[pullquote]صدر پوٹن پر ذاتی پابندیاں ’تباہ کن‘ ہوں گی، کریملن کی تنبیہ[/pullquote]
روسی صدر دفتر کریملن نے کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن پر ذاتی نوعیت کی پابندیاں ’تباہ کن‘ ثابت ہوں گی۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرائن پر حملے کے نتیجے میں پوٹن کو بھی پابندیوں کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم روسی صدر کے ترجمان نے کہا کہ ایسی پابندیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا بلکہ یہ یوکرائنی بحران کے حل میں مزید رکاوٹیں ڈال دیں گی۔
[pullquote]یوکرائن کا سفارتی حل ممکن ہے، فرانسیسی و جرمن رہنما[/pullquote]
جرمن چانسلر اولاف شولس اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ یوکرائن کے تنازعے کے حل کی خاطر روس سے مذاکرات کیے جانا چاہییں۔ ان دونوں رہنماؤں نے برلن میں ملاقات کے بعد اتفاق کیا کہ یہ مسئلہ سفارتی طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم دونوں یورپی لیڈرز نے خبردار بھی کیا کہ اگر روس نے یوکرائن پر کوئی نیا حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور روس کو بھاری قیمیت چکانا پڑے گی۔ ماکروں اور شولس نے اس ملاقات میں روسی حملے کی صورت میں ایک مشترکہ ردعمل پر بھی گفتگو کی۔
[pullquote]ونٹر اولمپک مقابلوں سے قبل بیجنگ میں کووڈ کے نئے کیسز[/pullquote]
بیجنگ ونٹر اولمپک مقابلوں کے آغاز سے قبل چین میں کووڈ انیس کے نئے کیسوں میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ بدھ کے روز بیجنگ میں مقامی سطح پر چودہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اگرچہ دیگر ممالک کے مقابلے میں ان نئے کیسوں کی تعداد انتہائی کم ہے تاہم چینی حکام نے سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا ہے۔ ونٹر اولمپک مقابلے بیجمنگ میں چار سے بیس فروری کے دوران منعقد کیے جائیں گے۔
[pullquote]بھارتی یوم جمہوریہ پر عسکری طاقت کی نمائش[/pullquote]
بھارت آج اپنا 73 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز نئی دہلی میں منعقد ہونے والی تقریب میں بھارتی حکومت نے فوجی پریڈ میں عسکری طاقت کی نمائش کی۔ کووڈ انیس کی عالمی وبا کی وجہ سے اس مرتبہ بھارت نے اس اہم دن کی تقریبات میں کسی غیر ملکی رہنما کو مدعو نہیں کیا تھا۔ چھبیس جنوری سن انیس سو پچاس میں بھارت میں نیا آئین نافذ کیا گیا تھا، تب سے ہر برس اس دن خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
[pullquote]الحسکہ کی جیل میں لڑائی بدستور جاری[/pullquote]
شمالی شام میں امریکی حمایت یافتہ کرد فورسز کی اُس جیل کی طرف کامیاب پیشقدمی جاری ہے، جہاں گزشتہ چھ دنوں سے داعش کے جہادی مورچہ بند ہیں۔ الحسکہ میں واقع اس جیل کے آس پاس جاری اس لڑائی میں اب تک سینکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں، جن میں سو زائد جنگجو بھی شامل ہیں۔ داعش کے جہادیوں نے کرد فورسز کے زیر انتظام اس جیل پر حملہ کرتے ہوئے اپنے کئی ساتھیوں کو رہا بھی کرا لیا ہے۔ سیریئن آبزرویٹری کے مطابق کرد فورسز کی پیش قدمی سست ہے کیونکہ جیل میں مورچہ بند جہادیوں کے حملوں کا خطرہ ہے۔
[pullquote]ناوالنی اور ان کے کچھ ساتھی دہشت گرد قرار دے دیے گئے[/pullquote]
روسی حکام نے اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی اور ان کے کچھ ساتھیوں کو دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی حکومتی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ ناقدین نے اسے کریملن کی طرف سے اپوزیشن، آزاد میڈیا اور انسانی حقوق کے کارکنان کے خلاف جاری ریاستی کریک ڈاؤن کی ایک کڑی قرار دے دیا ہے۔ مغربی ممالک نے اس پیشرفت پر تحفظات کرتے ہوئے اپنا مطالبہ دہرایا ہے کہ ماسکو حکومت انسانی حقوق کا احترام کرے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے سخت ناقد ناوالنی اس وقت قید میں ہیں۔
[pullquote]جرمنی میں کووڈ کیسوں میں مسلسل اضافہ[/pullquote]
جرمنی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق اومیکرون کی وجہ سے یہ وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ بدھ کی صبح بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک لاکھ بارہ ہزار سے زائد افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے۔ ایک ہفتے کے دورانیے میں کووڈ انفیکشن میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد دو گنا سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ تاہم اس بیماری کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں کمی ںوٹ کی گئی ہے۔
[pullquote]یمن کے ایک اہم محاذ پر باغیوں کی پسپائی[/pullquote]
متحدہ عرب امارات سے تربیت یافتہ یمنی فورس کے ایک یونٹ نے حوثی باغیوں کو ایک اہم محاذ پر پسپا کر دیا ہے۔ مارب کے ضلع حریب میں ان باغیوں کی شکست کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ ایران نواز حوثی مارب پر قبضہ کرنے کی کوشش میں ہیں تاکہ ملک کا تمام تر شمالی علاقہ ان کے کنٹرول میں آ جائے۔ تاہم سعودی عسکری اتحاد کی کوشش ہے کہ یہ باغی مارب میں ناکام رہیں۔ ادھر حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات پر میزائل حملے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
[pullquote]کابل کی امداد انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری سے مشروط[/pullquote].
مغربی سفارت کاروں نے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں کابل کو انسانی بنیادوں پر فراہم کی جانی والی امداد کو انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری سے مشروط کر دیا ہے۔ یورپی ملک ناروے میں طالبان کے نمائندوں باضابطہ طور پر خوش آمدید کہنے اور ان سے مذاکرات کرنے کے ساتھ ہی مغربی ممالک نے واضح کیا ہے کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ طالبان کی حکومت کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ بند کمرے میں جاری اس مذاکراتی عمل کا، آج آخری دن ہے۔ توقع ہے کہ اس اہم میٹنگ کے بعد اطراف افغان عوام کی مدد کے لیے کسی مشترکہ ردعمل پر اتفاق کر لیں گے۔
[pullquote]روسی صدر کو بھی پابندیاں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، امریکی صدر[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن پر ذاتی طور پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر روسی فوج نے یوکرائن پر حملہ کیا تو ماسکو کے خلاف سخت پابندیوں کے ساتھ ساتھ پوٹن کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ واشنگٹن نے کہا ہے کہ یہ خطرہ بدستور موجود ہے کہ روسی افواج یوکرائن میں داخل ہو سکتی ہیں۔ تاہم کریملن مسلسل ان الزامات کو مسترد کر رہا ہے۔ ماسکو کے مطابق مغربی ممالک دراصل یہ بہانہ بنا کر مشرقی یورپی سرحدوں پر عسکری موجودگی بڑھانا چاہتے ہیں۔
[pullquote]تنازعات کی وجہ سے عالمی سطح پر پچاس ملین شہری متاثر[/pullquote]
عالمی سطح پر شہری علاقوں میں رونما ہونے والے تنازعات کی وجہ سے پچاس ملین سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے خبردار کیا ہے کہ کئی علاقوں میں شہریوں کو جنگجو سمجھ کر ان پر حملہ بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے افغانستان، لیبیا، شام اور یمن میں صورتحال سب سے زیادہ ابتر ہے۔ اس کے علاوہ ایسے علاقوں میں شہری، بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں۔
[pullquote]سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے سفارتی تعلقات بحال[/pullquote]
سعودی عرب نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کیے جا رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین سفیروں کا تبادلہ بھی کیا جا رہا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات گزشتہ تین دہائیوں سے معطل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جوہرات کی اسمگلنگ کی ایک ڈرامائی کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے مابین پیدا ہونے والی بداعتمادی اور دشمنی کو مذاکرات سے حل کر لیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے ماضی کو بھول کر تعلقات کا ایک نیا باب شروع کرنے ارادہ ظاہر کیا ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]