ممبئی: بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ نے پلے بیک گلوکاری سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ایک بار پھر بالی وڈ میں واپسی کر لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اریجیت سنگھ ایک معروف پروڈکشن ٹیم کے ساتھ دوبارہ کام کر رہے ہیں، جس کے ساتھ وہ ماضی میں بھی کئی سپر ہٹ گانے ریکارڈ کر چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اریجیت سنگھ نے بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی کی آنے والی فلم ‘آوارہ پن 2’ کے پہلے گانے ‘یہ آوارہ پن’ کے لیے فلم کے پروڈیوسر وشیش بھٹ کے ساتھ دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔
اس گانے کی موسیقی امل ملک نے ترتیب دی ہے، جبکہ اسے 21 جولائی کو مختلف اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق پروڈیوسر وشیش بھٹ چاہتے تھے کہ یہ گانا فلم میں عمران ہاشمی کے کردار ‘شیوام پنڈت’ کے جذباتی سفر کی بھرپور عکاسی کرے، اور ان کے خیال میں اریجیت سنگھ کی آواز اس کردار کے لیے سب سے موزوں انتخاب تھی۔
واضح رہے کہ اریجیت سنگھ نے رواں سال کے آغاز میں انسٹاگرام پر مداحوں کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے پلے بیک گلوکاری سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا، جس پر ان کے مداحوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی تھی۔ تاہم اب ان کی واپسی نے مداحوں میں خوشی کی نئی لہر پیدا کر دی ہے۔