[pullquote]یورپی دباؤ ممکنہ جنگ کو روکنے میں مدد دے رہا ہے، یوکرائن[/pullquote]
یوکرائن نے آج بدھ کے روز کہا کہ سابق سوویت یونین کی اس ریاست پر ممکنہ روسی حملے کو روکنے کے لیے یورپی سفارتی دباؤ مؤثر ثابت ہو رہا ہے لیکن صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ یوکرائن کے وزیر خارجہ دیمیتری کُولیبا نے اپنے ہسپانوی ہم منصب خوزے مانوئل الباریس کے ساتھ بات چیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال بدستور کشیدہ مگر کنٹرول میں ہے۔ دریں اثناء یوکرائن کے بحران کو حل کرنے کی تازہ ترین سفارتی کوششوں کے تحت جرمنی، فرانس اور پولینڈ کے رہنماؤں کی برلن میں بات چیت ہوئی ہے۔ جرمن چانسلر شولس نے کہا کہ اس بارے میں فرانس، پولینڈ اور جرمنی تینوں کا موقف ایک ہے۔
[pullquote]عالمی سطح پر نئے کورونا کیسز کی شرح میں سترہ فیصد کمی[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں گزشتہ ہفتے نئے کورونا وائرس کیسز کی شرح میں اس سے ایک ہفتہ قبل کے مقابلے میں 17 فیصد کی کمی ہوئی۔ اس میں کورونا کیسز کی شرح میں 50 فیصد کمی کے ساتھ امریکا بھی شامل ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کووڈ انیس کے سبب ہونے والی اموات کی شرح میں بھی سات فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
[pullquote]یوکرائن کی جنگ ’پاگل پن‘ کا مظاہرہ ہو گی، پاپائے روم[/pullquote]
پاپائے روم نے کہا ہے کہ یوکرائن میں ممکنہ جنگ ’پاگل پن‘ کا مظاہرہ ہوگی۔ پوپ فرانسس نے بدھ کے روز ایک عوامی خطاب میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ یوکرائن اور روس کے مابین کثیر الجہتی مکالمت سے کشیدگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ کیتھولک مسیحییوں کے روحانی پیشوا نے کہا کہ سنجیدہ مکالمت اور نارمنڈی فارمیٹ کے مذاکرات اس بحران کے حل میں مدد دے سکتے ہیں۔ انہوں نے جرمنی اور فرانس کی طرف سے یوکرائن اور روس کو مذاکرات میں شامل کرنے کی کوششوں کو بحران کے حل کے لیے اہم قرار دیا۔
[pullquote]پیرس کے دہشت گردانہ حملوں کے واحد زندہ ملزم سے پہلی بار عدالت میں سوالات[/pullquote]
نومبر 2015ء میں فرانسیسی دارالحکومت میں دہشت گردانہ حملوں کے واحد زندہ ملزم صالح عبدالسلام سے آج بدھ کے روز عدالت میں پہلی بار سوالات کیے گئے۔ 32 سالہ عبدالسلام کو داعش کی طرف سے کیے گئے ان حملوں کے ذمےدار دہشت گردوں میں سے اہم ترین ملزم سمجھا جاتا ہے۔ 13 نومبر 2015 ء کو ان حملوں میں دہشت گردوں نے پیرس کے ایک فٹ بال اسٹیڈیم، باٹاکلان کنسرٹ ہال اور شہر کے کئی ریستورانوں پر بیک وقت حملے کر کے 130 افراد کی جان لے لی تھی۔ اس دہشت گردی میں 350 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی تھی۔ عدالت میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے ملزم صالح عبدالسلام نے پیرس حملوں کے جواز کے طور پر فرانس کی طرف سے شام پر حملوں کا ذکر کیا۔
[pullquote]دنیا بھر میں عدم تحفظ کے احساس کے شکار انسانوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تیز رفتار ترقی کے باوجود بہت سے ممالک کے عام شہری خود کو پہلے سے کہیں زیادہ غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ عالمی ادارے کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی کے مطابق صنعتی ممالک سمیت تقریباً سبھی ریاستوں میں تحفظ کا احساس اپنی نچلی ترین سطح پر ہے۔ اس حوالے سے کرائے گئے سروے میں سات میں سے چھ جواب دہندگان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ یو این ڈی پی کی جرمن شاخ کے سربراہ آخم اشٹائنر نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر عوامی زندگی میں خوشحالی پہلے سے کہیں زیادہ ہے تاہم انسانوں کی اکثریت اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی عالمی وبا بھی عدم تحفظ کے احساس میں اضافے کا سبب ہے۔
[pullquote]دمشق کے نزدیک اسرائیلی حملہ: ایک شامی فوجی ہلاک، پانچ زخمی[/pullquote]
جنگ زدہ ملک شام کے میڈیا کے مطابق ملکی دارالحکومت دمشق کے نزدیک ایک اسرائیلی حملے میں ایک شامی فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس نے یہ حملہ شام سے اسرائیل کے شمالی حصے کی طرف داغے گئے ایک طیارہ شکن میزائل کے جواب میں کیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق شامی راکٹ فضا میں ہی پھٹ گیا تھا۔ شمالی اسرائیل میں پیش آنے والے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔ شام کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے دمشق کے نواحی علاقے پر زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل داغے، جن میں سے کچھ کو فضائی دفاعی نظام کی مدد سے تباہ کر دیا گیا۔ اس حملے میں ایک شامی فوج ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔
[pullquote]درجنوں بے گناہ بھارتی مسلمان برسوں قید کے بعد باعزت بری[/pullquote]
بھارتی ریاست گجرات کی ایک عدالت نے اٹھائیس مسلم نوجوانوں کو تیرہ برس قید کے بعد باعزت بری کر دیا۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان بے گناہ شہریوں کو زر تلافی اور ان کی زندگیاں برباد کرنے والوں کو سزائیں ملنا چاہییں۔ گجرات کے شہر احمد آباد میں 26 جولائی 2008ء کو ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے الزام میں گرفتار 77 افراد میں سے ان 28 مسلم نوجوانوں کو ایک خصوصی عدالت نے منگل کے روز باعزت بری کر دیا۔ قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ دیگر 49 قصور وار افراد میں سے بھی بیشتر کو رہائی مل جائے گی کیونکہ وہ اپنے جرائم کے لیے مقررہ سے زیادہ مدت کی سزائیں پہلے ہی کاٹ چکے ہیں۔
[pullquote]جرمنی میں پہلی امریکی خاتون سفیر کی تقرری[/pullquote]
امریکی سینیٹ نے ملک کی ایک یونیورسٹی کی صدر ایمی گُٹمن کی جرمنی میں بطور امریکی سفیر نامزدگی کی توثیق کر دی ہے۔ گُٹمن اس وقت یونیورسٹی آف پینسلوانیا کی صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ واشنگٹن میں سینیٹ کی طرف سے منظوری کے ساتھ 72 سالہ گُٹمن کی بطور امریکی سفیر برلن میں تعیناتی کی راہ میں آخری مرحلہ بھی مکمل ہو گیا ہے۔ جون 2020ء میں جرمنی میں امریکی سفیر رچرڈ گرینل کے استعفے کے بعد سے اب تک یہ عہدہ خالی تھا۔ صدر بائیڈن نے گُٹمن کو گزشتہ برس جولائی میں اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا تاہم سینیٹ میں ریپبلکن ارکان اس نامزدگی کے مخالف تھے۔ ایمی گُٹمن جرمنی میں امریکی سفارتی مشن کی پہلی خاتون سربراہ ہوں گی۔
[pullquote]اومیکرون کی لہر سے بخوبی نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جرمن ہسپتالوں کی تنظیم[/pullquote]
جرمن ہسپتالوں کی تنظیم کے سربراہ گیرالڈ گاس نے کہا ہے کہ ملکی ہسپتال کورونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ سے بخوبی نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے جرمن نظام پر اب زیادہ بوجھ نہیں ہے۔ گیرالڈ گاس اس سے قبل کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کی رفتار سے خبردار کرتے ہوئے کہتے رہے ہیں کہ کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ملکی نظام صحت پر بہت زیادہ بوجھ کی وجہ بن رہا ہے، جس سے افراتفری پھیل سکتی ہے۔ جرمنی میں حالات میں بہتری کی اہم ترین وجہ وبا کے حوالے سے حکومتی اقدامات بنے۔ گاس کے بقول کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کے نتیجے میں اومیکرون ویریئنٹ کا خوف اب پہلے جتنا نہیں رہا۔
[pullquote]دبئی ایوی ایشن سکیورٹی تنازعے میں اسرائیل کا انتباہ[/pullquote]
اسرائیل نے متحدہ عرب امارت کے ساتھ ایوی ایشن سکیورٹی تنازعے کے پس منظر میں اس ڈیڈ لائن میں توسیع کے خلاف خبردار کیا ہے، جس کے تحت تل ابیب اسرائیلی فضائی کمپنیوں کی پروازیں روک سکتا ہے۔ اسرائیل نے یہ تنازعہ حل نہ ہونے کی صورت میں اس خلیجی ریاست کے ساتھ ممکنہ بحران سے خبردار بھی کیا ہے۔ 2020ء میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کی تاریخی ڈیل کے تحت تل ابیب سے دبئی کے لیے تین اسرائیلی ایئر لائنز کی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔ تب سے اب تک ہزاروں اسرائیلی باشندے دبئی کا دورہ کر چکے ہیں۔ اسرائیلی سکیورٹی سروس شن بیت نے دبئی کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر انتظامات کے حوالے سے چند خدشات کا اظہار کیا ہے، جن کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اگر یہ خدشات دور نہ کیے گئے، تو تمام اسرائیلی فضائی کمپنیاں دبئی میں کام کرنا بند کر دیں گی۔
[pullquote]امریکا میں اربوں ڈالر کی چوری شدہ کرپٹو کرنسی برآمد کر لی گئی[/pullquote]
امریکی محکمہ انصاف نے 3.6 ارب ڈالرسے زائد مالیت کی چوری شدہ کرپٹو کرنسی برآمد کر لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ سن 2016 میں یہ ڈیجیٹل کرنسی چوری کرنے کے الزام میں منگل کے روز شہر نیویارک کے علاقے مین ہیٹن سے ایک جوڑے کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملکی محکمہ انصاف نے اسے کرپٹو کرنسی کی آج تک کی سب بڑی برآمدگی قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق قبضے میں لی گئی ڈیجیٹل کرنسی سن 2016 میں بٹ فنیکس کرپٹو کرنسی ایکسچنج سے ہیکنگ کے ذریعے چرائی گئی تھی۔ دونوں ملزمان کو ابتدائی قانونی سماعت کے لیے عدالت میں پیش بھی کر دیا گیا۔ اس جوڑے پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے اور امریکا کو مالی طور پر نقصان پہنچانے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]