بھی ہوا۔ ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی کے مطابق جوابی کارروائی میں تیرہ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ابھی تک کسی گروپ نے اِس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]مسلح تنازعات میں بچوں کا تحفظ، خصوصی کانفرنس فرانس میں ہو گی
[/pullquote]

فرانس کے وزیر داخلہ ژاں مارک ایغو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلح تنازعات میں گہرے علاقوں میں متاثر ہونے والے بچوں کے تحفظ کے موضوع پر ایک کانفرنس فرانس میں منعقد کی جائے گی۔ ایغو کے مطابق وزارتی سطح کی یہ کانفرنس اگلے برس فروری میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں منعقد ہو گی۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے اِس کانفرنس کا اعلان اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا۔ اِس اجلاس میں مسلح تنازعات اور بحران زدہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں عام شہریوں کے تحفظ کی صورت کو زیر بحث لایا گیا۔ کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ پرتشدد تنازعوں کے دوران ستانوے فیصد ہلاکتیں عام شہریوں کی ہوتی ہیں۔

[pullquote]لیبیا کی فوج ساحلی شہر سرت کی بندرگاہ پر قابض ہو گئی
[/pullquote]

شمالی افریقی ملک لیبیا کی یونٹی حکومت کی فوج بندرگاہی شہر سرت میں داخل ہونے کے بعد شہر کی بندرگاہ پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ یونٹی حکومت کی فوج کے مطابق جہادیوں اور فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ووگاڈوگو کانفرنس سینٹر کے ارد گرد جاری ہیں۔ اِسی سینٹر میں لیبیا میں سرگرم عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے اپنا کمانڈ مرکز قائم کر رکھا ہے۔ اِس سینٹر کے باہر جہادیوں کے ٹھکانوں کو یونٹی حکومت کی شدید شیلنگ کا سامنا ہے۔ طرابلس حکومت کے جنگی طیارے بھی عسکریت پسندوں کو ٹارگٹ کرنے میں مصروف ہیں۔ یونٹی حکومت کی فوج کے مطابق شہر کے اندر پیشقدمی میں شدید مشکلات درپیش ہیں لیکن دہشت گردوں پر بھی شدید دباؤ ہے۔

[pullquote]مشرقی یوکرائن میں اسی مہینے امن ڈیل کے نفاد کا امکان، میرکل
[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے توقع ظاہر کی ہے کہ رواں مہینے کے دوران مشرقی یوکرائن میں امن معاہدے کے نفاذ کے حوالے سے پیش رفت کا قوی امکان ہے۔ میرکل کے مطابق منسک امن معاہدے کے نفاذ سے ایسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں، جو روس کے خلاف عائد پابندیوں کے خاتمے کا سبب بنیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اور یورپی یونین کے درمیان بہتر اقتصادی تعلقات سب کے مفاد میں ہیں۔ جرمن چانسلر کے مطابق ولادی ووستوک سے لزبن تک اقتصادی خطے کا قیام بتدریج اقدامات ہی سے ممکن ہو سکے گا۔ یورپی یونین اگلے مہینے کے آخر میں روس پر عائد پابندیوں کا دوبارہ جائزہ لے گی۔

[pullquote]بنگلہ دیش: ہندو پروہت کے قتل کی ذمہ داری ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کر لی
[/pullquote]

عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے بنگلہ دیش کے شمال مغربی شہر پبنا میں ہندو پروہت کے قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ قتل کی ذمہ داری عسکری تنظیم کی نیوز ایجنسی عماق نے جاری کی اور اِس کی نشاندہی امریکا میں قائم جہادی تنظیموں کی خبروں اور بیانات کی نگرانی کرنے والے سائٹ انٹیلیجنس گروپ نے کی ہے۔ گزشتہ روز 60 سالہ نتیارنجن پانڈے کو خنجروں سے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتول پانڈے بنگلہ دیشی شہر پبنا میں واقع شری شری ٹھاکر انُوکُل چندر نامی آشرم سے وابستہ تھے۔ پولیس کے مطابق یہ قتل اُسی طرح کیا گیا، جس طرح گزشتہ کئی ماہ کے دوران بنگلہ دیش کے مسلم عسکریت پسند متعدد اقلیتی شہریوں اور سرگرم سیکولر کارکنوں کو قتل کر چکے ہیں۔

[pullquote]ملکہ الزبتھ کی 90 ویں سالگرہ کی خصوصی پریڈ
[/pullquote]

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ ثانی اور اُن کا خاندان، آج اُن کے نوے برس مکمل ہونے کی خصوصی تقریبات میں شریک ہو گا۔ اِس موقع پر ملکہ ایک خصوصی پریڈ کا معائنہ بکنگھم پیلس کی بالکونی سے کریں گی۔ آج کے دن کی تمام تقریبات میں ملکہ کے ہمراہ اُن کے شوہر پرنس فلپ بھی ہوں گے۔ آج کی تقریبات کو دیکھنے کے لیے ایک بہت بڑے ہجوم کی توقع کی جا رہی ہے۔ ملکہ کا یومِ پیدائش اکیس اپریل ہے لیکن تقریبات کا اہتمام بہتر موسم کی وجہ سے آج کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں تقریباً سولہ سو مشتبہ ’ملزمان‘ کی گرفتاریاں
[/pullquote]

بنگلہ دیشی حکام نے قریب سولہ سو مشتبہ افراد کو سکیورٹی بنیاد پر گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں ایسے مذہبی انتہا پسند بھی شامل ہیں، جن کی مبینہ تنظیموں پر اقلیتوں کے بعض افراد اور سیکولر کارکنوں پر قاتلانہ حملے کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ڈھاکا حکومت اِس کریک ڈاؤن کے ذریعے مسلمان انتہا پسندوں کی پرتشدد سرگرمیوں کو روکنا چاہتی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں گرفتار کیے جانے والے ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد میں میں ایسے 37 انتہا پسند مسلمان بھی شامل ہیں، جن کا تعلق بنیاد پرست تنظیموں سے ہے۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ نے پانچ جون کو ایک پولیس افسر کی بیوی کی ہلاکت کے بعد انسدادِ انتہا پسندی کی سرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]سولر امپلس ٹُو مجسمہٴ آزادی کے قریب سے گزر گیا
[/pullquote]

شمسی توانائی سے چلنے والا ہوائی جہاز سولر امپلس ٹُو آج صبح سویرے نیویارک کے ’اسٹیچو آف لبرٹی‘ یا مجسمہٴ آزادی کے قریب سے گزر گیا۔ اِس ہوائی جہاز نے جمعے اور ہفتے کی نصف شب کے قریب پینسلوانیا کے لیہائی ویلی ایئر پورٹ سے پرواز کی تھی۔ اِس کی اگلی منزل نیویارک شہر جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ ہے۔ سولر امپلس پر پائلٹ کا فریضہ سوئٹزرلینڈ کے اندرے بورشبیرگ انجام دے رہے ہیں۔ یہ امریکا میں اِس ہوائی جہاز کی آخری پرواز ہے۔ نیویارک سے سولر امپلس بحر اوقیانوس کو عبور کرتے ہوئے یورپ کا رخ کرے گا اور پھر مشرق وسطیٰ کی جانب اپنا مزید سفر جاری رکھے گا۔ شمسی توانائی سے چلنے والا ہلکا پھلکا ہوائی جہاز دنیا کے گرد چکر لگانے میں مصروف ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی ملزم کا مکان مسمار کر دیا
[/pullquote]

ہفتے کی صبح اسرائیلی فوج نے اُس فلسطینی کا گھر مسمار کر دیا، جس نے ایک اسرائیلی خاتون شہری کو اُس کے چھ سالہ بچے کے سامنے چاقو کا وار کر کے قتل کر دیا تھا۔ فلسطینی کا گھر ویسٹ بینک کے گاؤں یَتہ میں واقع تھا۔ حملہ کرنے والے فلسطینی کا نام مراد بدر عبداللہ بتایا گیا ہے۔ عبداللہ اِس وقت اسرائیلی جیل میں ہے۔ گزشتہ آٹھ مہینوں کے دوران فلسطینیوں نے اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں پر چاقو کے بے شمار حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں بتیس اسرائیلی ہلاک ہوئے جبکہ ان دہشت گردانہ حملوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی جوابی کارروائیوں میں دو سو کے قریب فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں ٹریفک حادثہ، گیارہ افراد ہلاک
[/pullquote]

تھائی میڈیا کے مطابق ایک مسافر وین کے الٹنے کے بعد آگ لگنے کے واقعے میں گیارہ اسکول ٹیچرز ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے جنوب مشرق میں واقع مقام چھون بوری کے قریب سے گزرنے والی ہائی وے پر رونما ہوا۔ میڈیا کے مطابق ڈرائیور وین پر کنٹرول اُس وقت کھو بیٹھا جب اُس کا ایک ٹائر پھٹ گیا تھا۔ حادثے کے بعد وین میں سے چار مسافر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

[pullquote]میکسیکو میں ایک خاندان کے گیارہ افراد کا قتل
[/pullquote]

شمالی امریکی ملک میکسیکو کے پہاڑی علاقے میں دو مسلح افراد نے ایک گاؤں میں ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس اہلکار قتل کی اس لرزہ خیز واردات کو ذاتی دشمنی اور انتقام کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں۔ میکسیکو کی وسطی ریاست پیوبلا کے شہر اوکزاکا کے گاؤں المیراڈور میں دو مسلح افراد نے پانچ عورتوں، چار مردوں اور دو بچوں کو ہلاک کیا۔ دو زخمی لڑکیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین نے ایک مجرم کی شناخت کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اُس نے نو برس قبل قتل کی گئی ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب کیا تھا۔ پولیس شہادتوں کی روشنی میں ملزمان کو پکڑنے کی کوشش میں ہے۔

[pullquote]بھارتی طیارہ بردار بحری جہاز پر گیس کا اخراج، دو ہلاک
[/pullquote]

بھارت کے روسی ساختہ طیارہ بردار جنگی بحری جہاز آئی این ایس وکرامادیتیا پر زہریلی گیس کے خارج ہونے سے ایک سیلر اور ایک سویلین ورکر ہلاک ہو گئے ہیں۔ گیس کا اخراج اُس وقت ہوا جب جنگی بحری جہاز پر مرمت کا کام جاری تھا۔ بھارتی نیوی کے ترجمان کے مطابق دو ہلاکتوں کے علاوہ دو افراد زخمی بھی ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ گیس خارج ہونےکے واقعے سے بحری جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ بھارتی نیوی کے حکام نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

[pullquote]سویڈش پائلٹوں کی ہڑتال، ہزاروں مسافر پریشان
[/pullquote]

سویڈن کی قومی ہوائی کمپنی ایس اے ایس (SAS) کے چار سو پائلٹوں نے ہڑتال کر دی ہے۔ ہڑتال کرنے والے پائلٹوں کی یونین تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اِس ہڑتال کی وجہ سے اسٹاک ہوم کے آرلانڈا ہوائی اڈے سے اندرونِ ملک اور یورپی شہروں کے لیے روانہ ہونے والی کم از کم چالیس پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ان پروازوں کی منسوخی سے چار ہزار سے زائد مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پائلٹوں کی تنظیم ایس پی ایف نے ثالثوں کی جانب سے تنخواہ میں اضافے کی تجویز کو بھی مسترد کر دیا ہے۔

[pullquote]یورپی کمیشن کے صدر اگلے ہفتے روس کے دورے پر پوٹن سے ملاقات کریں گے
[/pullquote]

یورپی یونین کی ترجمان مینا اندریوا کے مطابق یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر اگلے ہفتے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ ینکر آئندہ جمعرات کو سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقدہ روسی اقتصادی کانفرنس سے خطاب کریں گے اور اسی کانفرنس میں روسی صدر بھی شریک ہوں گے۔ یورپی کمیشن کے صدر کے دفتر نے بھی اس کانفرنس کے دوران صدر پوٹن سے ہونے والی ملاقات کی تصدیق کر دی ہے۔ یورپی یونین کی ترجمان کے مطابق دونوں لیڈر دوطرفہ تعلقات پر بھی بات کر سکتے ہیں۔ یوکرائنی علاقے کریمیا کے روس میں ادغام کے بعد ینکر پہلے اعلیٰ ترین یورپی لیڈر ہوں گے، جو روس کا دورہ کریں گے۔

[pullquote]کھیلوں لی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]یورو چیمپئن شپ: فرانس نے رومانیہ کو ہرا دیا
[/pullquote]

فٹ بال کی یورپی چیمپئن شپ کل رات فرانس کی میزبانی میں شروع ہو گئی ہے۔ افتتاحی میچ فرانس اور رومانیہ کے درمیان کھیلا گیا۔ اِس میچ میں میزبان ٹیم نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کی۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر گول کے برابر رہا لیکن دوسرے ہاف کے 57 ویں منٹ میں اولیور گیرو نے پہلا گول کیا۔ کچھ ہی دیر بعد رومانیہ کے بوگڈان اسٹانچو نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ میچ کے اختتامی منٹوں میں فرانس کے دیمیتری پایے نے گول کر کے فرانس کے لیے فتع حاصل کی۔ اسٹیڈیم کے باہر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظام کیے گئے تھے۔

[pullquote]باکسرمحمد علی کی یاد میں کثیر المذہبی تقریب
[/pullquote]

عظیم باکسر محمد علی کے سوگ اور احترام میں کل شام ایک خصوصی کثیر المذہبی یادگاری تقریب امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی وِل کے کے ایف سی یوم سینٹر (KFC Yum) میں منعقد کی گئی۔ سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے بھی لیجنڈری باکسر کے اعزاز میں تقریر کی۔ اِس کثیرالمذہبی یادگاری تقریب میں امریکی صدر باراک اوباما کا خصوصی خط اُن کی ایک قریبی سینیئر خاتون مشیر والیری جیرٹ نے پڑھا۔ مہمانوں میں اردن کے شاہ عبداللہ ثانی بھی شریک تھے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھوماس باخ کے علاوہ مسیحی اور یہودی اسکالرز نے بھی مرحوم باکسر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مرحوم محمد علی کو جمعہ دس جون کی سہ پہر لوئی وِل کے کیو ہِل قبرستان میں دفنایا گیا۔

[pullquote]شوبز
[/pullquote]

[pullquote]امریکی نوجوان گلوکارہ کا کنسرٹ کے دوران قتل
[/pullquote]

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلانڈو میں ایک نامعلوم حملہ آور نے بائیس سالہ گلوکارہ کرسٹینا گریمی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ حملہ آور نے گریمی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ نوجوان گلوکارہ نے اورلانڈو کے پلازہ لائیو تھیئٹر میں اپنی ساتھی گلوکاروں کے ساتھ پرفارمنس مکمل کرنے کے بعد اپنے شائقین کو آٹوگراف دے رہی تھی کہ نامعلوم حملہ آور نے اُس کے قریب پہنچ کر اُسے گولی مار دی۔ قتل کے محرکات کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ کرسٹینا گریمی نے امریکی ٹیلی وژن نیٹ ورک این بی سی کے گلوکاری کے مقابلے کے پروگرام’ دی وائس‘ سے متعارف ہوئی تھیں۔ وہ اِس مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کر پائی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

تجزیے و تبصرے