واشنگٹن (محمد نعمان خان): امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ سول جوہری تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کو توانائی کے شعبے میں سول جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے مملکت کے توانائی منصوبوں کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔
اخبار کے مطابق امریکا اور سعودی عرب کے درمیان یہ مجوزہ معاہدہ 30 سال کی مدت پر مشتمل ہوگا، جبکہ اس کی مالیت کئی ارب ڈالر ہونے کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس تعاون کے نتیجے میں مستقبل میں سعودی عرب میں یورینیم افزودگی کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔
تاہم امریکی اور سعودی حکام کی جانب سے اس رپورٹ پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔