جنت سے کافر کا خط ۔۔۔۔۔ !!!

السلام علیکم ایچ۔کے سواتی

امید ہے آپ دنیا کے کارخانے میں خیریت سے نہیں ہونگے البتہ میں خوش و خرم ہوں۔

حالات ادھر تم دنیا والوں کے حالات سے بالکل مختلف ہیں، نہ سیاسی چورن بکتے ہیں نہ مذہبی منجن۔
یہاں تو بِکنے اور بَکنے والے کام ہی نہیں ،
آج حوروں کو چھٹی دے کر سوچا کہ کیوں نہ دنیا کے کسی کافر کو اپنا حال لکھ دوں۔

اب تم سوچو گے میں نے تمہیں کافر کیوں کہا تو کیوں نہ کہوں جب مفتی لوگ فتوے برسا برسا کر تمہیں اور جانے کتنوں کو کافر کہہ سکتے ہیں میں کیوں نہیں ۔۔۔۔
کافر بھی دو قسم کے ہوتے ہیں ،،۔

ایک حقیقی کافر اور دوسرے لیبارٹیرین کافر جو فتوے ماسٹرز کی لیبارٹری میں چرب زبانی اور نفرت سے ملکر بنتے ہیں اور یقین جانو یہ لیبارٹیرین کافر انتہائی فائدے میں ہیں جیسا کہ اب میں ۔۔۔۔

اس قسم کے کافر یہاں جنت میں وافر ہیں،

یہ وہ کافر ہیں جو حق پرست تھے، جو مذہبی اکابرین کی دل و جان سے عزت کرتے تھے مگر اپنے اپنےمخصوص اکابرین کے نام نہاد پیروکاروں کو گوارا نہ تھا کہ ان سے ہٹ کر بھی خالص عقیدت کسی دوسرے مسلک والے کے مخصوص اکابر سے ظاہر کی جائے،
یوں بس پھر کچھ کافر ہوئے کچھ گستاخ،

کچھ خارجی ہوئے کچھ مشرک، ہر مسلک کے مولوی ، مفتی اور ذاکر نے اپنے متشدد فرض بخوبی نبھائے اور کافر بنائے ۔۔۔

میرا بس یہں کہنا ہے کہ تم اور تمہاری طرح جتنے لیبارٹیرین کافر ہیں دکھی مت ہو، یہاں سب ایک دم چھکاس ہے ، بس تم لوگ اسی طرح اپنی الفت اپنے پیاروں پر لٹاتے رہو بغیر یہ فرق کیئے کہ یہ عظیم ہستیاں تو فلاں کی ہیں اور یہ فلاں کی ۔۔۔

اعتدال سے چلو محبتیں بانٹو، جنت کے دروازے پر آج بھی سلطان افلاک کے ایک فرشتے نے لکھا کہ صرف معتدل افراد داخل ہوں ، مشتعل افراد کا داخلہ ممنوع ہے۔۔۔

چلو اجازت چاہتا ہوں کیونکہ میری بہت سی حوریں شیریں نہروں کے کنارے میرا انتظار کر رہی ہیں اور ہاں دنیا کے مذہب بیزاروں کو یہ شعر ضرور سنانا،،،

گلا تو گھونٹ دیا اہل مدرسہ نے تیرا
کہاں سے آئے صدا لا الہ اللہ

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے