بدھ : 23 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرین میں پوٹن کی جارحیت: حملے جاری مگر پیش قدمی رک گئی، جرمن چانسلر[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولس نے آج بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ یوکرین پر روزانہ کیے جانے والے روسی حملوں کے باوجود وہاں ماسکو کے دستوں کی پیش قدمی جمود کا شکار ہو گئی ہے۔ چانسلر شولس نے ماسکو پر زور دیا کہ وہ یہ لڑائی فوری طور پر بند کر دے۔ جرمن چانسلر نے ملکی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر تباہی کے باوجود یوکرین میں پوٹن کے جارحانہ اقدامات اب جیسے جمود کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی اتحادی ممالک کی طرف سے روس کے خلاف عائد کردہ غیر معمولی پابندیوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اولاف شولس نے روس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں روسی معیشت کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں اور یہ جنگ یوکرین ہی کو نہیں بلکہ روس کے مستقبل کو بھی تباہ کر دے گی۔

[pullquote]فرانس سے یوکرین کے لیے امدادی قافلے کی روانگی[/pullquote]

فرانس آج بدھ کے روز یوکرین کی ایمرجنسی سروسز کے لیے امدادی گاڑیوں کا ایک قافلہ ضروری ایمرجنسی ساز و سامان کے ساتھ پیرس سے یوکرین روانہ کر رہا ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ 100 فائر فائٹرز اور ریسکیو عملے کے ساتھ یہ قافلہ یوکرین کی سرحد سے جڑے ملک رومانیہ کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔ اس قافلے میں فائر بریگیڈ کی گیارہ گاڑیاں، سولہ ریسکیو گاڑیاں اور انچاس ٹن امدادی سامان لے جانے والے تیئیس ٹرک بھی شامل ہیں، جن سب کی منزل یوکرین ہو گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس امدادی قافلے کی روانگی کا مقصد یوکرین کی ایمرجنسی سروسز کے دن رات فعال رہنے کو یقینی بنانا ہے، تاکہ لاکھوں متاثرہ شہریوں کی مدد کی جا سکے۔

[pullquote]افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول کھلنے کے چند گھنٹوں بعد ہی دوبارہ بند[/pullquote]

افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول باضابطہ طور پر کھولے جانے کے چند ہی گھنٹے بعد طالبان نے اپنا یہ فیصلہ واپس لے لیا۔ نامہ نگاروں کے مطابق مثال کے طور پر زرغونہ ہائی اسکول میں آنے والی تمام طالبات کو ایک استاد نے واپس گھر بھیج دیا۔ بعد ازاں طالبان کے ایک ترجمان نے اس کی تصدیق بھی کر دی تاہم اس کی کوئی وجہ نہ بتائی۔ کابل میں طالبان کی بین الاقوامی سطح پر اب تک غیر تسلیم شدہ حکومت کی امداد کے لیے عالمی برادری کی اہم ترین شرائط میں سے ایک ملکی خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم کا حق دینا بھی ہے۔

[pullquote]روسی فوج ماریوپول سے شہری انخلا کو ناکام بنانے کی کوشش میں، یوکرینی صدر[/pullquote]

روسی اور یوکرینی فوجوں کے مابین شدید لڑائی کے باوجود یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے مطابق ماسکو کے ساتھ مذاکرات میں معمولی پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے حکومتی نمائندے تقریباً ہر روز روسی نمائندوں سے بات چیت کر رہے ہیں تاہم اب تک اس کے کوئی بڑے اور ٹھوس نتائج سامنے نہیں آئے۔ یوکرینی صدر نے روسی مسلح افواج پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ شدید لڑائی کا مرکز بن چکے شہر ماریوپول سے عام شہریوں کے انخلا کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہی اور اس عمل کو ناکام بنانے کی کوشش میں ہے۔ اس بندرگاہی شہر میں شہریوں کو انتہائی تکلیف دہ حالات میں خوراک، پانی اور ادویات کی کمی کا سامنا بھی ہے۔

[pullquote]بھارت میں کئی گھروں کو دانستہ لگائی گئی آگ میں آٹھ افراد جل کر ہلاک[/pullquote]

بھارتی صوبے مغربی بنگال میں بظاہر سیاسی دشمنی کے باعث تقریباﹰ دس مکانات کو آگ لگا دی گئی اور اس واقعے میں آٹھ افراد جل کر ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ منگل کے روز مغربی بنگال میں بیر بھوم ضلع کے بوگتوئی گاؤں میں پیش آیا۔ اس سے قبل پیر کے روز ترنمول کانگریس سے تعلق رکھنے والے اس گاؤں کے نائب پردھان بھادو شیخ کو کسی نے قتل کر دیا تھا۔ اس قتل کے بعد ایک مشتعل ہجوم نے گاؤں پر حملہ کر دیا اور متعدد مکانوں کو آگ لگا دی۔ آٹھ ہلاک شدگان میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

[pullquote]جوہری ہتھیاروں کا استعمال صرف اسی وقت جب روس کے وجود کو خطرہ ہو گا، کریملن[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ جنگ میں اپنے جوہری ہتھیاروں کو صرف اسی صورت میں استعمال کرے گا جب اس کے ’وجود کو خطرہ‘ لاحق ہو گا۔ امریکہ نے جوہری ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کے اس خیال کو ’خطرناک‘ قرار دیا ہے۔ کریملن کے ترجمان پیسکوف نے امریکی نیوز چینل سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس اپنی داخلی سلامتی اور عوام کی حفاظت کا خیال رکھتا ہے اور یہ بات قابل فہم ہے کہ یہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی وجہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر روس کے وجود کو کوئی خطرہ لاحق ہوا، تو حکومتی ردعمل روسی اصولوں کے مطابق ہو گا۔ صدر پوٹن نے جنگ شروع ہونے کے چند روز بعد سے ہی ملکی اسٹریٹیجک نیوکلیئر فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا ہوا ہے۔

[pullquote]اسرائیل میں پرتشدد حملے میں چار افراد ہلاک[/pullquote]

اسرائیل میں ایک شخص نے چاقو سے وار کر کے تین افراد کو قتل کر دیا اور ایک شخص پر اپنی گاڑی بھی چڑھا دی۔ یہ واقعہ جنوبی اسرائیلی شہر بیرشیبا میں پیش آیا۔ اس حملے کو ممکنہ طور پر دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ حملہ آور بدوؤں کے شہر حورہ سے تعلق رکھنے والا ایک سابق استاد ہے۔ اس شخص کو 2016ء میں چار سال قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔ تب یہ ملزم مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی طرف سے لڑنے کے لیے جنگ زدہ ملک شام جانے کا منصوبہ بنا چکا تھا۔

[pullquote]مصر، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں کی ملاقات[/pullquote]

بحیرہ احمر کے کنارے مصری تعطیلاتی مقام شرم الشیخ میں مصر، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں نے کل منگل کے روز آپس میں ملاقاتیں کیں۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی میزبانی میں اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی یہ ملاقات شرم الشیخ میں متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کے بعد سے اپنی نوعیت کی اولین ملاقات تھی۔ اس سہ فریقی میٹنگ میں یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں معیشت پر پڑنے والے اثرات کے علاوہ گندم اور خام تیل کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے جیسے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔

[pullquote]پوٹن مخالف روسی اپوزیشن رہنما ناوالنی کو مزید نو سال کی سزائے قید[/pullquote]

روسی اپوزیشن رہنما اور صدر پوٹن کے ناقد الیکسی ناوالنی کو مزید نو سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ اس اقدام پر امریکہ اور یورپی یونین نے شدید تنقید کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے اسے ایک شرمناک فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناوالنی کو خاموش کرانے کی ایک اور کوشش ہے۔ ادھر پورپی یونین کے خارجہ پالیسی امور کے نگران عہدیدار بوریل نے اسے سیاسی محرکات کی بنا پر کیا گیا عدالتی فیصلہ قرار دیا ہے۔ یورپی یونین نے ایک بار پھر روس سے ناوالنی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سے قبل برلن میں جرمن حکومت نے بھی کہا تھا کہ ناوالنی کے خلاف اس نئے فیصلے کا کوئی جواز نہیں۔

[pullquote]امریکی شہر نیو اورلینز میں ٹورناڈو کے باعث بڑی تباہی[/pullquote]

خلیج میکسیکو کے قریب ہی واقع امریکی شہر نیو اورلینز میں منگل کے روز ٹورناڈو کے سبب بہت سے مکانات تباہ ہو گئے اور بجلی کی لائنیں زمین پر گر گئیں۔ اس علاقے میں یہ طوفان وسیع تر تباہی کی وجہ بنا، جس دوران کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ یہ علاقہ گزشتہ برس کے تباہ کن سمندری طوفان کے اثرات سے اب تک پوری طرح نہیں نکل سکا تھا کہ اسے نئی تباہی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

[pullquote]ایمیزون کے بانی کی سابقہ اہلیہ کی طرف سے چار سو ملین ڈالر کا عطیہ[/pullquote]

آن لائن بزنس کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی سابقہ ​​اہلیہ میکنزی اسکاٹ نے بے گھر افراد کے لیے سرگرم ایک خیراتی ادارے کو 436 ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ امریکی امدادی تنظیم ’ہیبی ٹیٹ فار ہیومینٹی‘ نے کہا کہ یہ رقم یوکرین کے پناہ گزینوں سمیت امریکہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں بے گھر انسانوں کے لیے پناہ گاہوں کی تعمیر کے لیے استعمال کی جائے گی۔ اکاون سالہ میکنزی اسکاٹ نے، جن کی دولت کا تخمینہ فوربس میگزین نے 49.3 بلین ڈالر لگایا ہے، اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی دولت کا کم از کم نصف حصہ خیراتی اور فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کر دیں گی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے