وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ نواز شریف نے اہلیہ کی علالت کے باعث استثنا مانگا ہے۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف نے اپنی اہلیہ کی علالت کے باعث استثنا مانگا ہے تاہم ان کے بچے عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ (ن) لیگ اور نواز شریف نے ہمیشہ آئین وقانون کی پاسداری کی ہے اور نواز نے ہمیشہ قانون کے مطابق کام کیا، انہیں ملک کی معیشت عزیز ہے۔
ہمارے رہنما اور ہم ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوئے, دانیال عزیز
ن لیگی رہنما دانیال عزیز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے رہنما اور ہم ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوئے،یہ واحد لوگ ہیں جنہوں نےلکھ کر دیا ہے کہ ہم نےچوریاں کیں،اثاثے چھپائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کےسربراہ الیکشن کمیشن اور انسداد دہشتگردی عدالت کےمفرور ہیں،یہ تمام سیاسی جماعتوں کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ہمارے قائدین نہ کبھی روپوش ہوئے نہ کمر درد کا بہانہ بنایا، عابد شیر
وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کی علالت کے باعث باہر ہیں، ہمارے قائدین نہ کبھی روپوش ہوئے نہ کمر درد کا بہانہ بناکر بھاگے۔ہمارے لیڈر ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ فیصلوں پر دنیا بھر میں اعتراض ہوتاہے،کرپشن اور لوٹ مار کا الزام ہم پر ثابت نہیں ہوا،اسحاق ڈار نے ملک کی بہتری کےلیے کام کیا،کہا گیا دماغی توازن درست نہیں سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے،ماضی میں حکمرانوں کو چھوٹ دی گئی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو بہتری کیلیے کام کرتے ہیں انہیں عدالتوں کےچکر لگوائے جاتے ہیں،لوٹ مارکرنے والوں کو ملک سے باہر بھجوا دیا جاتاہے۔