لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید الاضحیٰ کے موقع پر گلی، محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی۔
مریم نواز کی زیرصدارت ویڈیو لنک اجلاس کے دوران عید الاضحیٰ پر صفائی کے فول پروف انتظامات کا پلان تیار کیا گیا، جس دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے گلی، محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں کو 50ہزار روپے جرمانے کی منظوری دی۔
دوران اجلاس مریم نواز نے عوام کوممنوعہ مقامات پرباقیات اورآلائشیں پھینکنےسےروکنے کیلئے ابلاغ عامہ کی مہم سمیت ہر شہر میں ڈرین،کینال اور دیگرمقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس میں عید الاضحیٰ پر پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں، ریلوے کالونیز، کنٹونمنٹ ایریاز میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے پنجاب بھر میں نمایاں 2687کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے کاحکم بھی جاری کیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی کیلئے ون گورنمنٹ یونٹ بن کر کام کرنا ہے، اعلیٰ صفائی پر انعام اور ستائش جبکہ شکایات پر سزا اور جزا کا عمل ہوگا۔
اجلاس کے دوران مریم نواز کو بریفنگ دی گئی کہ ممنوع مقامات پرباقیات اورآلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کیلئے ویجلینس اسکواڈ قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ عیدالاضحیٰ پر باقیات اور آلائشیں ڈالنے کیلئے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ مہیا کیے جائیں گے، نماز عید کے اجتماعات اور مساجد میں عرق گلاب کا اسپرے کیاجائے گا جبکہ عید صفائی آپریشن میں 176000سینیٹری ورکرز اور 8ہزارسے زائد عارضی کارکن حصہ لیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کیلئے 3800 پرائمری کلیکشن سینٹرز جبکہ 3100 ڈمپنگ سائٹس مقرر کی گئی ہیں، صوبے بھر میں باقیات اور آلائشوں کو تلف کرنے کے لیے7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے، ستھرا پنجاب عید آپریشن کے لیے صوبے بھر میں 4500 خصوصی کیمپ اور 40ہزار سے زائد اضافی وہیکل استعمال ہوں گی۔
مزید برآں عید الاضحیٰ پر ستھرا پنجاب آپریشن کیلئے لوڈر رکشہ، منی ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالی اورپک اپ ہائر کی جائیں گی، ستھرا پنجاب کے ہیلپ لائن نمبر1139پر کال کرنے کی سہولت موجود ہے۔