جمعرات:17 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی حکومت جوہری ڈیل پر مثبت اقدامات کی منتظر ہے، ظریف[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ تہران حکومت اس بات کی منتظر ہے کہ یورپی یونین بین الاقوامی جوہری ڈیل کو محفوظ رکھنے کے لیے کون کون سے عملی اقدامات تجویز کرتی ہے۔ ظریف نے برسلز میں یورپی یونین کی اہم رکن ریاستوں کے وزرائے خارجہ کی ایک میٹنگ میں شرکت کے بعد کہا کہ یہ ملاقات اقوام عالم کے لیے تعمیری پیغام کی حامل تھی۔ ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق یورپی اقوام کے ان اقدامات کے بعد ہی ایران بھی اس بارے میں اپنا کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔ اُدھر برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے جرمن چانسلر میرکل اور فرانسیسی صدر ماکروں کے ساتھ ایرانی جوہری ڈیل کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ مے نے اس جوہری ڈیل کے تحفظ کو بہت اہم قرار دیا۔

[pullquote]یورپی یونین کے رہنماؤں کی بلقان کے خطے کے لیڈروں سے ملاقات[/pullquote]

یورپی یونین کے لیڈروں نے جمعرات سترہ مئی کو بلقان کے خطے کے چھ ممالک کے رہنماؤں سے ایک خصوصی ملاقات کی۔ بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں ہونے والی اس ملاقات میں البانیہ، بوسنیا، سربیا، مونٹی نیگرو، مقدونیہ اور کوسووو کے نمائندے شریک تھے۔ اس اجلاس میں ان ممالک کی یورپی یونین میں شمولیت کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور جرمنی چانسلر انگیلا میرکل بھی شریک تھیں۔ یورپی یونین کی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک نے ان ملکوں کی ترقیاتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کو اہم قرار دیا۔ یونین کی کوشش ہے کہ ان ممالک کو روسی دائرہ اثر میں داخل ہونے سے روکا جائے۔

[pullquote]طالبان کا افغان صوبے فراہ کے دارالحکومت پر دوبارہ حملہ[/pullquote]

افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کی ایک بڑی تعداد نے بدھ اور جمعرات کو ایک مرتبہ پھر مغربی افغان صوبے فراہ پر چڑھائی کر دی۔ یہ عسکری حملے اسی نام کے دارالحکومت کے مختلف علاقوں پر کیے گئے۔ نئے حملوں میں طالبان کی توجہ صوبائی دارالحکومت میں واقع پولیس ہیڈکوارٹرز کی عمارت اور ایک صوبائی جیل پر مرکوز رہی۔ ان حملوں میں شریک طالبان جنگجوؤں کی تعداد ایک ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔ یہ حملہ بدھ کی شام شروع کیا گیا تھا اور جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ فراہ کی صوبائی کونسل کے رکن عبدالصمد صالحی نے اس حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ رواں ہفتے کے دوران منگل پندرہ مئی کو فراہ سے طالبان کو افغان فوج نے تقریباً ایک روزہ جنگ کے بعد پسپا کر دیا تھا۔

[pullquote]ڈنمارک نے عراق سے اپنے فوجیوں کے انخلاء کا اعلان کر دیا[/pullquote]

ڈنمارک نے آج جمعرات کو عراق سے اپنے خصوصی دستوں کے انخلاء کا اعلان کیا ہے۔ ڈینش وزارت خارجہ کے مطابق عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے زیر اثر اب مزید علاقے نہیں ہیں اور ان حالات میں دستوں کے انخلاء کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ڈنمارک نے 2016ء میں عراقی دستوں کی تربیت اور مشاورت کے لیے اپنے فوجی بھیجے تھے۔ آج کل بغداد کے قریب الاسد چھاؤنی میں 180 ڈینش فوجی تعینات ہیں۔

[pullquote]کانگو میں ایبولا، ڈبلیو ایچ او کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کے موضوع پر ایک ہنگامی اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ترجمان کرسٹیان لِنڈمائر کے مطابق اس سلسلے میں ماہرین کی ایک کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ آیا کانگو کے طبی شعبے میں ہنگامی حالت نافذ کی جائے۔ ان کے بقول اس طرح بین الاقوامی تعاون بڑھنے کا امکان پیدا ہو جائے گا۔ ڈبلیو ایچ او کا ہنگامی اجلاس جمعے کو جنیوا میں منعقد ہو گا۔جمہوریہ کانگو میں ایبولا کے پھیلنے کے تازہ واقعات میں اب تک تیئس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]یورپ میں فضائی آلودگی، متعدد یورپی ممالک کے خلاف قانونی چارہ جوئی[/pullquote]

یورپی کمیشن نے غیر معیاری اور ہوائی آلودگی کی وجہ سے متعدد یورپی ممالک کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ کمیشن کے مطابق اب جرمنی، فرانس، برطانیہ، ہنگری ، اٹلی اور رومانیہ کو یورپی آئینی عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ اب اس سلسلے میں مزید انتظار نہیں کیا جا سکتا ہے۔ یورپی کمیشن کے بقول ان ممالک نے فضائی آلودگی کو فوری طور پر کم کرنے کے لیے کوئی مناسب منصوبے پیش نہیں ہیں۔ جرمنی، فرانس اور برطانیہ فضا میں نائیٹروجن آکسائیڈ کی یورپی حد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

[pullquote]اسرائیل نے غزہ پٹی میں مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں[/pullquote]

اسرائیل نے غزہ پٹی کے شمالی حصے میں مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ تل ابیب ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی مشین گن سے کی جانے والی اُس فائرنگ کے جواب میں کی گئی، جس سے اسرائیلی شہر سدیروت کے کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔ تاہم سدیروت میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔ دوسری جانب فلسطینی تنظیم حماس نے بتایا ہے کہ پیر کو غزہ میں ہلاک ہونے والے ساٹھ فلسطینیوں میں سے پچاس اس کے کارکن تھے۔

[pullquote]ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ مکمل نہیں، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے مطابق یورپی اقوام کے مابین اس بات پر اتفاق ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ نا مکمل ہے۔ بلغاریہ کے دارالحکومت میں یورپی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میرکل نے آج جمعرات کو کہا کہ تاہم اس معاہدے کو تحفظ دینا ضروری ہے۔ ان کے بقول امریکی دستبرداری کے بعد اس سمجھوتے پر شکوک کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی میرکل نے یقین دہائی بھی کرائی ہے کہ یورپی یونین پر ایلمونیم اور اسٹیل کے شعبے میں اضافی محصولات عائد نہ کرنے کی صورت میں امریکا کو بھی رعایت دی جائے گی۔

[pullquote]حزب اللہ کی قیادت کے خلاف سخت اقدامات[/pullquote]

امریکا اور متعدد خلیجی ریاستوں نے شدت پسند تنظیم حزب اللہ کی قیادت کے خلاف سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کے مطابق یہ نئی پابندیاں کئی دیگر رہنماؤں کے علاوہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ پر بھی عائد کی گئی ہیں۔ حزب اللہ نے حال ہی میں لبنان میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ایرانی جوہری معاہدے کی دستبرداری کے بعد سے امریکی حکومت تہران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے پر تلی ہوئی ہے۔ اسی ہفتے کے دوران ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]جرمن خفیہ ادارے پر بھی کیمیائی مادے ’نوویچوک‘ کے نمونوں کے حصول کے الزامات[/pullquote]

جرمن خفیہ ادارے ’بی این ڈی‘ نے نوے کی دہائی میں روسی سائنسدانوں سے اعصاب شکن کیمیائی مادے ’نوویچوک‘ کے نمونے حاصل کیے تھے۔ یہ بات ذرائع ابلاغ کے تین جرمن اداروں کی ایک مشترکہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے کچھ ممالک نے بھی اس زہریلے مادے کی ایک قلیل سی مقدار کو تجربات کے لیے استعمال کیا تھا۔ رواں برس مارچ میں برطانیہ میں سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی پر ’نوویچوک‘ سے حملہ کیا گیا تھا۔ مغربی ممالک کا الزام ہے کہ اس حملے میں کریملن کا ہاتھ ہے تاہم روس ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]کانگو: ایبولا وائرس شہروں تک پہنچ رہا ہے[/pullquote]

کانگو حکومت نے ملک میں ایبولا وائرس کے تیزی سے پھیلنے سے خبردار کیا ہے۔ ملکی وزارت صحت کے مطابق شمال مغربی شہر ’مامینڈاکا‘ میں پہلی مرتبہ اس وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے، جو ایک بڑی خطرے کی علامت ہے۔ اس شہر کی آبادی دس لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ وزارت صحت کے مطابق اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایبولا وائرس کا پھیلاؤ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ جمہوریہ کانگو میں ایبولا کے پھیلنے کے تازہ واقعات میں اب تک تیئس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جنوبی ایران میں حکومت مخالف مظاہرہ، ایک شخص ہلاک[/pullquote]

ایران کے ایک جنوبی شہر کازیرُون میں ہنگامہ آرائی کے دوران ایک شخص ہلاک جبکہ چھ زخمی ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے فارس نے آج بتایا کہ یہ واقعہ حکومت مخالف ایک مظاہرے کے دوران پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کی شب مشتعل افراد نے ایک تھانے کو بھی نذر آتش کر دیا۔ علاقے کے لوگ اس خطے میں ایک انتظامی ڈویژن قائم کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف کئی ہفتوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔ ایران میں گزشتہ برس اٹھائیس دسمبر سے یکم جنوری کے دوران سماجی مسائل کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج کیے گئے تھے، جن میں کم از کم پچیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]یمنی حکومت کی حوثی باغیوں کو قیدیوں کے تبادلے کی پیشکش[/pullquote]

یمنی حکومت نے حوثی باغیوں کو قیدیوں کے تبادلے کی پیشکش کی ہے۔ سعودی عرب میں موجود یمنی حکومت نے اس سلسلے میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سے ثالثی کا مطالبہ کیا ہے۔ یمنی حکومت چاہتی ہے کہ ماہ رمضان کے موقع پر تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ اس سے قبل بھی حوثی باغیوں اور یمنی حکومت کے مابین متعدد بار قیدیوں کے تبادلے ہو چکے ہیں، جس میں کئی سو افراد کی رہائی ممکن ہوئی۔ تاہم مارچ 2015ء میں سعودی عسکری اتحاد کے یمن پر حملوں کے بعد سے قید کیے جانے والوں کی اصل تعداد تاہم غیر واضح ہے۔

[pullquote]جس کے ٹرمپ جیسے دوست ہوں، اسے دشمن کی ضرورت نہیں، ٹُسک[/pullquote]

یورپی کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹُسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بلغاریہ میں یورپی اور بلقان ممالک کے اجلاس کے دوران ٹُسک نے کہا کہ جس کے ٹرمپ جیسے دوست ہوں اسے دشمن کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کے علاوہ ایلمونیم اور اسٹیل پر اضافی محصولات عائد کرنے کے معاملات میں یورپی یونین کو اتحاد اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹُسک کے بقول یورپ کو اقتصادی، سیاسی اور عسکری شعبوں میں لازمی طور پر متحد ہونا چاہیے۔

[pullquote]تھورنگیا: دائیں بازو کی شدت پسندی کا نشانہ بننے والے غیر ملکیوں کے حق میں قانون سازی[/pullquote]

جرمن ریاست تھورنگیا میں دائیں بازو کی شدت پسندی یا نسل پرستی کا نشانہ بننے والے غیر ملکیوں کے حق میں نئی قانون سازی کی گئی ہے۔ مہاجرین سے متعلق امور کے صوبائی وزیر ڈیٹر لاؤانگر کے مطابق جون سے متاثرہ غیر ملکیوں کو انسانی بنیادوں پر قیام کی اجازت دی جائے گی۔ ان کے بقول یہ قانون صرف انہی مہاجرین پر لاگو ہو گا، جن کے پاس قانونی طور پر رہائش کے اجازت نامہ موجود نہ ہو اور اُسے اُس کی قومیت، رنگ، نسل یا مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا ہو۔

[pullquote]مہاجرین کا بحران، جرمن حکومت نے گزشتہ برس اکیس ارب یورو خرچ کیے[/pullquote]

جرمن حکومت نے مہاجرین کے بحران کے تناظر میں صرف گزشتہ برس اکیس ارب یورو خرچ کیے ہیں۔ کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق جرمن اخبار ’ ہانڈلز بلاٹ‘ کے مطابق اس میں سے دو تہائی یعنی قریب چھیاسٹھ فیصد رقم ہجرت کی وجوہات کو ختم کرنے پر خرچ کی گئی۔ اس دوران صوبائی اور ضلعی انتظامیہ نے سیاسی پناہ کے درخواست دہندگان اور انضمام جیسے شعوں پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں ساڑھے چھ ارب یورو خرچ کیے۔ تاہم کچھ جرمن ریاستیں اس تناظر میں وفاق سے مزید رقوم کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ اس رپورٹ کے لیے مواد وزارت مالیات نے فراہم کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے