پاکستان کی جیت: ہوائی فائرنگ سے 7 افراد زخمی

پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھارت کو اوول کے میدان میں شکست کےبعد کراچی میں ہوائی فائرنگ سے نجی ٹی وی کے ڈی ایس این جی انجینئر، ایک خاتون اور بچے سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر اعجاز کھوکھر کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ سرکاری ہسپتالوں میں سات زخمیوں کو لایا گیا جو کراچی کے مختلف علاقوں میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد کے گھر کے باہر موجود نجی ٹی وی 24 نیوز کے ڈی ایس این جی انجینئر شارق اشتیاق نامعلوم افراد کا ہوائی فائر لگنے سے زخمی ہوگئے جس سے صحافیوں میں افراتفری مچ گئی۔

ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمی شارق اشتیاق کو ابتدائی طور پر عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انھیں جناح ہسپتال بھجوادیا گیا۔

میڈیا کو جناح ہسپتال کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹرسیمی جمالی نے بتایا کہ شارق کے سرپر گولی لگی ہے تاہم اب ان کی حالت خطرےسے باہر ہے۔

ڈاکٹرسیمی جمالی کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں پانچ سالہ بچہ حسین رضا بھی شامل ہے، جو ماڈل کالونی میں زخمی ہوئے تھے اور ان کے پیٹ پر گولیاں لگی ہیں اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

جناح ہسپتال لائے گئے دو دیگر زخمیوں کی شناخت لائنز ایریا کا رہائشی 22 سالہ فراز اور اورنگی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ سردار سلطان کے نام سے ہوئی جو گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]پولیس کے ایک سنیئرافسر کا کہنا ہے کہ جشن منانے کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس کاررائی کرےگی۔[/pullquote]

ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث افراد کا پتہ لگانے کے لیے گولیوں کے خول جمع کیے گئے ہیں اور معلومات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو چمپیئنزٹرافی 2017 کے فائنل میں باآسانی 180 رنز سے شکست دے کر چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے بعد پورے ملک میں جشن منایا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستانی ٹیم کی جیت پر آتش بازی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے