چینی بھائیوں سے کالے قولوں تک

قارئین کو خوب یاد ہوگا کہ چینی بھائیوں کی باقاعدہ تشریف آوریوں سے پہلے ہی میں نے ذرا ڈھکے چھپے کبھی کھلے کھلے، کبھی ملفوف اور کبھی غیر ملفوف انداز میں چند تحفظات اور خدشات کا کئی بار اظہار کیا تھا۔ افسوس اس بات کا کہ ’’کام‘‘ میرے اندازوں سے کچھ پہلے ہی شروع ہوگیا ہے اور اگر وقت پر ایک ٹانکا نہ لگایا گیا تو بعد میں شاید نوّے (90)ٹانکے بھی بیکار ہوں گے۔ پے در پے، اوپر نیچے مختلف شہروں ملتان، گوجرانوالہ، لیہ وغیرہ سے چینیوں کی مقامی لوگوں کے ساتھ لڑائیوں، جھگڑوں بدمزگیوں کی رپورٹیں خبریں آرہی ہیں جو ہرگز نیک شگون نہیں۔ بدقسمتی سے ہماری اجتماعی ساخت و نفسیات کچھ ایسی ہے کہ جب تک پانی سر سے نہ گزر جائے ہم لوگ ’’ہنوز دلی دور است‘‘ کی مالا جپتے رہتے ہیں۔

مجھے یقین ہے کہ اس وارننگ کا بھی کوئی اثر نہیں ہوگا لیکن شاید کسی کان پر کوئی جوں رینگ جائے اور چینی حکام کو ابھی بتا دیا جائے کہ اپنے لوگوں کو اچھی طرح ’’بریف‘‘ کر کے بھیجیں کہ وہ اپنی کسی ’’کالونی‘‘ نہیں، برادر ملک پدھار رہے ہیں۔ آخر پہ صرف اتنا یاد دلائوں گا کہ افراد ہوں یا اقوام ….طاقت اوردولت نئی نئی ہو تو اسے سنبھالنا اور سلیقے سے کام میں لانا ذرا مشکل ہوتا ہے اور ہمارے چینی بھائیوں کو بھی اس مشکل کا سامنا ہے جسے ہینڈل کرنے میں ان کی مدد کرنا ہمارا فرض بھی ہے اور ضرورت بھی۔اوراب کچھ ’’کالے قول‘‘o….o….oسیانے کہا کرتے تھے کہ نہ اتنے میٹھے بنو کہ نگل لئے جائو اور نہ اتنے کڑوے ہو جائو کہ تھوک دیئے جائو۔o….o….oقریب المرگ معاشرہ کی ایک پہچان یہ بھی ہے کہ اس میں مایوسی اور مبالغہ کا غلبہ ہوتا ہے۔o….o….oآب زم زم میں نشہ آور شے ملانے سے نشہ حلال نہیں ہو جاتا۔o….o….oکرپٹ لیڈر کو تو سزا دی جاسکتی ہے، کرپٹ ووٹر کا کیا کریں؟

o….o….oاگر کسی معزز کی پگڑی پھاڑ کر کسی ننگے کی ستر پوشی ہو سکتی ہے تو یہ کسی عبادت سے کم نہیں۔o….o….oجس کا ذریعہ آمدن معلوم نہیں….. اس کے علم سے ڈرو چاہے وہ کتنا ہی بڑا ’’عالم‘‘ کیوں نہ ہو۔o….o….oاس نے اپنی اولاد کیلئے رزق حرام کمانا چھوڑ دیا کیونکہ اس کی اولاد خود حرام کمانے کے قابل ہوگئی ہے۔o….o….oرب العالمین نے پیغمبر بھیجنے کا سلسلہ بند کر کے سائنسدان بھیجنے شروع کردیئے۔o….o….oمغز کم…. معدہ زیادہ….. ہمارے سیاستدانo….o….oمجھے مکہ مدینہ جانے کیلئے اہل مغرب کے ایجاد کردہ پاسپورٹ، ویزے، جہاز وغیرہ وغیرہ کی ضرورت کیوں محسوس ہوتی ہے؟o….o….oان کی کھوپڑیوں سے مغز، آنکھوں سے حیا، دل سے درد اورہاتھوں سے خوش بختی کی لکیریں کس نے چرائیں؟o….o….oجو دنیا کی صورت گری کرے گا، دنیا پر حکم اور حکومت بھی اسی کی ہوگی۔o….o….oقومیں ایک دوسرے کی حلیف بھی ہوں تو دراصل حریف ہی ہوتی ہیں۔

o….o….oریاست ماں جیسی ہوتی ہے یا سوتیلی ماں جیسی۔o….o….oمارشل لائوں کے راستے آئینوں سے نہیں، اعمال سے روکے جاسکتے ہیں۔o….o….oہماری آوارہ جمہوریت ’’سرے پیلس‘‘ سے نکل کر ’’پاناما‘‘ میں سوئمنگ کرتی پکڑی جاتی ہے۔o….o….oپیارے بچو! اقامہ بردار وزیراعظم اور وفاقی وزرا کس خوش قسمت مملکت خداداد کے ماتھے کا جھومر ہیں؟o….o….oبادشاہوں کا رعایا کو اتنا فائدہ ضرور تھا کہ نہ وہ ملکی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک بینکوں میں رکھتے نہ باہرجائیدادیں خریدتے تھے۔o….o….oحکمران کہنے کی حد تک عوام کو ’’غیور‘‘ ’’باشعور‘‘ قرار دیتے ہیں لیکن عمل سے پکار پکار کر کہتے ہیں کہ ان میں نہ غیرت ہے نہ شعور۔o….o….oپاکستان ایک ایسا دستر خوان ہے جس پر اکثر زبردستی کے مہمان ہی براجمان رہے۔o….o….oعلم صدیوں کو لمحوں میں تبدیل کردیتا ہے۔o….o….oہمارا پیارا پاکستان آٹھ دس بحران فی ہفتہ کی رفتار سے ترقی کررہا ہے۔o….o….oواعظ نے کہا ’’میرے وعظ میں تاثیر اس لئے نہیں کہ سب ٹھیک ہوگئے تو میرا سب کچھ غلط ہو جائے گا۔o….o….oصبح کاذب، کاذب نہیں ہوتی، دیکھنے والی آنکھ کاذب ہوتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے