[pullquote]میکسیکو: ایندھن کی پائپ لائن میں دھماکے سے اکیس افراد ہلاک[/pullquote]
میکسیکو کے صوبے ہڈالگو میں ایندھن کی ايک پائپ لائن ميں دھماکے کے بعد آتش زدگی سے اکیس افراد ہلاک جب کہ درجنوں ديگر زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ٹلاہوئيليپان شہر ميں اس پائپ لائن میں دھماکہ مقامی افراد کی جانب سے ایندھن چوری کرنے کے لیے غیر قانونی نلکے لگانے کی وجہ سے ہوا ہے۔ ہڈالگو کے گورنر عمر فیاد کے بقول صورت حال کافی سنگین ہے اور اس حادثے میں اکہتر افراد زخمی ہوئے۔ میکسیکو کے صدر آندریس مانوئل لوپیز اوبراڈور نے بھی متاثرہ افراد کی مدد کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ واضح رہے میکسیکو حکومت تیل کی چوری کے خلاف ملک بھر میں سخت مہم چلا رہی ہے۔
[pullquote]مودی کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا بڑا مظاہرہ[/pullquote]
بھارتی شہر کولکٹہ میں اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے متحدہ مظاہرے میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ پولیس کے مطابق شرکاء کی تعداد پانچ لاکھ کے قریب ہے جبکہ منتظمین کا خیال ہے کہ شرکاء پولیس کی بیان کردہ تعداد سے کہیں زیادہ تھے۔ اس ریلی میں ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کا کہنا تھا کہ لوگوں کی شرکت سے دکھائی دیتا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت اپنی اختتامی مدت کے قریب پہنچنے والی ہے۔ گجرات میں کولکٹہ ریلی پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ اپوزیشن کا اتحاد اُن کے خلاف نہیں بلکہ بھارت کے خلاف ہے۔
[pullquote]کرسچن سوشلسٹ یونین کی نئی قیادت چُن لی گئی[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی باویریا میں اتحادی جماعت کرسچن سوشل یونین نے مارکس سؤڈر کو بطور پارٹی چیئرمین منتخب کر لیا ہے۔ میونخ میں ہفتے کے روز باون سالہ مارکس سؤڈر 87.4 فیصد ووٹ حاصل کر کے واضح اکثریت سے نئے چیئرمین منتخب ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر سؤڈر کا کہنا تھا کہ وہ سی ڈی یو کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ مارکس سؤڈر نے وفاقی وزیر داخلہ ہیورسٹ زیہوفر کے بعد پارٹی کی سربراہی کا عہدہ سنبھالا ہے۔
[pullquote]سعودی شہزادے سے معاملات طے کیے بغیر تعلقات آگے نہیں بڑھ سکتے، امریکی سینیٹر[/pullquote]
امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کا کہنا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات میں تب تک پیش رفت نہیں ہوگی جب تک سعودی شہزادے محمد بن سلمان سے معاملات طے نہیں کیے جاتے۔ انقرہ میں صدر رجب طيب ایردوآن سے ملاقات کے ایک روز بعد ان کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے ذمہ داران کے خلاف دوبارہ پابندیاں عائد کرے گی۔ ری پبلکن پارٹی کے سینیٹر لنڈسے گراہم نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ شام میں جب تک داعش کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، تب تک امریکی افواج کے انخلاء کے معاملے ميں صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد بازی نہیں کریں گے۔
[pullquote]افغان طالبان کی اسلام آباد ميں افغان حکام سے ملاقات کی پیشکش مسترد[/pullquote]
افغان طالبان کے ترجمان ذبيع اللہ مجاہد نے ہفتے کی صبح جاری کردہ اپنے ايک بيان ميں کہا ہے کہ وہ يہ واضح کر دينا چاہتے ہيں کہ افغانستان کے ليے امريکی مندوب زلمے خليل زاد کے ساتھ اسلام آباد ميں کوئی ملاقات نہيں ہو گی۔ یہ بات انہوں نے پاکستانی میڈیا میں گردش کرتی خبروں کے نتیجے میں کی، جن کے مطابق طالبان قیادت کی اسلام آباد میں افغان حکام سے ملاقات ہو سکتی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ايک سينئر طالبان رہنما نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر کہا کہ وہ متعدد مرتبہ يہ بات دہرا چکے ہيں کہ ہم افغان حکومت کے اہلکاروں کے ساتھ کوئی بھی ملاقات نہيں کريں گے کيونکہ انہيں معلوم ہے کہ وہ ان کے مطالبات پورے کرنے کے اہل نہيں۔
[pullquote]تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر مزدور یونین کا ملک بھر ميں ہڑتال کا مطالبہ[/pullquote]
تیونس کی مزدور یونین یو جی ٹی ٹی نے ہفتے کے روز ملک بھر میں آئندہ ماہ دو روزہ ہڑتال کا مطالبہ کیا ہے۔ یونین کے چیف کے مطابق ہڑتال کا مقصد ملک کے چھ لاکھ ستر ہزار سرکاری ملازمين کی اجرتوں میں اضافے کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھانا ہے۔ قبل ازیں حکومت کی جانب سے مزدوروں کی تنخواہ میں اضافہ نہ کرنے کے بعد گزشتہ جمعرات کو ہڑتال کے دوران ریل، بس اور پراوزیں بھی بند رہی تھیں۔
[pullquote]جنوبی تھائی لینڈ کے ایک راہب خانے میں فائرنگ، دو بدھ راہب ہلاک[/pullquote]
تھائی لینڈ میں بدھ مت کے پیروکاروں کی اکثریت والی ریاست ناراتھیوات میں ایک حملہ آور نے ايک راہب خانے میں فائرنگ کر کے دو راہبوں کو ہلاک اور دو ديگر کو زخمی کر دیا۔ مقامی پوليس سپرنٹینڈنٹ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ جمعے کی شام رائفل سے لیس حملہ آوروں نے رتناؤ پاپ نامی راہب خانے میں فائرنگ کی۔ اس ریاست میں سن 2004 سے مسلمان باغیوں اور بدھ مت کے ماننے والے افراد کے درمیان جھڑپیں وقفے وقفے سے جاری ہیں۔ ایسی جھڑپوں میں اب تک سات ہزار سے زائد شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔
[pullquote]ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی دوبارہ ملاقات جلد ہوگی، وائٹ ہاؤس[/pullquote]
وائٹ ہاؤس نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن رواں برس فروری کے آخر میں دوسری مرتبہ ملاقات کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرس نے اس ممکنہ ملاقات کے مقام کے حوالے سے تفصیلات ابھی نہیں بتائیں۔ قبل ازیں شمالی کوریائی اہلکار کم یانگ چول نے صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کی دوسری ملاقات کی تفصيلات طے کرنے کے سلسلے میں ملاقات کی۔ گزشتہ برس جون میں سنگاپور میں ہونے والی پہلی ملاقات میں کم جونگ اُن نے ملک میں متنازعہ جوہری پروگرام کے خاتمے پر اتفاق کیا تھا تاہم اس سلسلے میں مزید پیش رفت نہیں دیکھی گئی۔
[pullquote]کولمبیا میں باغی جنگجو تنظیم کے رہنما کی تلاش[/pullquote]
کولمبیا کے صدر ایوان ڈیوق نے جنگجو تنظیم نیشنل لبریشن آرمی کے دس ارکان کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کا جمعے کے روز اعلان کر دیا ہے۔ حکومت نے ان مشتبہ جنگجوؤں پر بوگوٹا میں پولیس اکیڈمی پر کار بم حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ جمعرات کو ہونے والے اس دھماکے میں اکیس افراد ہلاک اور درجنوں ديگر زخمی ہو گئے تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں باغیوں اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات بھی منسوخ کر دیے گئے ہيں۔ اطلاعات کے مطابق صدر ایوان نے کیوبا سے دس جنگجوؤں کو کولمبیا کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
[pullquote]مقتول پولش میئر کی تدفین میں اعلٰی یورپی حکام کی شرکت[/pullquote]
پولینڈ کے شہر گڈانسک کے مقتول میئر پاول آدامووچ کی آخری رسومات آج بروز ہفتے ادا کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر اعلٰی یورپی حکام کی شرکت متوقع ہے، جس ميں یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک اور ملکی وزیر اعظم بھی شامل ہیں۔ ترپن سالہ میئر ایڈمووِچ کو چاقو کے حملے میں ہلاک کر ديا گیا تھا۔