[pullquote] | 07.03.2022 | 08:00[/pullquote]
[pullquote]متحدہ عرب امارات میں خواتین کو ہراساں کرنے پر جیل اور بھاری جرمانہ ہوگا[/pullquote]
متحدہ عرب امارات نے خواتین کو ہراساں کرنے پر جیل اور بھاری جرمانے کا اعلان کردیا۔اماراتی پراسیکیوٹر کا کہنا تھاکہ راہ چلتی خاتون پر آواز کسنے اور چھیڑخانی پرجیل اور بھاری جرمانہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کو ہراساں کرنے پرایک سال قیداور 10ہزار درہم جرمانہ بھی عائد کیا جائےگا۔
[pullquote]کورونا کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 60 لاکھ سے بڑھ گئی[/pullquote]
کووڈ انیس کے سبب عالمی سطح پر تصدیق شدہ ہلاکتوں کی تعداد آج پیر کے روز 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ بات کورونا کی وبا پر نظر رکھنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار سے معلوم ہوئی ہے۔ دسمبر 2019ء میں چین کے شہر ووہان میں منظر عام پر آنے والا یہ وائرس پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ کووڈ انیس کے سبب سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 958,437 ہے۔
[pullquote]روسی فوج کییف میں کارروائی کی تیاری کر رہی ہے، یوکرینی فوج[/pullquote]
یوکرینی مسلح افواج کے مطابق روسی فورسز دارالحکومت کییف میں داخل ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔ یہ بیان آج پیر کو علی الصبح جاری کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق روسی فوج اِرپین اور بُوخا پر مکمل قبضے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ یہ دونوں شہر کییف کے مضافات میں ہیں۔ ادھر روسی افواج چرنیف اور سومی نامی شہروں پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ایک یوکرینی اہلکار کے مطابق روسی ملٹری کییف کے قریب اپنا جنگی ساز وسامان جمع کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں کییف پر قبضے کے لیے حملہ کر سکتی ہے۔
[pullquote]ماحولیات اور توانائی کی ضروریات کے لیے 200 بلین یورو مختص[/pullquote]
جرمنی کی وفاقی حکومت نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور تیل اور گیس کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے 2026ء تک 200 بلین یورو خرچ کرنا چاہتی ہے۔ یہ بات جرمنی کے وزیر خزانہ کرسٹیان لِنڈلنر اور وزیر ماحولیات رابرٹ ہابیک کے درمیان بجٹ سے متعلق بات چیت کے درمیان طے پائی ہے۔ ہابیک کے مطابق جرمنی کو توانائی کے حوالے سے خودکفالت حاصل کرنے کی ازحد ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ کرسٹیان لنڈلر کے مطابق یہ رقم الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے نئے اسٹیشنز کے قیام، ہائیڈروجن کی پروڈکش اور قابل تجدید ذرائع سے بجلی بنانے پر عائد سرجارچ ختم کرنے کے لیے سبسڈی دینے پر خرچ ہو گی جس سے بجلی کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔
[pullquote]یوکرین اور روس کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آج متوقع[/pullquote]
یوکرین اور روس کے نمائندوں کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات کا تیسرا دور آج پیر کو متوقع ہے۔ مذاکرات کہاں اور کس وقت ہوں گے یہ بات ابھی واضح نہیں ہے۔ مذاکرات کے پہلے دونوں ادوار بیلاروس میں ہوئے تھے۔ مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں روس اور یوکرین انسانی بنیادوں پر محفوظ راستے دینے پر متفق ہوئے تھے۔ ان کا مقصد ماریوپول اور فولنوواخا نامی شہروں میں پھنسے لوگوں کے وہاں سے اخراج کو ممکن بنانا تھا تاہم ماریوپول سے لوگوں کو نکالنے کی کوشش اتوار کو ناکام ہو گئی تھی۔ محدود جنگی بندی کی ناکامی کی ذمہ داری یوکرین اور روس نے ایک دوسرے پر عائد کی ہے۔
[pullquote]اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی نوجوان ہلاک[/pullquote]
اسرائیلی فوج نے ایک اور نوجوان فلسطینی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ فوج کے مطابق مشتبہ نوجوان ایک اور فلسطینی کے ساتھ مل کر ابودیس کے علاقے میں قائم ایک فوجی پوسٹ پر پٹرول بم پھینک رہا تھا۔ یہ علاقہ یروشلم کے مشرق میں واقع ہے۔ دوسرا نوجوان تاہم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ کئی گھنٹے قبل اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے ایک 19 سالہ فلسطینی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جس نے یروشلم کے قدیم حصے میں ایک اسرئیلی اہلکار پر چاقو سے حملہ کیا تھا۔ اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان حالیہ دنوں کے دوران تشدد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ[/pullquote]
جرمنی میں سات دنوں کے دوران نئے کورونا کیسز کی تعداد ایک بار پھر بڑھ رہی ہے۔ یہ مسلسل پانچواں دن ہے کہ اس تعداد میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ جرمنی میں متعدی امراض پر نظر رکھنے والے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے آج پیر کے روز بتایا کہ گزشتہ سات دنوں کے دوران جرمنی میں فی ایک ہزار افراد نئے کورونا کیسز کی تعداد 1259.2 رہی۔ گزشتہ روز یہ تعداد 1231.1 تھی۔ جرمن طبی حکام کی طرف سے ایک دن کے دوران نئے کورونا کیسز کی تعداد 78,500 بتائی گئی ہے۔ رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد 24 تھی۔
[pullquote]روس کے ساتھ دوستی انتہائی مضبوط ہے، چینی وزیرخارجہ[/pullquote]
چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں روس کے ساتھ چینی دوستی کو ’چٹان جیسی‘ قرار دیا ہے، تاہم یوکرین پر روسی حملے سے متعلق ایک مرتبہ پھر چینی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ ان کا کہنا تھاکہ مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون کے وسیع تر امکانات موجود ہیں۔ وانگ یی نے ایک مرتبہ پھر روس اور یوکرین پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو پرامن انداز سے حل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات اور مکالمت ہی مسائل کے حل کا بہترین راستہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ممالک کی علاقائی خودمختاری کا احترام اور تحفظ ضروری ہے اور یہ کہ تمام فریقوں کے جائز سکیورٹی تحفظات کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔
[pullquote]بھارت کے فلسطین کے لیے سفیر اپنے دفتر میں مردہ پائے گئے[/pullquote]
فلسطین کے لیے بھارت کے سفیر موکل آریہ اتوار کو راملہ میں بھارتی مشن کے دفتر میں مردہ پائے گئے۔ موکل آریہ نے گزشتہ برس ہی فلسطین میں بھارتی نمائندے کا چارج سنبھالا تھا۔ فلسطینی اتھارٹی نے ان کی موت کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 36 سالہ آریہ کی اچانک موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے ان 138 ملکوں میں سے ایک ہے جو فلسطین کو بہ طور ریاست تسلیم کرتے ہیں۔ اعلیٰ فلسطینی قیادت نے موکل آریہ کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی سفیر کی موت کی خبر فلسطینیوں کے لیے دلی تکلیف اورگہرے صدمے کا سبب بنی ہے۔
[pullquote]جنگ کے خلاف مظاہروں پر روس میں ہزاروں افراد گرفتار[/pullquote]
یوکرین پر حملے کے خلاف گزشتہ روز روس بھر میں ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس نے 4,500 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ مظاہروں پر نظر رکھنے والے ایک آزاد گروپ او وی ڈی – انفو کے مطابق دو ہزار سے زائد افراد کو ماسکو میں جبکہ 1,150 کو سینٹ پیٹرز برگ میں گرفتار کیا گیا۔ روس کے 60 سے زائد دیگر شہروں میں بھی جنگ مخالف مظاہرے ہوئے۔ اتوار کو ہونے والی تازہ گرفتاریوں کے بعد روس میں جنگ مخالف مظاہروں میں شرکت پر گرفتاریوں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ یہ مظاہرے روس کی طرف سے یوکرین پر حملے کے بعد شروع ہوئے تھے۔
[pullquote]پولینڈ پہنچنے والے یوکرائنی مہاجرین کی تعداد ایک ملین سے بڑھ گئی[/pullquote]
پولینڈ کے سرحدی گارڈز نے کہا ہے کہ یوکرائن سے پولینڈ میں داخل ہونے والے مہاجرین کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ پولش رضاکار فوجیوں کے ساتھ مل کر ان مہاجرین کو خوراک، پانی، کمبل اور دیگر اشیا تقسیم کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے کے مطابق روس کی طرف سے یوکرائن پر حملے کے بعد سے اب تک 15 لاکھ سے زائد یوکرائنی ہمسایہ ممالک کو ہجرت کر چکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر پولینڈ پہنچے ہیں جبکہ دیگر نے ہنگری، مالدووا، سلوواکیہ اور رومانیہ میں پناہ حاصل کی ہے۔ پولش حکام کے مطابق یوکرائنی مہاجرین کو خوش آمدید کہنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
[pullquote]روس کے جنگی جرائم سے متعلق رپورٹس قابل بھروسا ہیں، امریکا[/pullquote]
یوکرین کی طرف سے روس کے خلاف نسل کشی یا ’جینو سائیڈ کنونشن‘ کی خلاف ورزی کے الزامات پر بین الاقوامی عدالت برائے انصاف آج پیر کو سماعت کرے گی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے مطابق امریکی حکام نے روسی فورسز کی طرف سے جانتے بوجھتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی قابل بھروسا رپورٹس دیکھی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق روس کے یوکرائن پر حملے کے بعد سے اب تک 360 عام شہری ہلاک جبکہ 760 زخمی ہو چکے ہیں۔ یورپی یونین کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے بھی روسی فوج کی طرف سے ممکنہ جنگی جرائم کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]