پاکستان تحریک انساف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نیب قوانین میں تبدیلی کی کوشش کی گئی تو سارا پاکستان اسلام آباد پہنچ جائے گا ، پھر عوام کرپٹ قیادت سے چھٹکارا ملنے تک اسلام آباد میں ہی موجود رہیں گے ۔
اوباڑو میںجلسے سے خطاب کرتے ہو ئے عمران خان نے کہا مجھے سب سے زیادہ دکھ سندھ پر ہوتا ہے کیوں کہ لوٹ مار سب سے زیادہ سندھ میں ہی ہو ئی ہے اور یہاں کے ہاری کی حالت ابتر ہے،انہوں نے آصف زرداری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیںکرپشن کا گاڈ فادرقرار دیا۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بارے میں انہوں نے انکشاف کیا کہ اس کے اربوں روپے ملک سےباہر پڑے ہو ئے ہیں جب کہ آصف زرداری نے درجنوںشوگر ملوں پر قبضہ کیا ہواہے،ان کا علاج باہر ملکوں میں میں ہوتا ہے جبکہ پاکستان کے غریب کا علاج کس طرح ہوتا ہے ان لوگوں کو ملک کے اسپتالوں کا حال تک معلوم نہیں،یہ قطعی طور پر پاکستان میں اسپتالوں کی ابترصورتحال سے نا واقف ہیں ۔
عمران خان نےشہباز شریف کوبھی مخاطب کرتے ہو ئے کہا کسی غلط فہمی میں نہ رہنا ، کوئی این آر او نہیں ملے گا ،مشرف نے نواز شریف اور زرداری کو این آر او دیا تھا،اب قوم این آر او قبول نہیں کرے گی۔
عمران خان نے کہا کہ سندھ کا پیسہ لوٹنے والوں کا سماجی بائیکاٹ کرناچاہیئے ، ان چوروں لٹیروں نے سندھ کے عوام کا خون چوسا ہوا ہے پاکستان میں سب سے زیادہ سندھ کے لوگوں پر ظلم ہورہا ہے۔
عمران خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نواز شریف اور زرداری کو بچانے کے لیئے قوانین میں ترمیم کی تیاری کی جارہی ہے۔