سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منیٰ حادثے میں شہید ہونے والوں کی حتمی تعداد 7 سو 69 ہے، بعض خبر رساں ادارے شہدا کی تعداد
4 ہزار بتا کر لاکھوں حجاج کےاہلخانہ کوپریشان کررہے ہیں ۔
سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان فیصل الزھرانی کا کہنا ہے کہ منیٰ حادثے کے شہدا اور زخمیوں سے متعلق واضح اعدادو شمار پیش کیے جا چکے ہیں ،4 ہزار شہدا سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، اس طرح بعض خبر رساں ادارے سعودی حکومت کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہیں ۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ایسے پر وپیگنڈے سے مکہ مکرمہ میں موجود لاکھوں حجاج کے دنیا بھر میں موجود اہلخانہ کو پریشان کیا جا رہا ہے، یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
بتایا گیا ہے کہ منٰی حادثے میں شہید ہونے والے 99 حجاج کی تدفین المعیصم قبرستان میں کی جا چکی ہے،ان کی نماز جنازہ حرم شریف میں ادا کی گئی ۔
ترجمان نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کے اسپتالوں میں کرین حادثے اور منیٰ میں بھگدڑ میں زخمی ہونے والوں کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں میں مبتلا ایک ہزار سے زائد مریض زیر علاج ہیں ۔
منٰی حادثے کے 3 سو 52 زخمی مکہ مکرمہ سے باہر دوسرے شہروں کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، مناسک حج کے دوران 3 لاکھ 86ہزار سے زائد حجاج کو مختلف اسپتالوں اور صحت مراکز میں علاج و معالجے کی سہولت فراہم کی گئی