کورونا وائرس سے اموات کی شرح دو فیصد سے بھی کم ہے: سربراہ قومی ادارہ صحت

اسلام آباد: ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام کا کہنا ہے کورونا وائرس سے اموات کی شرح دو فیصد سے بھی کم ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ اس قسم کی وبائی صورت حال میں ہمیں خوف کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے دو افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے لیکن دونوں متاثرہ افراد صحتیاب ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں زیر علاج متاثرہ شخص کے اہلخانہ کے ٹیسٹ کر لیے ہیں جو منفی آئے ہیں۔

سربراہ این آئی ایچ نے کہا کہ ایران میں اب تک 5 ہزار پاکستانی زائرین موجود ہیں، ایران کے کورونا وائرس کے اعلان سے پہلے کچھ زائرین واپس آچکے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران سے آنے والوں کو گھروں میں ہی الگ تھلگ رکھنے کی سفارش کی ہے، گھروں میں رکھے گئے افراد کو ڈاکٹرز چیک کرتے رہیں گے، اگر کسی میں کورونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر ہوتی ہے تو اسے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ کا کہنا تھا کہ ہر دوسرے تیسرے بندے کو زکام وغیرہ ہو جاتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ کورونا ہی ہو۔

میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ کسی بھی وبائی مرض میں سب سے بہتر علاج احتیاط ہوتی ہے، خود کو پاک صاف رکھنے سے بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

ملک میں ماسک کی کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ماسک سمیت دوسرے سامان کی برآمد پر پابندی لگائی گئی تھی، حکومت نے ماسک کی کمی کا نوٹس لیا ہے، ماسک تیار کرنے والے مقامی افراد سے کہا ہے کہ حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے