وزیرستان ایک ایسا خطہ ہے جو اپنی فطری دلکش خوبصورتی، عزت مند و غیرت مند عوام، صدیوں سے قائم مضبوط روایات اور بے مثال حوصلے کی وجہ سے ایک انتہائی منفرد پہچان رکھتا ہے۔ یہ جنت نظیر سرزمین جغرافیائی اہمیت ہی نہیں رکھتی بخدا اپنے لوگوں کی ثابت قدمی، قربانیوں اور عزتِ نفس کی بدولت بھی نمایاں مقام رکھتی ہے۔ وقت کے نشیب و فراز کے باوجود یہاں کے باشندوں نے ہمیشہ اپنے تشخص، اقدار اور روایات کو سنبھالے رکھا ہوا ہے جو اس خطے کی اصل طاقت ہیں۔
شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے عوام کی ثقافت سادگی کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے، جہاں روایتی کھانے سادہ مگر نہایت غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں اور گوشت، دودھ، دہی اور دیسی گھی کا استعمال عام ہے۔ یہاں کے مشہور کھانوں میں لاندی (سردیوں کے لیے خشک کیا گیا گوشت) کڑاہی گوشت، پلاؤ، لارمین اور واڑا ماڑائی شامل ہیں، جبکہ روغنی روٹی، مکئی کی روٹی اور ساگ بھی شوق سے کھائے جاتے ہیں، اور مہمانوں کی تواضع بہترین کھانوں سے کرنا یہاں کی نمایاں پہچان ہے۔ مردوں کا روایتی لباس شلوار قمیض پر مشتمل ہوتا ہے، جس کے ساتھ واسکٹ اور سردیوں میں چادر یا شال اوڑھی جاتی ہے، جبکہ سر پر پگڑی یا ٹوپی پہننا عزت و وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ خواتین کا لباس نہایت دلکش اور ثقافتی رنگوں سے مزین ہوتا ہے، جس میں لمبی کڑھائی دار قمیض، ڈھیلی شلوار اور دوپٹہ یا چادر شامل ہیں، اور کپڑوں پر ہاتھ کی کڑھائی، آئینے کا کام اور رنگ برنگی سجاوٹ عام دیکھی جاتی ہے۔
یہاں کے لوگ زیادہ تر دیہی ماحول میں رہتے ہیں، جہاں حجرہ مردوں کی بیٹھک اور مہمان نوازی کا مرکز ہوتا ہے، جبکہ سادہ طرزِ زندگی، زراعت، مویشی بانی اور تجارت ان کے اہم ذرائع معاش ہیں، اور خاندانی نظام میں بزرگوں کا احترام بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ رسم و رواج کے حوالے سے پشتونولی کو خاص اہمیت حاصل ہے، جس میں میلمستیا (مہمان نوازی)، بدل (بدلہ)، ننواتی (پناہ دینا) اور جرگہ سسٹم شامل ہیں، جہاں جرگہ باہمی مشاورت سے تنازعات حل کرنے کا روایتی طریقہ ہے، جبکہ شادی بیاہ کی تقریبات سادگی مگر خوشی کے ساتھ منائی جاتی ہیں اور ان میں روایتی موسیقی و رقص بھی شامل ہوتے ہیں۔ کھیلوں کے میدان میں لڑکوں میں کرکٹ اور فٹبال جدید دور میں مقبول ہیں، جبکہ بزکشی، نشانہ بازی اور کبڈی روایتی کھیلوں میں شمار ہوتے ہیں، جبکہ لڑکیاں عموماً گھریلو ماحول میں گڑی گڑیا کھیلنا، رسی کودنا اور دیگر ہلکی پھلکی سرگرمیوں پر مبنی روایتی کھیلوں میں حصہ لیتی ہیں۔
مزید برآں، جغرافیائی اور تاریخی اعتبار سے وزیرستان پاکستان کے شمال مغربی حصے میں واقع ایک اہم قبائلی علاقہ ہے، جو شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان پر مشتمل ہے۔ یہاں بنیادی طور پر وزیر، محسود اور داوڑ قبائل آباد ہیں، جبکہ دیگر قبائل بھی مختلف علاقوں میں موجود ہیں۔ ماضی میں، خصوصاً 1895ء تک، وزیرستان کے انتظامی امور بنوں کے ڈپٹی کمشنر کے زیرِ نگرانی تھے، تاہم بعد ازاں انتظامی تبدیلیوں کے نتیجے میں میران شاہ اور وانا کو اہم مراکز کی حیثیت حاصل ہو گئی۔ شمالی وزیرستان میں وزیر اور داوڑ قبائل کی اکثریت پائی جاتی ہے، جبکہ جنوبی وزیرستان میں محسود آباد ہیں۔ یہ علاقہ جغرافیائی طور پر شمال میں دریائے ٹوچی اور جنوب میں دریائے گومل تک پھیلا ہوا ہے، جبکہ اس کی سرحدیں مشرق میں ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے علاقوں سے ملتی ہیں اور مغرب میں افغانستان کے صوبوں خوست اور پکتیکا سے جڑی ہوئی ہیں۔
تاریخی طور پر وزیرستان طویل عرصے تک ایک نیم خودمختار قبائلی خطے کے طور پر رہا۔ 1893ء کے بعد برطانوی اثر و رسوخ بڑھا، مگر مقامی مزاحمت ہمیشہ برقرار رہی۔ 1947ء میں پاکستان کے قیام کے بعد وزیرستان بھی اس کا حصہ بن گیا، تاہم یہاں کا انتظامی اور سماجی ڈھانچہ ایک عرصے تک روایتی انداز میں چلتا رہا۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ خطہ دہشت گردی اور بدامنی کی لپیٹ میں آ گیا، جس کے باعث ریاست کو فوجی آپریشنز کا سہارا لینا پڑا۔ ان آپریشنز کا مقصد شدت پسند عناصر کا خاتمہ اور ریاستی رٹ کی بحالی تھا۔ اس سلسلے کا آغاز 2002ء کے بعد ابتدائی نوعیت کی کارروائیوں سے ہوا، جبکہ باقاعدہ بڑے آپریشنز 2007ء کے بعد سامنے آئے۔
آپریشن المیزان (2002ء تا 2006ء) ان ابتدائی کوششوں میں شامل تھا، جس کا مقصد غیر ملکی جنگجوؤں اور شدت پسند عناصر کے خلاف کارروائی کرنا تھا۔ اس کے بعد 2009ء میں جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہِ نجات شروع کیا گیا، جو ایک بڑا اور فیصلہ کن مرحلہ تھا اور اس کا ہدف شدت پسندوں کے مضبوط ٹھکانوں کو ختم کرنا تھا۔ اسی سال آپریشن راہِ راست بھی کیا گیا، جو بنیادی طور پر سوات میں تھا، تاہم اس کے اثرات وزیرستان تک محسوس کیے گئے۔
اسی طرح 2014ء میں شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کا آغاز ہوا، جسے ایک وسیع اور فیصلہ کن کارروائی قرار دیا جاتا ہے۔ اس آپریشن میں دہشت گردوں کے منظم نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا، تاہم اس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہزاروں خاندان اپنے گھروں سے بے دخل ہوئے، کئی بچے یتیم ہوئے اور متعدد خواتین بیوہ ہوئیں۔ عام شہریوں کی ہلاکتوں نے بھی اس المیے کو مزید گہرا کر دیا اور یہ زخم طویل عرصے تک لوگوں کے دلوں میں تازہ رہے۔ بعد ازاں 2017ء میں آپریشن ردّ الفساد کا آغاز ہوا، جو ایک ملک گیر مہم ہے اور آج بھی جاری ہے۔ یہ آپریشن روایتی جنگی انداز کے بجائے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا جارہا ہے، جس کا مقصد باقی ماندہ شدت پسند عناصر کا خاتمہ اور امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
موجودہ صورتحال میں وزیرستان میں کوئی بڑا، کھلے پیمانے کا فوجی آپریشن جاری نہیں ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں وقتاً فوقتاً جاری رہتی ہیں۔ یہ حقیقت بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ ان آپریشنز نے جہاں امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا، وہیں مقامی آبادی کو بے شمار مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ معاشی بدحالی، تعلیمی نظام کی تباہی اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل نے لوگوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا۔ خاص طور پر تعلیم کا شعبہ شدید متاثر ہوا۔ تاہم امن انے کے بعد حالات میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے۔ وہ وزیرستان جو کبھی خوف اور غیر یقینی کیفیت کی علامت بن چکا تھا وہ آہستہ آہستہ بحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا۔ تعلیمی اِدارے، صحت کی بہترین ادارے، تھانہ اور عدالتی نظام قائم کیا گیا ہے۔ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی میدان بنائے گئے ہیں۔
آج یہاں کے نوجوان اور خواتین تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایک وقت تھا جب لڑکیوں کی تعلیم تقریباً ناممکن سمجھی جاتی تھی، مگر آج وزیرستان کی بیٹیاں تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل کر رہی ہیں اور اعلیٰ تعلیم، اہم سرکاری عہدوں تک بھی پہنچ رہی ہیں اور عالمی سطح پر اپنے وطن پاکستان کا نام روشن کر رہا ہیں۔ حقیقت میں یہ تبدیلی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اگر مواقع اور وسائل فراہم کیے جائیں تو وزیرستان کے لوگ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ آج کا وزیرستان امید، حوصلے اور نئی شروعات کی علامت ہے، جہاں ماضی کی تلخ یادوں کے باوجود ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ یہی وہ سفر ہے جو اس خطے کو حقیقی معنوں میں ترقی اور استحکام کی طرف لے جا سکتا ہے۔