واشنگٹن: یورپی یونین نے سوشل میڈیا کمپنی میٹا کے زیرِ ملکیت فیس بک اور انسٹاگرام کے بعض فیچرز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی کمیشن نے فیس بک اور انسٹاگرام کے ایسے فیچرز پر سوالات اٹھائے ہیں جو صارفین، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں، کو طویل وقت تک پلیٹ فارمز استعمال کرنے اور مسلسل اسکرولنگ پر مائل کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یورپی کمیشن نے لامحدود اسکرولنگ، خودکار طور پر چلنے والی ویڈیوز اور حد سے زیادہ ذاتی نوعیت کی سفارشات میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی یونین کا مؤقف ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے تحفظ کے لیے ان فیچرز سے متعلق اقدامات ضروری ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں میٹا کو اپنی عالمی سالانہ آمدنی کے 6 فیصد تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب میٹا نے یورپی یونین کے الزامات سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے کمپنی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو رپورٹ میں نظرانداز کیا گیا ہے۔