ایس اوپیزپر عملدرآمد میں ناکام رہے تو پابندیاں مزید سخت کرنا ہوں گی

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ ایس اوپیزپر عملدرآمد میں ناکام رہے تو پابندیاں مزید سخت کرنا ہوں گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں چند روز کے دوران کورونا کے مریضوں کی تعداد تین گنا تک بڑھ گئی اور اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے، وفاق نے تجویز نہیں مانی اس لیے خود اقدامات کا فیصلہ کیا، قومی رابطہ کمیٹی نے بھی اجازت دی ہے کہ صوبے اپنے اقدامات کرسکتے ہیں، اگر ہم ابھی ناکام ہوئے تو ایک قدم اور آگے جانا پڑےگا، ہم لوگوں کو کورونا میں مبتلا ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتے جب کہ کورونا کیخلاف اقدامات کی کامیابی کا انحصار لوگوں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج بلانے کے حوالے سے بھی بات ہوئی تھی، آرٹیکل 245 کے تحت صوبائی حکومت فوج بلانے کی درخواست کرسکتی ہے، آج صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فوج کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے، کل اجلاس میں صوبائی کابینہ فوج بلانے کے فیصلے کی توثیق کرے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ این اے 249 میں انتخابات ملتوی کرانے کے لیے پہلے بھی این سی او سی کو لکھا تھا آج بھی لکھا ہے، اس سے پہلے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ضمنی انتخاب کے التواء کی درخواست کی تھی، کوشش کریں گے کہ الیکشن نہ ہوں اور کوئی بڑا اجتماع نہ ہو جب کہ باقی وزرائے اعلیٰ سے بھی بات کروں گا کہ ان اقدامات پر عمل ہوسکے، وزرائے اعلی سے بات کروں گا کہ ٹرانسپورٹ نہ بھیجی جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں بازار دو دن جمعہ اور اتوار بند رکھے جائیں گے، امید ہے کہ ہمیں مزید سخت اقدامات کی طرف نہ جانا پڑے، سماجی دوری رکھنی ہے اور ماسک کا استعمال کرناہے، ماسک کے بغیر دکان میں داخلہ نہ دیا جائے، ورنہ دکاندار ذمہ دار ہوگا دکان کے اندر گنجائش کے 50 فیصد افراد سے زائد داخل نہ ہوں یہ بات دکان کے اندر لکھ کر لگانا ہوگی، اگر کہیں کوئی خلاف ورزی ہوئی تو مجبوراً دکان کو سیل کردیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے