بدھ: 26 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نئی دہلی ميں فسادات، مودی کی امن کی اپيل[/pullquote]

بھارتی وزير اعظم نريندر مودی نے نئی دہلی ميں امن قائم کرنے کی اپيل کی ہے۔ اپنی ايک ٹوئيٹ ميں انہوں نے امن اور ہم آہنگی پر زور ديا ہے۔ انہوں نے مزيد کہا کہ وہ نئی دہلی کے اپنے بھائی، بہنوں سے بھائی چارے اور تحمل کی اپيل کرتے ہيں۔ واضح رہے کہ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حاليہ دورہ بھارت کے موقع پر پھوٹنے والے تازہ احتجاج اور جھڑپوں کے سلسلے ميں اٹھارہ ملين کی آبادی والے شہر نئی دہلی ميں بيس افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]نئی دہلی فسادات ميں چوبیس افراد ہلاک، درجنوں زخمی[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی ميں شہريت ترميمی قانون کی مخالفت اور اس کے حق ميں ہونے والے مظاہروں کے دوران جھڑپوں ميں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔ نئی دہلی کے طبی ذرائع کے مطابق ان فسادات میں دو سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ ان ميں سے ساٹھ افراد گولياں لگنے سے زخمی ہوئے۔ نئی دہلی ميں پچھلے تين دنوں سے شديد مظاہرے جاری ہيں، جو ہندو مسلم فسادات کی شکل اختيار کر گئے ہيں۔ شہر ميں اسکول اور دوسرے تعلیمی ادارے آج بھی بند ہيں۔ مجموعی صورت حال اور ماحول کشيدہ ہے۔ وزير اعلیٰ اروند کيجريوال نے وفاقی حکومت سے دہلی کے سب سے زيادہ متاثرہ علاقوں ميں فوج تعينات کرنے کا مطالبہ کيا ہے۔

[pullquote]انڈونيشيا ميں ريکٹر اسکيل پر 5.9 شدت کا زلزلہ[/pullquote]

انڈونيشيا کے ايک دور دراز کے علاقے ميں آج بدھ کو ايک طاقت ور زلزلہ آيا ہے۔ يو ايس جيولوجيکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ملُوکو کے شہر تُوال سے 280 کلوميٹر جنوب مغرب ميں زیر زمين تقریباً اکسٹھ کلوميٹر کے گہرائی ميں تھا۔ اس زلزلے کی شدت ريکٹر اسکيل پر 5.9 بتائی گئی ہے۔ فی الحال کسی سونامی کا انتباہ جاری نہيں کيا گيا ہے۔ کسی جانی يا مالی نقصان کا بھی نہیں بتایا گیا۔

[pullquote]يورپی يونين ميں سياسی پناہ کی درخواستوں ميں اضافہ[/pullquote]

يورپی يونين ميں گزشتہ برس يعنی سن 2019 ميں جمع کرائی جانے والی سياسی پناہ کی درخواستوں ميں اضافہ ہوا ہے۔ ’يورپی ازائلم سپورٹ آفس‘ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بلاک کے تمام رکن ملکوں ميں مجموعی طور پر سات لاکھ چودہ ہزار درخواستيں جمع کرائی گئيں۔ يہ سال 2018ء کے مقابلے ميں تيرہ فيصد زيادہ ہيں۔ سب سے زيادہ 72,000 ہزار درخواستيں شامی شہريوں کی جانب سے اور پھر ساٹھ ہزار افغان شہريوں نے پناہ کی درخواستيں جمع کرائیں۔ ایسی درخواستیں جمع کرانے والے تيسرے نمبر پر جنوبی امریکی ملک وينزويلا کے شہری تھے۔

[pullquote]روہنگيا مہاجرين کی جزيرے پر متنازعہ منتقلی پھر ملتوی[/pullquote]

بنگلہ ديش نے اپنے ہاں پناہ لينے والے روہنگيا مہاجرين کی ايک جزيرے پر منتقلی ايک مرتبہ پھر ملتوی کر دی ہے۔ اس بارے ميں اطلاع قدرتی آفات سے نمٹنے والی وزارت کے جونيئر منسٹر انعام الرحمان نے بدھ کو دی۔ ان کے بقول روہنگيا پناہ گزينوں کی ان کے ملک واپسی کے ليے سفارتی کوششوں پر توجہ دینا اولین ترجیح ہے۔ بنگلہ ديشی حکومت تقریباً ايک لاکھ روہنگيا مہاجرین کو بھاشن چار نامی جزيرے پر منتقل کرنا چاہتا ہے، جو اکثر قدرتی آفات کی زد ميں رہتا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس کی نئی قسم کووڈ انيس کا پھيلاؤ جاری[/pullquote]

کورونا وائرس کی نئی قسم کووڈ انيس کا کئی ملکوں ميں تيزی سے پھيلاؤ جاری ہے۔ چين ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران باون مزيد افراد کی اموات ريکارڈ کی گئیں۔ چين ميں اب تک اس وائرس کا شکار بن کر 2,715 افراد ہلاک ہو چکے ہيں جبکہ مريضوں کی تعداد 78,000 ہے۔ دنيا کے ديگر حصوں ميں کووڈ انيس کے سبب اب تک چاليس اموات ہو چکی ہيں جبکہ وائرس ميں مبتلا مريضوںکی تعداد 2,700 ہے۔ پچھلے ايک دن ميں جرمنی، آسٹريا، کروشيا اور سوئٹزرلينڈ ميں وائرس کے اولين کيسز کی تشخيص ہوئی ہے۔

[pullquote]يمن پر عائد پابنديوں کی مدت ميں توسيع[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے يمن پر عائد پابنديوں کی مدت ميں ايک سال کی توسيع کر دی ہے۔ اس سلسلے ميں گزشتہ روز برطانيہ کی طرف سے پيش کردہ ايک قرارداد کو منظور کيا گيا، جس کی تيرہ ملکوں نے حمايت کی تاہم چين اور روس نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہيں کيا۔ يمن پر اب پابندياں آئندہ برس فروری تک لاگو رہيں گی۔ اس پيش رفت سے قبل سلامتی کونسل ميں روسی اور برطانوی وفود کے مابين مذاکرات جاری رہے، جن ميں روس نے اس بات کو باور کرايا کہ اگر قرارداد کے مسودے ميں کسی بھی طرح الزام ايران پر عائد کيا گيا، تو اسے روس ويٹو کر دے گا۔

[pullquote]ملائيشيا ميں سياسی بحران کے خاتمے کے ليے بادشاہ متحرک[/pullquote]

ملائيشيا ميں جاری سياسی بحران کے خاتمے کے ليے بادشاہ نے ملکی سياست دانوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ وزير اعظم مہاتير محمد کے اس ہفتے کے آغاز پر اچانک استعفے کے نتيجے ميں برسر اقتدار مخلوط حکومت بھی ختم ہو گئی ہے، جس سے حکومتی خلا پيدا ہو گيا ہے۔ اس سلسلے ميں سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ نے منگل کو تراسی قانون سازوں سے ملاقاتيں کيں اور آج بروز بدھ وہ بقيہ 139 قانون سازوں سے مل رہے ہيں۔ سلطان احمد شاہ ان سے يہ جاننا چاہتے ہيں کہ وزارت عظمی کے منصب کے ليے وہ کس کے حق ميں ہيں۔

[pullquote]امريکا نے ايرانی ميزائل پروگرام کے شبے پر مزيد پابندياں عائد کر ديں[/pullquote]

امريکا نے ايرانی ميزائل پروگرام میں معاونت کے شبے پر تيرہ بيرونی اداروں اور افراد پر پابندياں عائد کرنے کا اعلان کيا ہے۔ متاثرہ افراد اور کمپنيوں کا تعلق چين، عراق، روس اور ترکی سے ہے۔ محکمہ خارجہ کی جانب سے منگل کی شب جاری کردہ بيان ميں بتايا گيا کہ تين چينی کمپنياں، ايک چينی شہری اور ايک ترک کمپنی ان پابنديوں کے زمرے ميں آتی ہیں۔ پابندی کے زمرے ميں آنے والی ايک چينی کمپنی کا نام لوؤ ڈنگ ون ہے، جس کے بارے ميں امريکا کا الزام ہے کہ اس کمپنی نے پاکستانی اسلحےکی صنعت کو بھی حساس نوعیت کا سامان فراہم کيا۔

[pullquote]گريٹا اور ملالہ کی ملاقات[/pullquote]

تحفظ ماحول کے ليے سرگرم سويڈش ٹين ايجر گريٹا تھنبرگ نے گزشتہ روز نوبل انعام يافتہ پاکستانی ملالہ يوسف زئی سے ملاقات کی۔ سترہ سالہ تھنبرگ اور بائيس سالہ يوسف زئی کی يہ ملاقات برطانيہ کی معروف آکسفورڈ يونيورسٹی ميں ہوئی، جہاں ان دونوں نے اپنی اپنی کاوشوں کے بارے ميں تبادلہ خيال کيا اور طلباء سے بات چيت بھی کی۔ ملالہ يوسف زئی عالمی سطح پر لڑکيوں کی تعليم کے ليے متحرک ہيں اور آج کل آکسفورڈ يونيورسٹی ميں زير تعليم ہيں۔ تھنبرگ برطانوی شہر برسٹل روانہ ہو گئی ہيں، جہاں وہ تحفظ ماحول کے ليے طلباء کے ايک احتجاج ميں شریک ہوں گی۔

[pullquote]بھارت: ٹريفک حادثے ميں چوبيس افراد ہلاک[/pullquote]

مغربی بھارت ميں مسافروں سے بھری ايک بس دريا ميں جا گری، جس کے نتيجے ميں کم از کم چوبيس افراد ہلاک ہو گئے۔ رياست راجھستان کے شہر کوٹا کے قريب يہ حادثہ بدھ چھبيس فروری کو پيش آيا۔ حادثے ميں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے، جنہيں ہسپتال منتقل کر ديا گيا ہے۔ مقامی پوليس افسر راجِندرا کمار نے بتايا کہ بس پر سوار افراد کسی شادی میں شریک ہونے جا رہے تھے۔ پوليس کے مطابق بس کے ايک ٹائر پھٹنے کے بعد ڈرائیور بس پر پابو نہ رکھ پايا۔ بھارت ميں سالانہ بنيادوں پر ڈیڑھ لاکھ افراد ٹريفک حادثات ميں ہلاک ہو جاتے ہيں۔

[pullquote]نئی دہلی دنيا کا سب سے آلودہ دارالحکومت، رپورٹ[/pullquote]

آب و ہوا کی کوالٹی ماپنے والے ايک سوئس ادارے کی سالانہ رپورٹ کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنيا کا سب سے آلودہ دارالحکومت ہے۔ IQ AirVisual کے مطابق نئی دہلی مسلسل دوسرے سال بھی فضائی آلودگی کے حوالے سے دنيا بھر کے دارالحکومتوں ميں سر فہرست رہا۔ رپورٹ کے مطابق دنيا کے تيس سب سے آلودہ شہروں ميں سے اکيس بھارت ميں ہيں۔ رپورٹ ميں کہا گيا ہے کہ بھارت کو ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے سنجيدہ چيلنجز کا سامنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے