پاکستانی اداکاروں پر پابندی: بولی وڈ کیا سوچتا ہے؟

[pullquote]ہندوستان میں کام کرنے والے پاکستانی اداکاروں کو اُس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب اوڑی حملے میں 18 ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی آگئی اور قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے پاکستانی فنکاروں کو ہندوستان چھوڑنے کا الٹی میٹم دے دیا۔[/pullquote]

ان سب واقعات کے بعد اب بولی وڈ کے اداکاروں نے بھی فن کے لیے اپنی آواز بلند کرنی شروع کردی ہے۔ انڈین ایکسپریس کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے سیف علی خان نے پاکستانی اداکاروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری فلم انڈسٹری میں دنیا بھر سے کسی کو بھی آنے کی اجازت ہے، یہاں لوگوں کی صلاحیت کو دیکھا جاتا ہے، ہم ایسے فنکار ہیں جو امن اور پیار کا پیغام دیتے ہیں‘۔

سیف کا مزید کہنا تھا کہ ’اس بات کا فیصلہ کرنے کا اختیار حکومت کے پاس ہے اور حکومت کو اس حوالے سے قانون سازی کرنی چاہیے، وہی بتائے کہ کس کو اجازت دی جائے اور کس کو نہیں‘۔ نوجوان اداکار ورن دھون نے بھی اسی قسم کا بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر اداکاروں پر پابندی لگانے سے دہشت گردی کو روکا جاسکتا ہے تو انہیں ایسا کرنا چاہیے، لیکن اس کا فیصلہ صرف حکومت کو کرنا چاہیے‘۔ اس سے قبل ہدایت کار کرن جوہر کا بھی کہنا تھا کہ پاکستانی اداکاروں پر پابندی لگانا کوئی حل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا ’اگر واقعی یہ حل ہوتا تو ایسا ضرور کیا جاتا، لیکن میں ایسا نہیں سمجھتا، مجھے لگتا ہے کہ اس صورتحال پر قابو کسی اور طرح سے پانا ہوگا، ٹیلنٹ اور آرٹ پر پابندی لگانے سے نہیں‘۔

واضح رہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان، کرن جوہر کی آنے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں ایک مختصر لیکن اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ تاہم ہر کوئی پاکستانی اداکاروں پر پابندی کے خلاف نہیں، بولی وڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر کا ماننا ہے کہ پاکستانی اداکاروں کو 18 ستمبر کو اوڑی سیکٹر میں ہونے والے حملے کی مذمت کرنی چاہیے تھی۔ جب انوپم کھیر سے ایک تقریب کے دوران اس حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’یہ بہت ضروری ہے کہ میں اوڑی حملے میں ہندوستانی فوجی جوانوں کی ہلاکت کی مذمت کروں، پاکستانی اداکاروں کو بھی ایسا کرنا چاہیے تھا، ہم نے ہمیشہ ان کے ساتھ اچھا کیا ہے اور دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے‘۔

انوپم کا مزید کہنا تھا کہ ’میں یہ نہیں کہتا کہ آپ اپنے ملک کے خلاف بات کریں لیکن حملہ کرنے والوں کی مذمت کرنی ضروری تھی‘۔ واضح رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا جب ہندوستانی قوم پرست جماعتوں کی جانب سے پاکستانی اداکاروں کو دھمکیاں موصول ہوئیں ہوں۔ اس سے قبل شیو سینا کے کارکنوں نے پاکستان کے معروف گلوکار غلام علی کے کانسرٹ کے خلاف بھی کئی مرتبہ احتجاج کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے