پیاری ملالہ!

ہماری زندگی کا مقصد شادی ہے یہی سنا تھا نا اِن سب نے؟

پہلے تو تم نے تعلیم کی بات کی ، اتنے برس گزر گئے یہاں وہی ہضم نہ ہوئی تھی کہ تم نے ایک ایسی بات کر دی جس سے لوگوں کو الٹیاں اور دست لگ گئے، اپنے جسم سے نکلی یہ غلاظت وہ الفاظ کی صورت یہاں وہاں پہنچا رہے ہیں۔

ملالہ میری جان اچھی لڑکیاں کون ہوتی ہیں ؟ جو شادی کے نام پہ اپنی رائے نہ دیں بلکہ چپ چاپ سر جھکا کر کہیں کہ جیسے امی ابو کی مرضی۔

اچھی لڑکیوں کی کوئی رائے نہیں ہوتی اور جس کی کوئی رائے ہوتی ہے وہ اچھی لڑکی نہیں ہوتی۔

تمہیں اپنی ذاتی رائے رکھنے ، اپنی سوچ پالنے کی اجازت نہیں ہے ۔ جو طے کر دیا گیا جو سوچا گیا وہی ماننے کی اجازت ہے اور اسے ہی رائے کہنے پہ اصرار ہے اور یہ میری جان ایک ایسا اسرار ہے جس میں الجھانے والوں کی ذاتی زندگی کھلی کتاب نہیں ہو سکتی ورنہ تو بھید کھل جائے گا۔

سوچتی ہوں جس روز تم دوپٹے کی قید سے آزاد ہوں گی اُس روز ان کو کہاں کہاں مرچیں لگیں گی کیونکہ جہاں جہاں لگ سکتی تھیں وہاں تو ابھی لگ گئی ہیں۔

اچھا سنو تمہیں ایک مزےدار بات بتاؤں؟ یہ بڈھے کھوسٹ انکلوں اور سڑیل آنٹیوں کا بھی اتنا قصور نہیں ہے۔ ان میں سے اکثر کو لگتا ہے معاشرے کا ایک اہم ستون گرا دیا تم نے اور باقی بھی اس سب کو جبر ہی سمجھتے تھے پر کچھ کر نہیں سکے تو ویسے ہی بن گئے جیسے اُن پہ جبر کرنے والے تھے۔ تو یہ مڈل ایج والوں کا مسئلہ کیا ہے؟ یہ جن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ان کے ساتھ رہ نہیں سکتے اور جن کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے وہاں رہنے پہ مجبور ہیں۔ پھر بچوں کی ذمہ داری رشتے مالی معاملات نبھانا تو جانی اب اتنے ساری شادیوں کی فرسٹریشن تو تم پر ہی نکلے گی پر کوئی گل نہیں، تم یونہی مضبوط اور بہادر رہنا۔ کبھی کسی کی گھٹیا بات پہ دل تنگ پڑ جائے یا آنکھ بھر آئے تو اس کا اظہار بھی ایسے ہی حوصلے اور ہمت سے کرنا۔

باقی رہے پارسائی کا ڈھونگ رچانے والے انتہا درجے کے دو نمبری اور کچھ تو دس نمبری ہیں سو ان کو تو تم رہنے ہی دو۔ یہ مذہب فروش حب البرتن یونہی کھڑکتے رہیں ہیں اور کھڑکتے رہیں گے، جب یہ پرانے پانڈے ہو جائیں گے تو ان کی جگہ اور آ جائیں گے۔

اچھا سنو ایک اہم بات تو رہ ہی گئی وہ سب سے آخر میں۔ اتنی شہرت ، عزت، اتنے نام اور الگ سوچ کی ایسے معاشروں میں ایک قیمت ہوتی ہے تم وہی ادا کر رہی ہو۔ میری خواہش ہے کہ تمہاری زندگی پھر بھی تھوڑی ڈگر پہ رہے یعنی تھوڑی زندگی جیسی رہے جس میں رنگ خوشبو بہار سب ہوں۔ تم محبت بھی کرو ، کسی کو چاہو بھی گر تمہارا دل ٹوٹے تو اُسے وہیں چھوڑ کر آگے بڑھ جانے کا حوصلہ بھی رکھو اور پھر سے دل لگانے کا بھی۔ تمہاری ایک دنیا اِن کیمروں روشنیوں کی آنکھوں سے دور کہیں اپنی بھی ہو جہاں تم ہو اور تمہارے من چاہے ۔ تم اپنے سب خواب جیو اور کبھی دل چھوٹا مت کرنا ، یاد رکھنا کہ ہر ایک کو جواب دینا لازم نہیں، ہر جگہ رکنا ضروری نہیں، ہر پتھر ہر ٹھوکر ہر لہجہ ہر جملہ بھی یاد مت رکھو اور اپنی منزل کو اہم سمجھو تاکہ کوئی تمہاری راہ کھوٹی نہ کر سکے۔

تمہاری وجہ سے بےشک ایک بچی نے بھی پڑھا اُس کی زندگی سنوری ہو تو یہ تمہاری کامیابی ہے۔ یہ ہم سب کی کامیابی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے