کراچی اور لاہور میں کورونا کی بھارتی قسم (ڈيلٹا ویرینٹ) زور پکڑنے لگی۔
ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر کراچی میں مثبت رپورٹ ہونے والے کیسز میں منتخب 90 نمونوں کاجائزہ لیا گیا جس میں سے 83 مریضوں میں کورونا کی بھارتی قسم کی تصدیق ہوئی۔
لاہور میں بھی 85 نمونوں میں سے 56 میں کورونا کی بھارتی قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیلٹا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار دیگر اقسام کے مقابلے میں 50 فیصد تیز ہے، اس سے بچاؤ صرف ویکسین لگانے سے ہی ممکن ہے۔
اُدھر حکام نے عوام کو خبرد ار کیا ہے کہ بھارتی قسم کی وجہ سے جتنے زیادہ کیس بڑھیں گے اتنی ہی زیادہ اموات کا خدشہ ہے۔
حکام نے کہا کہ ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات نہ کیے گئے تو عید کے بعد صورتحال تشویشناک ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب کورونا کے بڑھتے مریضوں کی وجہ سے اسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھنے لگا ہے اور کراچی کے سول اسپتال میں شیڈول آپریشنز ملتوی کردیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے ملک میں کورونا کی بھارتی قسم کے کیسز کی تصدیق ہورہی ہے جسے ملک میں مہلک وائرس کی چوتھی لہر کا آغاز قرار دیا جارہا ہے۔
[pullquote]لاہور میں مزید 56 افراد میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق[/pullquote]
لاہور کے اسپتالوں میں 3 روز کے دوران مزید 56 افراد میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق 3 روز کے دوران 85 مشتبہ نمونوں میں سے 56 میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے ڈیلٹا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار دیگر ویرینٹس کے مقابلے میں 50 فیصد تیز ہے، اس سے بچاؤ صرف ویکسین لگانے سے ہی ممکن ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب میں مزید 24 شہریوں میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔