کپل شرما کو اپنی فلم کی وجہ سے کروڑوں کا نقصان

ممبئی: معروف بھارتی کامیڈین و اداکار کپل شرما کو اپنی فلم ’فرنگی‘ کی ناکامی کی وجہ سے کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ ایک بار پھر ڈپریشن میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف کامیڈین کپل شرما کی گزشتہ دنوں ریلیز ہونے والی ’فرنگی‘باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور فلم پر کی گئی سرمایہ کاری کا ادھا حصہ بھی وصول کرنے میں ناکام رہی ہے۔

کپل شرما جو نہ صرف فلم میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں بلکہ ساتھ ہی وہ فلم کے پروڈیسر بھی ہیں اور انہوں نے راجیو دھنگرا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں 40 کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری کی تھی لیکن فلم اب تک بمشکل 10 کروڑ ہی کما سکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلم فلاپ ہونے کی وجہ سے کپل شرما ایک بار پھر ڈپریشن میں مبتلا ہوگئے ہیں کیوں کہ انہوں نے اسپانسرز سے وعدہ کیا تھا کہ یہ فلم باکس آفس پر کم سے کم 50 کروڑ روپے کا بزنس کرے گی لیکن فلم کی ناکامی نے انہیں مزید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے اور انہوں نے لوگوں سے ملنا بھی کم کردیا ہے۔

اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ کپل شرما نے پہلے خود ایک ایونٹ آرگنائز کروایا مگر بعد میں اس میں شرکت نہ کرکے شو آرگنائزرز کا لاکھوں کا نقصان کروادیا تھا۔

واضح رہے معروف کامیڈین پہلے اپنے دوست اور ساتھی اداکار سنیل گروور کے ساتھ لڑائی اور بعد میں ’دی کپل شرما شو‘ کی گرتی ہوئی ریٹنگ کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے اور بعد ازاں انہوں نے شو کی ریکارڈنگ پر آنا بھی چھوڑ دیا جس کی وجہ سے شو کو بند کرنا پڑا اور انہوں نے اپنی فلم سے امیدیں وابستہ کرلی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے